ربوہ کا موسم (۶تا۱۳؍نومبر ۲۰۲۶ء)
۶ نومبر جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت ہوا بند تھی اور کافی خنکی موجود تھی۔ موسم سرما کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اب تو ہوا بھی ٹھنڈ ی چلتی ہے۔ ہفتے کے دن صبح کو ہلکی ہوا رواں دواں تھی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ آسمان پر بادلوں کا نا م و نشان نہ تھا، دھوپ دن بھر چمکتی رہی لیکن اُس میں تمازت نہ تھی بلکہ ہو ا کی وجہ سے موسم خوشگوار رہا۔ اتوار کو بھی صبح کے وقت ہلکی ہوا چل رہی تھی۔ جس سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ دن بھر ہلکے بادلوں کی تہ آسمان پر موجود رہی جس کی وجہ سے سورج کو دھوپ بکھیرنے کا موقع نہ مل سکا۔ سوموار کو صبح ہوا بند تھی اور ہلکی دُھند چھائی ہوئی تھی، جو صبح آٹھ بجے تک رہی پھر چَھٹ گئی۔ باقی دن دھوپ چمکتی رہی۔
منگل کو صبح ہی سے ہلکے بادل آسمان پر موجودتھے جو تمام دن چھائے رہے۔ جس سے دھوپ نہ نکل سکی اور سردی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا۔ بدھ کو آسمان صاف اور ہوا جاری تھی۔ صبح اور شام کے اوقات میں ٹھنڈ ہو جاتی رہی۔ جمعرات کو آسمان پر جزوی طور پر بادل دیکھے گئے ساتھ ٹھنڈی ہوا نے سردی میں اضافہ کردیا، دیر رات کو اچانک بادل نمودار ہوئے اور آسمان پر چھا گئے ساتھ ہی ہلکی بارش شروع ہوگئی جو کچھ دیر تک جاری رہی جس کی وجہ سے گلیوں اور محلوں میں چھڑکاؤ ہوگیا اور تیز ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے سردی میں بھی اضافہ ہوگیا۔ اس ہفتے کا اوسط ٹمپریچر زیادہ سےزیادہ ۲۸؍اور کم سے کم ۱۷؍درجے سینٹی گریڈ رہا۔(ابو سدید)



