روم، اٹلی میں بین المذاہب دعائیہ تقریب اور ناشتے کا اہتمام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ اٹلی کو روم کے تاریخی پارک وِلا تورلونیا (Villa Torlonia) کے لیمونایا (Limonaia) ہال میں مورخہ ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۶ء بروز سوموار ایک بین المذاہب دعائیہ تقریب اور ناشتے کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب کا عنوان ’’آزادی کی حفاظت، امن کی تعمیر‘‘ تھا۔ اس میں مختلف مذاہب کے راہنماؤں، سرکاری و بلدیاتی نمائندگان، سفارت کاروں، ماہرین تعلیم اور صحافیوں سمیت تقریباً ۸۰؍مہمانوں نے شرکت کی۔
صبح گیارہ بجے مہمانوں کا استقبال ناشتے سے کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم عبدالفاطر ملک صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ اٹلی نے افتتاحی کلمات کہے اور نظامت کے فرائض انجام دیے۔ روم کی سٹی کونسل کی اراکین محترمہ کارلا کونسویلو فرماریئیلو (Carla Consuelo Fermariello) اور محترمہ راکیلے مسولینی (Rachele Mussolini) نے بھی خیرمقدمی کلمات پیش کیے۔

پروگرام کے پہلے حصہ میں مختلف مذاہب کے نمائندگان نے اپنے اپنے مذہبی طریق کے مطابق امن کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر روم کی یہودی کمیونٹی کے ربی جوزف پینو اربیب (Rav Joseph Pinhas Arbib)، یونانی آرتھوڈوکس چرچ کے آرکیمنڈرائٹ سیمیون کاتسیناس (Archimandrite Simeone Katsinas)، پوپ لیو چہاردہم کے چیپلین مونسینیور ژاں ماری جیرویز (Mons. Jean-Marie Gervais)، اطالوی وزیرخارجہ کے مذہبی مشیر مونسینیور مارکو مالیتسیا (Mons. Marco Malizia) اور سکھ کمیونٹی کے نمائندگان نے دعائیں پیش کیں۔ آخر پر جماعت احمدیہ کی طرف سے مکرم سید عقیل شاہ صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم کی۔
تقریب کے دوسرے حصہ میں مذہبی آزادی، باہمی احترام اور قیام امن میں مذاہب کے کردار پر تقاریر ہوئیں۔ مقررین میں محقق و صحافی مسٹر میشل ایمی ماریتاتو (Michel Emi Maritato)، مکرمہ خولہ مریم ہیوبش (Khola Maryam Hübsch) صاحبہ اور اٹلی کی سابق نائب وزیرخارجہ محترمہ ایمانوئیلا دیل رے (Emanuela Claudia Del Re) شامل تھیں۔ محترمہ دیل رے نے جماعت احمدیہ کی طرف سے امن اور بین المذاہب مکالمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا۔

اس نشست کی آخری تقریر لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے کی جو برطانیہ کے سابق وزیر مملکت اور مذہبی آزادی کے لیے برطانوی وزیر اعظم کے خصوصی نمائندہ رہ چکے ہیں۔
پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔
تقریب میں پریفیکٹ محترمہ جوانا ماریا یوراتو (Giovanna Maria Iurato)، ویٹیکن میں برطانوی سفارت خانے کی نائب سربراہ ڈاکٹر اینابیل انج (Dr Annabel Inge)، امریکی سفارت خانے کی نمائندہ، اطالوی وزارت داخلہ کے ڈاکٹر یاکوپو پاچینی (Jacopo Pacini)، اطالوی پولیس کے ایک انسپکٹر، Religions for Peace اٹلی کے صدر ڈاکٹر لوئیجی دے سالویا (Luigi De Salvia)، مذہبی آزادی کے تحقیقی ادارے LIREC کی ڈائریکٹر پروفیسر رافائیلا دی مارتسیو (Raffaella Di Marzio)، ویٹیکن کے تعلیمی ادارے PISAI کے پروفیسر فرانچیسکو زانینی (Francesco Zannini) اور پیگاسو یونیورسٹی کے پروفیسر واسکو فرونزونی (Vasco Fronzoni) بھی شریک ہوئے۔
اطالوی اخبارات La Stampa اور La Repubblica سمیت خبر رساں ادارے Eurocomunicazione نے بھی تقریب کی کوریج کی۔
متعدد مہمانوں نے اس تقریب کے انعقاد اور مختلف مذاہب کے نمائندگان کو ایک جگہ جمع کرنے کی کوشش کو سراہا۔ اس موقع پر بعض مہمانوں کو جماعت احمدیہ اور اس کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ سے متعارف کروانے کا بھی موقع ملا۔
اللہ تعالیٰ اس کوشش کے نیک نتائج پیدا فرمائے اور اٹلی میں اسلام احمدیت کے پُرامن پیغام کو مزید پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عطاءالواسع طارق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مدرستہ الحفظ کینیا سے فارغ التحصیل ہونے والے دوسرے حافظ قرآن کریم




