متفرق مضامین

محمود کی آمین(قسط ۱)

(امۃ الباری ناصر)

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے یہ دعائیہ نظم اپنے صاحبزادے حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تقریب آمین پر کہی۔جو پہلی دفعہ ۷؍جون ۱۸۹۷ء کو شائع ہوئی۔ روحانی خزائن جلد ۱۲ صفحات ۳۱۹ تا ۳۲۴ میں شامل ہے۔ درثمین کی پندرھویں نظم ہے۔ اس کے کل ۹۰ اشعار ہیں

۱۔حمد و ثنا اُسی کو جو ذات جاودانی

ہمسر نہیں ہے اُس کا کوئی نہ کوئی ثانی

حمد و ثنا hamd-o-sanaa: خدا تعالیٰ کی تعریف Tribute, praise

ذات جاودانی zaate jaawedaani: ازلی، ابدی، زندہ، جو ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا Ever lasting, eternal being

ہمسر hamsar: برابر، شریک Associate, match, equal

ثانی saani: دوسرا، مثال، نظیر، نمونہ Equal, match

تمام تر تعریف اسی ذات بابرکات کے لیے ہے جو ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ جس پر کبھی فنا نہیں۔ وہ اپنی صفات، طاقت اور قدرت میں لاثانی ہے اس کے برابر کوئی نہیں، اس کا شریک کوئی نہیں۔ اس لیے حمد اسی کو زیب دیتی ہے۔

’’حمد اس تعریف کو کہتے ہیں جو کسی صاحبِ اقتدار شریف ہستی کے اچھے کاموں پر اس کی تعظیم و تکریم کے ارادہ سے زبان سے کی جائے اور کامل ترین حمد رب جلیل سے مخصوص ہے اور ہر قسم کی حمد کا مرجع خواہ وہ تھوڑی ہو یا زیادہ ہمارا وہ رب ہے جو گمراہوں کو ہدایت دینے والا اور ذلیل لوگوں کو عزت بخشنے والا ہے۔ اور وہ محمودوں کا محمود ہے۔‘‘ (کرامات الصادقین، روحانی خزائن جلد ۷ صفحہ۱۰۷،۱۰۸)

۲۔باقی وہی ہمیشہ غیر اُس کے سب ہیں فانی

غیروں سے دل لگانا جھوٹی ہے سب کہانی

غیرِ ghair: علاوہ , Other whatever is alternative to God

فانی faani: فنا ہونے والا، مٹنے والاMortal, perishable, transitory

ہمیشہ زندہ اور باقی رہنے والی ذات صرف اللہ تبارک وتعالیٰ کی ہے۔ کوئی دوسرا اس کا شریک نہیں۔ کسی زمینی آسمانی چیز کو معبود سمجھ لینا غلط ہے۔ کیونکہ سب چیزیں فانی ہیں۔ کوئی فانی چیز غیر فانی سے بہتر نہیں ہو سکتی۔ اس لیے جو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی دوسرے کو محبت کے قابل سمجھتے ہیں محض بےکار اور بےبنیاد افسانہ ہے ۔

۳۔سب غیر ہیں وہی ہے اک دل کا یارجانی

دل میں میرے یہی ہی سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ

سُبْحَانَ مَنْ یَّرَانِیْ sub-haana maNy-yaraanee: ہر عیب سے پاک ہے وہ ذات جو مجھے دیکھتی ہے۔Holy is He Who watches over me

ایک اللہ جل شانہٗ کے سوا ہر چیز غیر ہے۔ ایک وہی ذات ہے جو دل کی محبوب ترین ہستی ہے۔ وہ قریب ترین ہے، وہ وفا دار ساتھی ہے ۔

وہی میرے دل میں بستا ہے۔ وہ ہر عیب سے پاک ہے۔ وہ مجھے دیکھتا ہے۔ ہر وقت میرے ساتھ رہتا ہے۔ میرا خیال رکھتا ہے۔

۴۔ہے پاک ، پاک قدرت، عظمت ہے اُس کی عظمت

لرزاں ہیں اہل قربت کروبیوں پہ ہیبت

قدرت qudrat: طاقت، قوت Might, power

عظمت azmat: بڑائی، کبریائی Greatness, grandeur

لرزاں larzaaN: تھرتھراتا ہوا، کانپتا ہوا Fearing, trembling

اہل قربت ahl-e-qurbat: قریبی، نزدیکی لوگ Those who are close to Him

کروبیوں karroobioN: (کروبی کی جمع) مقرب فرشتے، اعلیٰ فرشتے Angels

ہیبت haibat: ڈر، خوف Overwhelmed with fear, frightful awful, horrifying, creating panic

اس کی بڑائی اور اعلیٰ شان کو سمجھنے والے جس قدر اس کے قریب جاتے اسی قدر اس کی اعلیٰ شان کو دیکھ کر مبہوت ہو کر کانپنے لگتے ہیں، اس کا اعلیٰ مرتبہ دیکھ کر لرز جاتے ہیں۔ خوف اور محبت معرفت سے پیدا ہوتے ہیں اور جیسے جیسے معرفت بڑھتی ہے ان کیفیات میں اضافہ ہوتا ہے اسی طرح اس کے مقرب فرشتوں پر بھی اس کے جاہ و جلال کے ادراک کی وجہ سےایک ہیبت اور خوف سے لرزادینے والی کیفیت طاری رہتی ہے۔ وہ پاک ہے۔اس کی قدرت پاک ہے۔ عظمت صرف اسی کو زیب دیتی ہے۔ وہ بہت عظیم ہے

۵۔ہے عام اُس کی رحمت کیونکر ہو شکر نعمت

ہم سب ہیں اس کی صنعت اس سے کرو محبت

رحمت rahmat: فضل، رحم، کرم، مہربانی، Divine mercy, pity, kindness, divine blessing, graciousness

نعمت ne›mat: بخشش Favours, blessings

صنعت san›at: کاریگری، پیشہ، ہنرProduct of His creative genious, creation, creature

وہ بِن مانگے دینے والا اور سب پر رحم کرنے والا ہے۔ اسی نے ہمیں سب کچھ عطا فرمایا ہے ۔ اس نے ہم پر بے شمار رحم کیے ہیں اور بار بار رحم کیے ہیں۔ ہم کسی طرح بھی اس کی نعمتوں کے شکر کا حق ادا نہیں کرسکتے۔ وہ ہمارا خالق ہے۔ ہمارا وجود اور ہمارے زندہ رہنے کے سب سامان اسی کے عطا کردہ ہیں۔ ان احسانات کی شکر گزاری میں اس سے ہی محبت کرنا بنتاہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button