مکتوب شمالی امریکہ (اکتوبر ۲۰۲۶ء)
براعظم شمالی امریکہ کےچند اہم واقعات و تازہ حالات کا خلاصہ
کینیڈا اور ترکی کے درمیان تجارتی معاہدہ پر مذاکرات
گذشتہ مکتوب (برائے ستمبر ۲۰۲۶ء) میں کینیڈا اور امریکہ کے باہمی تجارتی اختلافات کے پس منظر میں کینیڈا کی خارجہ پالیسی میں تبدیلیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ اور کینیڈا کا عالمی سطح پر، خصوصاً یورپ میں، نئے اقتصادی اور سیاسی شرکاء تلاش کرنے کی کچھ تفصیل بیان ہوئی تھی۔
اسی تسلسل میں کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے ترکی کا دورہ کیا۔ اور ۲۲؍اکتوبر کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کا آغاز کیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کینیڈا کے کسی وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے سلسلے میں ترکی کا دورہ کیا۔
اس سے پہلے بھی دونوں ممالک کے مابین تجارت ہوتی ہے۔ چنانچہ کینیڈا کی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۲۵ء میں کینیڈا نے ترکی کو ایک ارب دس کروڑ کینیڈین ڈالر کا سامان فروخت کیا، جبکہ ترکی سے تین ارب بیس کروڑ ڈالر کا سامان خریدا گیا۔ آزاد تجارت کے معاہدے کی غرض یہ ہے کہ دونوں ملک ایک دوسرے کی مصنوعات پر عائد ہونے والے tariffs (محصول) اور دوسری تجارتی رکاوٹوں کو کم کریں۔
وزیر اعظم کے اس دورہ میں دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں بڑھانے کے ایک معاہدہ پر بھی دستخط کیے گئے۔ اب کینیڈا کی فضائی کمپنیاں مل کر ترکی کے لیے ہفتے میں ۲۱؍مسافر پروازیں چلا سکیں گی۔ ترکی کی فضائی کمپنیوں کو بھی کینیڈا کے لیے اتنی ہی پروازیں چلانے کی اجازت ہوگی۔ ان پروازوں میں مسافروں کے ساتھ تجارتی سامان بھی لے جایا جاسکے گا۔ جو پروازیں صرف سامان لے جائیں گی، ان کی تعداد کی کوئی حد نہیں ہوگی۔
کینیڈا میں اکتوبر اسلامی تاریخ کے مہینے کے طور پر منایا گیا
کینیڈا میں ہر سال اکتوبر کا مہینہ اسلامی تاریخ کے لیے مخصوص ہے۔ اس روایت کا آغاز ۲۰۰۷ء میں ہوا جب کینیڈا کی پارلیمنٹ نے اکتوبر کو ’’کینیڈا میں اسلامی تاریخ کا مہینہ‘‘ قرار دیا۔ صوبہ آنٹاریو میں اسے ’’اسلامی ورثہ کا مہینہ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد کینیڈا کے باشندوں کو اسلامی تاریخ و تہذیب سے روشناس کرانا اور ان خدمات کو اجاگر کرنا ہے جو مسلمان کینیڈا میں انجام دیتے آئے ہیں۔
یکم اکتوبر کو اس مناسبت سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کینیڈا کی وفاقی حکومت نے بتایا کہ ملک میں تقریباً بیس لاکھ مسلمان آباد ہیں جن کا تعلق پچاس سے زائد ممالک سے ہے۔
اسی مناسبت سے جماعت احمدیہ وان (Vaughan) نے ۲۴؍تا ۲۷؍اکتوبر کو طاہر ہال میں چار روزہ نمائش منعقد کی جس کا موضوع ’’جدید دنیا کی ترقی میں اسلام کا کردار‘‘ تھا۔ اس میں زائرین کو دیگر علوم کے علاوہ ریاضی، فلکیات، طب، اور فن تعمیر میں مسلمانوں کی خدمات سے متعارف کرایا گیا۔
چار دنوں میں ۱۰۸۰؍سے زائد افراد نے نمائش دیکھی، جن میں ۴۵۰؍سے زیادہ غیر از جماعت مہمان تھے۔ پہلے دن خواتین اور بچیوں کے لیے پ روگرام رکھا گیا، جبکہ دوسرے دن نمائش عام لوگوں کے لیے کھولی گئی۔ آخری دو دنوں میں مختلف سکولوں کے طلبہ اپنے اساتذہ اور سکول کے عملے کے ساتھ نمائش دیکھنے آئے۔ یوں بچوں کو سائنسی علوم کی تاریخ کے ساتھ ساتھ سائنس کے میدان میں مسلمانوں کی خدمات سے بھی واقف ہونے کا موقع ملا۔
(مزید تفصیل کے لیے قارئین احمدیہ گزٹ کینیڈا میں شائع شدہ رپورٹ ملاحظہ فرما سکتے ہیں:https://ahmadiyyagazettecanada.ca/islamic-heritage-month-exhibition-in-vaughan/)
ادب کا نوبیل انعام کینیڈین شاعرہ اور مترجم کو دیا گیا
مورخہ ۸؍اکتوبر کو سویڈش اکیڈمی نے اعلان کیا کہ امسال ادب کا نوبیل انعام کینیڈا کی شاعرہ، مضمون نگار اور مترجم این کارسن (Anne Carson) کو دیا جائے گا۔ جب انہیں یہ خبر ملی تو کارسن صاحبہ (جو آئس لینڈ کے دارالحکومت ریکیاوک میں رہتی ہیں) اپنے باورچی خانے میں جھاڑو لگا رہی تھیں۔ ان کے اپنے بیان کے مطابق جب فون کی گھنٹی بجی تو انہوں نے پہلے اسے نظرانداز کیا۔ شوہر کے اصرار پر انہوں نے واپس فون کیا اور اس طرح انہیں انعام کی خبر ملی۔
کارسن صاحبہ کو قدیم یونانی زبان سے خاص لگاؤ اور تعلّق ہے۔ انہوں نے ٹورانٹو یونیورسٹی میں یونانی شاعری پڑھی اور اسی یونیورسٹی سے ۱۹۸۱ء میں قدیم یونانی و رومی ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے یونانی ادب کے ترجمے کیے اور قدیم کہانیوں کے بعض کرداروں کو اپنی تصانیف میں بھی جگہ دی۔
کارسن صاحبہ معروف شاعرہ ہونے کے علاوہ ناول نویس بھی ہیں۔ انہوں نے ۲۰؍سے زائد کتب تصنیف کی ہیں۔ ان کی کتب کی ایک مثال ۱۹۹۸ء میں شائع ہونے والی آٹوبائیوگرافی آف ریڈ (Autobiography of Red) ہے۔ اس ناول میں انہوں نے قدیم یونانی کردارں کو لے کر جدید کہانی بیان کی ہے۔ اور اس کی خصوصیت ہے کہ یہ منظوم ناول ہے۔ عام طور پر ناول نثر میں لکھے جاتے ہیں مگر کارسن صاحبہ منظوم ناول نگاری کی وجہ سے بھی ممتاز ہیں۔
چاند کےحالیہ سفر کی تصاویر اور خلابازوں کے مشاہدات منظر عام پر
اوائل اکتوبر میں امریکہ کے خلائی ادارہ NASA آرٹیمس دوم (Artemis II) مشن کے خلابازوں(astronauts) کی اتاری ہوئی تصاویر اور ان کے ریکارڈ کیے ہوئے مشاہدات محققین اور عام لوگوں کے لیے منظر عام پر لایا۔
یہ سفر اپریل میں ہوا تھا جس میں شمالی امریکہ سے تعلق رکھنے والے چار خلاباز خلائی جہاز اورائن (Orion) میں چاند کے گرد چکر لگا کر زمین پر واپس آئے تھے۔

۶؍اپریل کو، جب کہ جہاز چاند کے قریب سے گزر رہا تھا، خلاباز باری باری کھڑکی سے چاند کی سطح کا جائزہ لیتے رہے۔ ان میں سے کوئی تصویر اتارتا، کوئی چاند کے مختلف مقامات کی نشان دہی کرتا اور کوئی اپنا مشاہدہ بول کر ریکارڈ کراتا۔
محققین کی سہولت کے لیے اس قیمتی مواد میں خلابازوں کی آٹھ گھنٹے کی گفتگو بھی شامل ہےلہٰذا محققین اب کسی بھی مقام کی تصویر دیکھنے کے ساتھ یہ بھی سن سکتے ہیں کہ اسے دیکھتے ہوئے خلابازوں کی توجہ کس طرف مبذول تھی۔

NASAکے جاری کردہ ذخیرے میں عملہ کے کیمروں کے ساتھ خود خلائی جہاز کے کیمروں سے لی گئی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہیں۔
(مزید تفصیل کے لیے قارئین NASA کی مندرجہ ذیل ویب سائٹ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں: https://science.nasa.gov/feature/artemis-ii-preliminary-lunar-science-report/)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مکتوب ایشیا (اکتوبر ۲۰۲۶ء)




