جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی2026ء کے موقع پر مستورات کے اجلاس سے سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا بصیرت افروز خطاب
جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۶ءکےموقع پر مستورات سےخطاب
ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی جماعت میں شامل ہو کر صرف یہ نہیں دیکھنا کہ ہمارے اپنے حقوق کیا ہیں یا ہم نے کس طرح سہولتیں حاصل کرنی ہیں بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ چاہے ہمیں اپنے آپ کو مشکل میں ڈالنا پڑے، مشکل میں ڈال کر بھی ہم نے اللہ تعالیٰ کے حق ادا کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ اس کی عبادت کا حق ادا کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ اس کی مخلوق کا حق ادا کرنے کی کوشش کرنی ہے اور اپنی نسلوں کو سنوارنے کی کوشش کرنی ہے
اللہ تعالیٰ کا جماعت پر یہ بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے جماعت کی خواتین میں وہ احساس پیدا کیا ہے جو انہیں اس بات کی طرف توجہ دلاتا رہتا ہے کہ ہم نے دین کا علم حاصل کرنے کی طرف توجہ دینی ہے تاکہ ہم بھی اور ہماری نسلیں بھی اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے والی بنیں۔ اور اس زمانے میں جب دنیا کھیل کود اور لہو و لعب میں حد سے زیادہ ڈوبتی جا رہی ہے اور خدا تعالیٰ کو بھلا رہی ہے، ہم دین کو دنیا پر مقدّم کرنے کے عہد پر چلنے کی کوشش کریں
اس زمانے میں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ آج کل شیطان اور دجّال کے ہر طرف سے حملے اور لالچوں نے احمدیوں کو بھی کچھ نہ کچھ متاثر کر دیا ہے اور بعض احمدی خواتین بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔خاص طور پر ان ممالک میں رہتے ہوئے
اسلام اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے نہیں روکتا بلکہ اس کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام ترقی کرنے اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے فائدہ اٹھانے سے نہیں روکتا بلکہ اس کی طرف توجہ دلاتا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہتا ہے کہ تمہارے جو فرائض ہیں انہیں بھی ادا کرو
آج بھی احمدی خواتین کو جنہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کو مانا ہے یہ بات سامنے رکھنی چاہیے کہ ان کے فرائض کیا ہیں اور انہوں نے کس طرح ان فرائض کو ادا کرنا ہے۔ گھر اور معاشرے کی بہتری کے لیے اور اپنے بچوں کے لیے، اپنے خاندان کے لیے بھی اور معاشرے کے لیے بھی کس طرح اپنا نمونہ دکھانا ہے
ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم نے جہاں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنی ہے وہاں بندوں کے حقوق ادا کرنے کےلیے بھی بھرپور کوشش کرنی ہے اور معاشرے میں امن پیدا کرنے کے لیے اور لڑائی جھگڑوں اور فسادوں کو ختم کرنے کےلیے بھرپور کوشش کرنی ہے
یہ بات احمدیوں کو ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے، مردوں کو بھی اور عورتوں کو بھی کہ ہم نے صلح کی بنیاد ڈالنی ہے اور صلح کی بنیاد پہلے اپنے گھر سے شروع ہوتی ہے ۔ اور جب یہ ہوگا تو یہی اگلی نسلوں کو بھی سبق ملے گا اور ان میں بھی وہ روح پیدا ہو گی جس سے وہ اپنے گھروں میں بھی امن قائم کرنے والے ہوں گے اور اپنے ماحول میں بھی امن قائم کرنے والے ہوں گے
جب تک تم میں سے ہر ایک ایسا نہ ہو کہ جو اپنے لیےپسند کرتا ہے وہی اپنے بھائی کے لیے پسند کرے وہی اپنی بہن کے لیےپسند کرے تو پھر وہ میری جماعت میں سے نہیں ہے۔ میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے (حضرت مسیح موعودؑ) بغض اور کینہ اپنے دلوں میں سے نکالیں گی تو تبھی مسیح موعودؑ اور مہدی معہودؑ کو ماننے کا حق ادا کرنے والی ہوں گی ۔ اور یہ وہ باتیں ہیں جو پھر ہمیں حقیقی احمدی بنائیں گی
اگر دین مقصود بالذّات نہیں ہے اور دین کو حاصل کرنا آپ کا مقصد نہیں ہے بلکہ دنیا ہے تو پھر یہاں آنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ آپ لوگوں کی اکثریت تو آئی ہی اس بات پر ہے کہ دوسرے ملکوں میں خاص طور پر پاکستان میں آپ کو دین پر صحیح طرح عمل کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔اور جب دین کی خاطر یہ ہجرت کی ہے تو پھر ہر معاملے میں دین ہی کو مقدّم رکھنا چاہیے۔ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ پیسہ آ گیا ،دولت آ گئی ،حالات اچھے ہو گئے تو دین بھول جائیں۔ آپ لوگوں کو دین ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے اور یہی ہر ایک احمدی کی نشانی ہے
جماعتی نظام میں ایک لجنہ کا نظام بھی قائم ہے ۔عورتوں کی اپنی تنظیم قائم ہے اور قرآن کریم پڑھنے، تعلیم دینے کا نظام بھی قائم ہے تو پھر عورتوں کو بھی چاہیے کہ اس طرف بھرپور توجہ دیں اور اس کے لیے بھرپور کوشش کریں
آپ لوگوں کا فرض ہے کہ قرآن کریم کے حکموں پر بھی عمل کریں اور جب آپ یہ کریں گی تو تبھی آپ ایک حسین معاشرہ بھی قائم کر سکیں گی ۔ تبھی آپ مردوں کی بھی اصلاح کرنے والی ہو سکیں گی اور تبھی آپ معاشرے میں اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانے والی بھی ہو سکیں گی
بڑی غور طلب بات ہے ۔اس کو سرسری نہ سمجھو ۔مسلمان بننا آسان نہیں ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور اسلام کا نمونہ جب تک اپنے اندر پیدا نہ کرو مطمئن نہ ہو(حضرت مسیح موعودؑ)
جب تک ہم اپنی حالتیں نہیں بدلیں گے،جب تک ہماری عورتیں ،ہمارے بچے، ہمارے مرد اور ہمارے جوان اس بات پر عمل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے کہ ہم نے اپنی حالتوں کو خدا تعالیٰ کی مرضی کے مطابق چلانا ہے ،اس کی تعلیم کے مطابق چلانا ہے ،اس وقت تک ہم یہ دعویٰ نہیں کر سکتے کہ ہم حقیقی مسلمان ہیں
آج کل ہم کیا کچھ دیکھتے ہیں۔ ٹی وی ہے ،انٹرنیٹ ہے ،سوشل میڈیا ہے ان میں سوائے گندگی کے، غلاظت اور غلط قسم کی راہنمائی کے اَور کچھ بھی نہیں ملتا۔اسی نے ان لوگوں کے اخلاق بھی بگاڑ دیے ہیں جو دین سے دور ہٹے ہوئے ہیں اور اپنے آپ کو ترقی یافتہ سمجھتے ہیں۔ اسی نے ان لوگوں کی جو اخلاقی قدریں ہیں ان کے معیاروں کو انتہائی نیچے گرا دیا ہے۔ ان حالات میں ایک احمدی عورت کا کام ہے اور ایک احمدی مرد کا کام ہے ،ایک احمدی جوان کا کام ہے کہ آگے بڑھے اور ان چیزوں سے نہ صرف خود بچے بلکہ ان کے توڑ کے لیے ،ان کے ردّ کے لیے ،ان کو زائل کرنے کے لیے کوششیں بھی کرے اور اپنا نمونہ دکھائے ۔اور نئی ٹیکنالوجی میں سوشل میڈیا کے ذریعے جہاں برائی دیکھتے ہیں وہاں نیکی اور اچھائی کی تلقین کرنے کی کوشش کریں
اگر انقلاب پیدا کرنا ہے تو اس کے لیے قربانیوں اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔ پس جب تک یہ نہیں ہوگا اس وقت تک یہ دعویٰ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کہ ہم احمدی ہیں اور ہم احمدی مسلمان ہیں اور ترقی کرنے کے لیے ہم نے دنیا کو اپنے پیچھے چلانا ہے۔ دنیا ہمارے پیچھے کیوں چلے گی اگر ہمارے اور دنیا کے درمیان کوئی خاص فرق نہیں ہے
جب آپ کی توجہ پانچ وقت کی نمازوں کی طرف ہو گی اور جب آپ اپنے بچوں کی توجہ پانچ وقت کی نمازوں کی طرف کروائیں گی چاہے وہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں اور پھر اپنے خاوندوں کو بھی اس طرف توجہ دلائیں گی تو پھر اس گھر میں ایک ایسا حسین معاشرہ قائم ہو جائے گا جو اسلام کی تعلیم کے مطابق چلنے والا ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو سمیٹنے والا ہے ۔لیکن یاد رکھیں کہ نمازوں کو ان کا حق ادا کرتے ہوئے پڑھنا ہو گا نہ کہ گلے سے بوجھ اتارنے کے لیے۔ پس ہمیشہ اس بات کو یاد رکھیں کہ یہ عورتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں میں نمازوں کو رائج کریں
اگر اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو سمیٹنا ہے تو پھر اپنی حالتوں کو بدلنا ہو گا
آجکل مَیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کے بارے میں اور پھر اس زمانے میں آپؐ کے غلام صادقؑ کے اسوہ کے بارے میں مختلف اوصاف کا ذکر کر رہا ہوں کہ کس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نمونے تھے اور کس طرح اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے وہ نمونے ہمارے سامنے پیش کیے۔ تو ان پر بھی غور کریں ۔انہیں دیکھیں، سنا کریں اور پھر اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں
اگر ہم نے ان دنیا داروں کے پیچھے ہی چلنا ہے اور صرف اپنے حقوق لینے کی باتیں ہی کرنی ہیں، اپنے فرائض ادا کرنے کی طرف توجہ نہیں دینی اور دنیا کی چکاچوند کو ہی اپنا مقصود بنانا ہے تو پھر ہمارا احمدی مسلمان ہونا اللہ تعالیٰ کی نظر میں کوئی وقعت نہیں رکھتا ،کوئی اہمیت نہیں رکھتا
حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے ارشادات عالیہ کی روشنی میں احمدی خواتین کے فرائض اور ذمہ داریوں کا تذکرہ
جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ جرمنی2026ء کے موقع پر مستورات کے اجلاس سے سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا بصیرت افروز خطاب
(فرمودہ مورخہ 05؍ستمبر 2026ء بروزہفتہ بمقام ایوانِ مسرور اسلام آباد (ٹلفورڈ) سرے یوکے)
(خطاب کا یہ متن ادارہ الفضل اپنی ذمہ داری پر شائع کر رہا ہے)
أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِيْکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ۔
أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ۔ بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ﴿۱﴾
اَلۡحَمۡدُلِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ۙ﴿۲﴾ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ ۙ﴿۳﴾ مٰلِکِ یَوۡمِ الدِّیۡنِ ؕ﴿۴﴾إِیَّاکَ نَعۡبُدُ وَ إِیَّاکَ نَسۡتَعِیۡنُ ؕ﴿۵﴾
اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ ۙ﴿۶﴾ صِرَاطَ الَّذِیۡنَ أَنۡعَمۡتَ عَلَیۡہِمۡ ۬ۙ غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا الضَّآلِّیۡنَ﴿۷﴾
آپ آج جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے یہاں جمع ہیں۔
اللہ تعالیٰ کا جماعت پر یہ بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے جماعت کی خواتین میں وہ احساس پیدا کیا ہے جو انہیں اس بات کی طرف توجہ دلاتا رہتا ہے کہ ہم نے دین کا علم حاصل کرنے کی طرف توجہ دینی ہے تاکہ ہم بھی اور ہماری نسلیں بھی اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے والی بنیں۔ اور اس زمانے میں جب دنیا کھیل کود اور لہو و لعب میں حد سے زیادہ ڈوبتی جا رہی ہے اور خدا تعالیٰ کو بھلارہی ہے، ہم دین کو دنیا پر مقدّم کرنے کے عہد پر چلنے کی کوشش کریں۔
لیکن
اس زمانے میں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ آج کل شیطان اور دجّال کے ہر طرف سے حملے اور لالچوں نے احمدیوں کو بھی کچھ نہ کچھ متاثر کر دیا ہے اور بعض احمدی خواتین بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔خاص طور پر ان ممالک میں رہتے ہوئے ترقی اور تعلیم کے نام پر شیطان بہت زیادہ متاثر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اسلام اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے نہیں روکتا بلکہ اس کی تلقین کرتا ہے۔ اسلام ترقی کرنے اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے فائدہ اٹھانے سے نہیں روکتا بلکہ اس کی طرف توجہ دلاتا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہتا ہے کہ تمہارے جو فرائض ہیں انہیں بھی ادا کرو۔
تاریخ میں ہم دیکھتے ہیں کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور پہلے زمانے کی بہت سی خواتین کا ذکر ملتا ہے جو اپنی دینی اور روحانی حالت اور بزرگی میں بھی بڑھی ہوئی تھیں اور ساتھ ہی دین کے علم اور اس کے ادراک سے بھی مالا مال تھیں۔ صرف نمازوں اور عبادتوں کی طرف توجہ نہیں تھی بلکہ انہوں نے علم بھی حاصل کیا اور اس کا ادراک بھی حاصل کیا بلکہ ان کی روایات آج بھی بعض فقہاء کو بلکہ اکثر فقہاء کو دینی معاملوں کو حل کرنے میں مدد دیتی ہیں۔لیکن ساتھ ہی
انہیں یہ بھی پتہ تھا کہ عورت کی ذمہ داری کیا ہے اور اپنے گھر اور معاشرے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں انہوں نے کیا کردار ادا کرنا ہے۔ وہ صرف اپنا حق لینے کی باتیں نہیں کرتی تھیں بلکہ حق دینے اور فرائض ادا کرنے کی بات بھی کرتی تھیں ۔اور یہی وجہ ہے کہ آج کی تاریخ میں ان کے نام سنہری حروف میں لکھے گئے ہیں۔اسلام کی تاریخ میں یہ نام بڑے سنہری حروف میں لکھے گئے ہیں۔
پس
آج بھی احمدی خواتین کو جنہوں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کو مانا ہے یہ بات سامنے رکھنی چاہیے کہ ان کے فرائض کیا ہیں اور انہوں نے کس طرح ان فرائض کو ادا کرنا ہے۔ گھر اور معاشرے کی بہتری کے لیے اور اپنے بچوں کے لیے اپنے خاندان کے لیے بھی اور معاشرے کے لیے بھی کس طرح اپنا نمونہ دکھانا ہے۔
اس چیز پر غور کرنا ہے کہ اگر آج ان کے خیال میں یا حقیقت میں بھی مرد اپنی ذمہ داریاں صحیح رنگ میں ادا نہیں کر رہے تو انہوں نے آئندہ آنے والی نسلوں میں اعلیٰ کردار اور دیندار مرد پیدا کرنے ہیں۔ اعلیٰ کردار کی اور دیندار عورتیں پیدا کرنی ہیں تاکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے جو عہد بیعت کیا ہے اسے پورا کر کے ایک حسین معاشرہ قائم کریں۔
یہ مقصد حاصل کرنے کے لیے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ہم سے کیا چاہتے ہیں۔
آجکل اس معاشرے میں رہتے ہوئے ترقی کے نام پر بہت کچھ کہا جا رہا ہے لیکن ایک حقیقی احمدی مسلمان بننے کے لیے ہم نے اپنا کردار بہرحال ادا کرنا ہے اور جیسا کہ میں نے کہا ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہم سے کیا چاہتے ہیں۔ مختلف موقعوں پر آپؑ نے جماعت کو نصیحتیں فرمائیں۔ مردوں کو بھی اور عورتوں کو بھی ان باتوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ۔اور یہ تبھی ہو سکتا ہے جب ہم آپؑ کی باتوں کو اپنے سامنے رکھتے ہوئے ان کو بار بار دہراتے رہیں ۔اگر یہ نہیں ہے تو پھر یاد رکھیں کہ ہمارا احمدی ہونے کا جو مقصد ہے وہ پورا نہیں ہو سکتا۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہمیں توجہ دلائی کہ اس بات کو ہمیشہ یاد رکھو کہ جو لوگ میرے ساتھ تعلق رکھتے ہیں اور ان کے عمل صحیح نہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو کبھی پسند نہیں کرتا ۔ اپنی حالتوں کو بدلنے کے لیے بنیادی چیز یہ یاد رکھو کہ جہاں تم نے اللہ تعالیٰ کو یاد رکھنا ہے ،اس کی عبادت کا حق ادا کرنا ہے اور اپنی ترجیحات کو اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق چلانے کی کوشش کرنی ہے۔وہاں یہ بات بھی یاد رکھو اور یہ بات ہر وقت تمہارے سامنے رہنی چاہیے کہ دوسروں کے حق ادا کرنے کے لیے ہر نیکی کرنے والے کے ساتھ نیکی ہونی چاہیےبلکہ بڑھ کر نیکی ہونی چاہیے۔یہ نہیں کہ صرف اس کا شکریہ ادا کر دیا جائے۔
اعلیٰ اخلاق صرف اس چیز کا نام نہیں ہیںکہ نیکی کرنے والے کے ساتھ نیکی کرو بلکہ جو بدی کرتا ہے اس کو بھی معاف کرو اور حسن سلوک کرو۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 3 صفحہ166، ایڈیشن 2022ء) (ماخوذ از روئداد جلسہ دعا، روحانی خزائن جلد15 صفحہ621)
آپؑ نے فرمایا کہ جب تک یہ معیار پیدا نہیں ہوگا اس وقت تک تم میں وہ سچی روح اور حالت پیدا نہیں ہوسکتی جس کے لیے اس جماعت کا قیام ہوا ہے۔ جس کے لیے اس زمانے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام کو مسیح موعود کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے بھیجا ہے۔پس
ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم نے جہاں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنی ہے وہاں بندوں کے حقوق بھی ادا کرنے کےلیے بھرپور کوشش کرنی ہے اور معاشرے میں امن پیدا کرنے کے لیے اور لڑائی جھگڑوں اور فسادوں کو ختم کرنے کےلیے بھرپور کوشش کرنی ہے۔
چھوٹے چھوٹے معاملات میں گھروں میں لڑائیاں ہو جاتی ہیں ۔ساس بہو کی لڑائی ہو جاتی ہے ۔خاوند بیوی کی لڑائیاں ہو جاتی ہیں ۔اس میں
جب تک ہم یہ احساس پیدا نہیں کریں گے کہ ہم نے ایک دوسرے کو معاف کرنا ہے اس وقت تک ہمارا معاشرہ پاکیزہ معاشرہ نہیں کہلا سکتا اور وہ معاشرہ نہیں کہلا سکتا جو اسلامی احکامات پر چلنے والا معاشرہ ہے۔
پس
یہ بات احمدیوں کو ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے، مردوں کو بھی اور عورتوں کو بھی کہ ہم نے صلح کی بنیاد ڈالنی ہے اور صلح کی بنیاد پہلے اپنے گھر سے شروع ہوتی ہے ۔اور جب یہ ہوگا تو یہی اگلی نسلوں کو بھی سبق ملے گا اور ان میں بھی وہ روح پیدا ہوگی جس سے وہ اپنے گھروں میں بھی امن قائم کرنے والے ہوں گے اور اپنے ماحول میں بھی امن قائم کرنے والے ہوں گے۔
پھر آپؑ نے یہ بھی فرمایا کہ
جماعت کو باہم اتفاق اور محبت سے رہنا چاہیے۔
آپؑ نے فرمایا کہ مَیں دو ہی مسئلے لے کر آیا ہوں۔ پہلا یہ کہ خدا تعالیٰ کی توحید کو اختیار کرو جیسا کہ مَیں نے پہلے بھی کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو ایک مانو اور اس کا حق ادا کرو ۔اور اس کا حق ادا کرنا یہ ہے کہ اس کی عبادت کرو۔ دوسرے آپس میں محبت اور ہمدردی ظاہر کرو۔ وہ نمونہ دکھلاؤ کہ غیروں کے لیے ایک نشان بن جائے ۔ایک کرامت ہو جائے۔آپؑ نے فرمایا کہ صحابہؓ میں جو انقلاب پیدا ہوا وہ کس طرح ہوا۔ یہی ایک بات تھی جس نے صحابہؓ میں انقلاب پیدا کر دیا اور انہوں نے ایک حسین معاشرہ قائم کر دیا۔ اللہ کی عبادت کرنے والے تھے اور ایک دوسرے کے حق ادا کرنے والے تھے۔ اس کے لیےہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ آپؑ نے فرمایا کہ
جب تک تم میں سے ہر ایک ایسا نہ ہو کہ جو اپنے لیےپسند کرتا ہے وہی اپنے بھائی کے لیے پسند کرے، وہی اپنی بہن کے لیےپسند کرے تو پھر وہ میری جماعت میں سے نہیں ہے۔ میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بڑا انذار کرنے والا ،ڈرانے والا فقرہ ہے اور بڑے غور کرنے والا فقرہ ہے۔ اس پر ہم سب کو غور کرنا چاہیے۔ چاہے وہ مرد ہوں یا عورتیں ہوں کہ آپؑ کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے اور آپؑ کی بیعت کا حق ادا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپس میں محبت پیدا ہو۔ آپؑ نے فرمایا کہ
مہدی کے آنے کی جو نشانیاں ہیں اس میں سے ایک یہ نشانی بھی ہے کہ بغض اور کینہ دلوں میں سے نکل جائے گا ۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد اول صفحہ 457، ایڈیشن 2022ء)
اب مسیح موعودؑ اور مہدی معہودؑ کو مانا ہے تو یہ بھی سوچنا ہوگا کہ ہم نے ایک دوسرے کے لیے بغض اور کینہ دل سے نکالنا ہے۔پس
بغض اور کینہ اپنے دلوں میں سے نکالیں گی تو تبھی مسیح موعودؑ اور مہدی معہودؑ کو ماننے کا حق ادا کرنے والی ہوں گی ۔اور یہ وہ باتیں ہیں جو پھر ہمیں حقیقی احمدی بنائیں گی۔
پھر آپؑ نے فرمایا کہ
دنیا کو مقصود بالذّات نہ بناؤ بلکہ دین کو بناؤ۔ دنیا تو تمہارے لیے بطور خادم کے ہونی چاہیے۔
آپؑ نے فرمایا کہ مَیں تو بار بار یہی کہوں گا اور جتنی دفعہ مجھے موقع ملے گا مَیں یہی کہوں گا کہ دنیا کو مقصود بالذّات نہ بناؤ ۔دنیا تمہارا مقصد نہیں ہونی چاہیے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد اول صفحہ 170 و 494، ایڈیشن 2022ء)
آپ لوگ ان ملکوں میں آئے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو یورپ کے ممالک میں بھی، دوسرے مغربی ممالک میں بھی اور ترقی یافتہ ممالک میں بھی کشائش بھی دی ہے۔ بہرحال آپ سب کے اُس سے بہتر حالات ہیں جو پاکستان میں تھے یا جہاں سے بھی آپ لوگ ہجرت کر کے آئے ہیں ۔لیکن
اگر دین مقصود بالذّات نہیں ہے اور دین کو حاصل کرنا آپ کا مقصد نہیں ہے بلکہ دنیا ہے تو پھر یہاں آنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ آپ لوگوں کی اکثریت تو آئی ہی اس بات پر ہے کہ دوسرے ملکوں میں خاص طور پر پاکستان میں آپ کو دین پر صحیح طرح عمل کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔اور جب دین کی خاطر یہ ہجرت کی ہے تو پھر ہر معاملے میں دین ہی کو مقدّم رکھنا چاہیے۔ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ پیسہ آ گیا ،دولت آگئی، حالات اچھے ہو گئے تو دین بھول جائیں۔ آپ لوگوں کو دین ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے اور یہی ہر ایک احمدی کی نشانی ہے۔
پھر آپؑ نے فرمایا کہ
مال و دولت کی محبت میں اتنا نہ گرفتار ہو جاؤ کہ تمہارے میں اور خدا تعالیٰ میں ایک حجاب پیدا ہو جائے۔یا اولاد کی محبت میں اتنی گرفتار نہ ہو جاؤ کہ تمہارے اور خدا تعالیٰ میں حجاب پیدا ہو جائے۔
اولاد بھی فتنہ ہوتی ہے۔اور عورتیں بھی بعض دفعہ اولاد کی خاطر بعض معاملات میں جھگڑوں میں ملوّث ہوجاتی ہیں۔ گھروں میں جھگڑے ہو رہے ہوتے ہیں ۔ان میں ساسوں اور بہوؤں کے جھگڑے ہیں اور ان میں عورتوں کا بھی بڑا کردار ہوتا ہے۔ اس لیے آپؑ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کو یاد رکھو اور ہمیشہ یاد رکھو کہ گھروں میں احمدی ہونے کے بعد ،ایک احمدی مسلمان ہونے کے بعد تم نے ان جھگڑوں کو ختم کرنا ہے۔ اور جب یہ کرو گی تو تب ہی تم اپنا وہ حق ادا کرنے والی ہوگی، اپنا فرض ادا کرنے والی ہوگی جس کے لیے تم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کی ہے۔ پس یہ باتیں ہمیشہ سامنے رکھنی چاہئیں۔آپؑ نے فرمایا کہ اگر یہ نہیں کرو گے تو یہ نہ سمجھو کہ یہ دنیا ہی سب کچھ ہے۔ مرنے کے بعد تو پھر اللہ تعالیٰ سوال جواب بھی کرے گا اور غلط کاموں کی سزا بھی دیتا ہے۔ اس لیے اپنے لیے اس دنیا میں،اس جہان میں بھی اور اگلے جہان کے لیے بھی بہتری کے سامان پیدا کرو۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد اول صفحہ 503، ایڈیشن 2022ء)
پھر آپؑ نے یہ بھی فرمایا کہ
دین کا علم حاصل کرنے کے لیے اور اللہ تعالیٰ کی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے قرآن کریم کا علم حاصل کرنا بھی ضروری ہے
اور اس کو بھی پڑھو اور اس سے نہ صرف تمہاری اپنی اخلاقی اور روحانی حالت بہتر ہوگی بلکہ تمہیں تبلیغ کے میدان میں بھی اس سے فائدہ ہوگا اور جب یہ ہوگا تو تب ہی تم ایک عورت کی حیثیت سے اپنے تبلیغ کے میدان میں بھی وہ حق ادا کر سکتی ہو جو ایک احمدی مسلمان ہونے کا حق ہے۔
پس ان باتوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ یہ نہ سمجھیں کہ عورتیں ہیں تو تبلیغ کے میدان میں ضرورت نہیں ہے۔
عورتوں کو بھی تبلیغ کے میدان میں آگے آنا چاہیے
اور آج کل جو دنیا کے حالات ہو رہے ہیں ان میں تو بڑھ کر اللہ تعالیٰ سے تعلق اور اللہ تعالیٰ کے پیغام کو پہنچانے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ دنیا کو پتہ لگے کہ ان کی بقا اللہ تعالیٰ کی طرف جھکنے میں ہے نہ کہ دنیا کی جاہ و حشمت کے لیے ایک دوسرے کی گردنیں کاٹنے میں۔ آپؑ نے بڑا واضح طور پر فرمایا کہ مت خیال کرو کہ صرف بیعت کر لینے سے خدا راضی ہو جاتا ہے یہ تو صرف ایک ظاہری کھال ہے ۔اس کا مغز تو اس کے اندر ہے ۔اور مغز یہی ہے کہ اسلام کی جو حقیقی تعلیم ہے اس پر عمل کرو۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 53، ایڈیشن 2022ء)
اس حقیقی تعلیم پر عمل اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک قرآن کریم کا باقاعدہ مطالعہ نہیں کرو گی اور اس کو پڑھ کر اور پڑھ کر سمجھنے کی کوشش نہیں کرو گی۔ یہ صرف مردوں کا کام نہیں ہے کہ قرآن کریم پڑھیں اور اس پر عمل کریں۔ مردوں کی سب سے اوّل ذمہ داری ہے اور ان کا فرض ہے کہ وہ عورتوں کو بھی پڑھائیں لیکن خود
جبکہ جماعتی نظام میں ایک لجنہ کا نظام بھی قائم ہے ،عورتوں کی اپنی تنظیم قائم ہے اور قرآن کریم پڑھنے، تعلیم دینے کا نظام بھی قائم ہے تو پھر عورتوں کو بھی چاہیے کہ اس طرف بھرپور توجہ دیں اور اس کے لیے بھرپور کوشش کریں ۔
اور اب تو
آپ میں بہت سی پڑھی لکھی عورتیں ہیں، لڑکیاں بھی ہیں وہ جہاں قرآن کریم پڑھنا سیکھیں وہاں اس کا ترجمہ بھی سیکھیں اور پھر دیکھیں کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات کیا ہیں۔
لجنہ کی طرف سے ترجمہ کی کلاس، قرآن کریم کی ترتیل کی کلاس لگتی ہے لیکن
صرف پڑھانا مقصد نہیں ہے بلکہ اس نیت سے پڑھنا اور پڑھانا ہے کہ اس پر عمل کرنا ہے۔
کن باتوں کو اللہ تعالیٰ نے کرنے کا حکم دیا ہے اور کن باتوں سے رکنے کا حکم دیا ہے ۔جب وہ یہ کریں گی تو تب ہی ایک حقیقی مسلمان اور ایک حقیقی احمدی مسلمان کہلا سکیں گی۔
قرآن کریم نے بڑے واضح طور پر پردے کا بھی حکم دیا ہے ۔حیادار لباس کا بھی حکم دیا ہے۔ حجاب کا حکم دیا ہے۔مردوں سے ایک فاصلہ رکھنے کا حکم دیا ہے۔
تو یہ باتیں ایسی ہیں جو اس معاشرے میں رہتے ہوئے عام طور پر نظر انداز کر دی جاتی ہیں اور انہیں اتنی توجہ نہیں دی جاتی جو دینی چاہیے۔ پس
آپ لوگوں کا فرض ہے کہ قرآن کریم کے ان حکموں پر بھی عمل کریں اورجب آپ یہ کریں گی تو تبھی آپ ایک حسین معاشرہ بھی قائم کر سکیں گی ۔تبھی آپ مردوں کی بھی اصلاح کرنے والی ہو سکیں گی اور تبھی آپ معاشرے میں اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانے والی بھی ہو سکیں گی۔
اسی طرح یہ بھی یاد رکھیں کہ آپؑ نے ہر ایک احمدی مسلمان کو چاہے وہ عورت ہے یا مرد فرمایا کہ
تم اپنی زندگی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نمونہ دکھاؤ۔
اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا نمونہ تھا ؟آپؑ نے فرمایا کہ
ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو اپنے عمل سے یہ دکھایا کہ میرا مرنا اور میرا جینا سب کچھ اللہ تعالیٰ کے لیے ہے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 69، ایڈیشن 2022ء)
اور اب کیا حال ہے؟ دنیا میں مسلمان موجود ہیں۔ کسی سے کہا جائے کہ کیا تُو مسلمان ہے تو کہتا ہے کہ الحمدللہ! مسلمان ہوں ۔کلمہ پڑھ لیتے ہیں ۔تو مسلمان اگر حقیقی مسلمان ہے تو حقیقی مسلمان کی زندگی کا تو مقصد خدا تعالیٰ کا قرب پانے کے لیے تھا کہ خدا تعالیٰ کو کس طرح حاصل کرنا ہے ،کس طرح اس کا حقیقی عبد بننا ہے ۔مگر آج کل کے مسلمان کیا ہیں۔ ہم اگر جائزہ لیں تو ہمیں بھی پتہ لگ جائے گا کہ ہم کیا ہیںکہ دنیا کے لیے جینا ہے اور دنیا کے لیےمرنا ہے۔ یورپ میں آ کے ہماری ترجیحات بدل رہی ہیں۔ دنیا کی چیزوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ سوال کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ ہماری دعائیں نہیں سنتا۔ مَیں نے پہلے بھی یو کے کے جلسہ میں بتایا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ دعائیں نہیں سنتا تو اس کی کیا وجہ ہے ۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میری باتیں تو مانو پھر مَیں دعائیں سنوں گا ۔(البقرۃ:187) یہ نہیں کہ صرف اپنی باتیں سناتے جاؤ اور مجھے کہو کہ مَیں دعا نہیں سنتا۔ ہاں! تم مانو ،تم مجھے یاد رکھو تو دیکھو پھر مَیں بھی تمہیں یاد کروں گا۔ آپؑ نے فرمایا کہ
بڑی غور طلب بات ہے ۔اس کو سرسری نہ سمجھو ۔مسلمان بننا آسان نہیں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور اسلام کا نمونہ جب تک اپنے اندر پیدا نہ کرو مطمئن نہ ہو۔
صرف چھلکے کے اندر نہ رہو بلکہ جو اس کا مغز ہے، جو اس کی روح ہے اس کو تلاش کرنے کی کوشش کرو۔ اور روح اس وقت تک نہیں مل سکتی جب تک اسلامی احکامات پر عمل کرنے کی کوشش نہ کرو گے اور جب تک آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ پر عمل کرنے کی کوشش نہیں کرو گے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی پر غور نہیں کرو گے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 70، ایڈیشن 2022ء)
آج کل مَیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ پر خطبات بھی دے رہا ہوں۔ انہیں بھی غور سے سننے اور ان پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان باتوں کو اپنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
بہرحال آپؑ نے ہمیں یہ نصیحت فرمائی اور یہ بہت ضروری چیز ہے اس پر عمل کرنا ہے۔ اس کے بغیر ایک احمدی کی زندگی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
آپؑ کو اسلام کی حالت کی بڑی فکر رہتی تھی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اسلام کی حالت کی بڑی فکر رہتی تھی ۔ایک موقع پر بڑی آہ بھر کے آپؑ نے کہا تھا کہ
مَیں تمہیں کس طرح بتاؤں کہ اسلام کی کیا حالت ہو رہی ہے۔ یہ زمانہ ایسا ہے کہ جس میں تم لوگوں کو قربانیاں دینے اور دین سیکھنے کی ضرورت ہے اور دین پھیلانے کی ضرورت ہے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 74، ایڈیشن 2022ء)
پس
جب تک ہم اپنی حالتیں نہیں بدلیں گے،جب تک ہماری عورتیں ،ہمارے بچے، ہمارے مرد اور ہمارے جوان اس بات پر عمل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے کہ ہم نے اپنی حالتوں کو خدا تعالیٰ کی مرضی کے مطابق چلانا ہے ،اس کی تعلیم کے مطابق چلانا ہے ،اس وقت تک ہم یہ دعویٰ نہیں کر سکتے کہ ہم حقیقی مسلمان ہیں۔
پس
اس بات پر بہت زیادہ کوشش کرنے اور توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے آج کل کے معاشرے میں جو برائیاں ہیں ان سے بچنے کی ضرورت ہے۔
آپؑ نے فرمایا :’’تم ان کی بد صحبتوں سے بچتے رہو‘‘ جو آج کل کے زمانے میں ہیں’’ اور دعاؤں میں لگے رہو اور اسلام کی حقیقت اپنے اندر پیدا کرو ۔‘‘
(ملفوظات جلد 2 صفحہ 75، ایڈیشن 2022ء)
اور صحبتیں کون سی ہیں؟ آج کل دیکھ لیں۔ اُس زمانے میں جب آپؑ نے فرمایا اُس وقت تو کم تھیں۔
آج کل ہم کیا کچھ دیکھتے ہیں۔ ٹی وی ہے ،انٹرنیٹ ہے ،سوشل میڈیا ہے ان میں سوائے گندگی کے، غلاظت اور غلط قسم کی راہنمائی کے اَور کچھ بھی نہیں ملتا۔اسی نے ان لوگوں کے اخلاق بھی بگاڑ دیے ہیں جو دین سے دور ہٹے ہوئے ہیں اور اپنے آپ کو ترقی یافتہ سمجھتے ہیں۔ اسی نے ان لوگوں کی جو اخلاقی قدریں ہیں ان کے معیاروں کو انتہائی نیچے گرا دیا ہے۔ ان حالات میں ایک احمدی عورت کا کام ہے اور ایک احمدی مرد کا کام ہے ،ایک احمدی جوان کا کام ہے کہ آگے بڑھے اور ان چیزوں سے نہ صرف خود بچے بلکہ ان کے توڑ کے لیے ،ان کے ردّ کے لیے ،ان کو زائل کرنے کے لیے کوششیں بھی کرے اور اپنا نمونہ دکھائے۔اور نئی ٹیکنالوجی میں سوشل میڈیا کے ذریعے جہاں برائی دیکھتے ہیں وہاں نیکی اور اچھائی کی تلقین کرنے کی کوشش کریں ۔
اور پھر یہ کام صرف اپنی مرضی سے نہیں ہو سکتا بلکہ
اس کے لیے بھی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
آپؑ نے فرمایا
دعاؤں میں لگے رہو اور دعاؤں میں لگ کے وہ نمونہ دکھاؤ جو اسلام کا حقیقی نمونہ ہے جو صحابہؓ نے دکھایا تھا اور جس سے پھر ایک انقلاب آیا تھا۔
پس
اگر انقلاب پیدا کرنا ہے تو اس کے لیے قربانیوں اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔ پس جب تک یہ نہیں ہوگا اس وقت تک یہ دعویٰ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کہ ہم احمدی ہیں اور ہم احمدی مسلمان ہیں اور ترقی کرنے کے لیے ہم نے دنیا کو اپنے پیچھے چلانا ہے۔ دنیا ہمارے پیچھے کیوں چلے گی اگر ہمارے اور دنیا کے درمیان کوئی خاص فرق نہیں ہے۔
پس
ہمیں یہ باتیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئیں کہ ہم نے اپنا نمونہ دکھانا ہے۔
آپؑ نے فرمایا کہ تم لوگوں میں تبدیلی پیدا کرنے کے لیے میری جو حالت ہے وہ ایسی ہے کہ تم سوچ بھی نہیں سکتے۔ فرمایا کہ مَیں اپنے نفس میں انتہائی درجے کا جوش اور درد پاتا ہوں ۔کیوں یہ جوش ہے اس کا مجھے نہیں پتا مگر اس میں ذرا شک نہیں کہ یہ جوش ایسا ہے کہ مَیں رک نہیں سکتا ۔اس لیے مَیں آپ لوگوں کو ان باتوں کو ایسے آدمی کی وصایا سمجھ کر پھر یقین دلاتا ہوں کہ دیکھو !میرا زمانہ گزر جائے گا ۔مَیں چلا جاؤں گا لیکن اگر تم لوگوں نے وہ نمونہ قائم نہ کیا جو پیدا کرنے کے لیے مَیں آیا ہوں تو پھر تم لوگ بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 1 صفحہ 127-128، ایڈیشن 2022ء)
پس دیکھیں آپؑ کا درد کتنا زیادہ ہے۔ ہمیں اس کو سمجھنا چاہیے اور اپنے عقائد کو بھی سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنے اعمال کو بھی صحیح کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
آپؑ نے فرمایا کہ ایمانی حالتوں کو درست کرنے کے لیے جو ظاہری تصویر ہے وہ پانچ وقت کی نمازیں ہیں۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد اول صفحہ 129، ایڈیشن 2022ء)
پس
جب آپ کی توجہ پانچ وقت کی نمازوں کی طرف ہو گی اور جب آپ اپنے بچوں کی توجہ پانچ وقت کی نمازوں کی طرف کروائیں گی چاہے وہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں اور پھر اپنے خاوندوں کو بھی اس طرف توجہ دلائیں گی تو پھر اس گھر میں ایک ایسا حسین معاشرہ قائم ہو جائے گا جو اسلام کی تعلیم کے مطابق چلنے والا ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو سمیٹنے والا ہے ۔لیکن یاد رکھیں کہ نمازوں کو ان کا حق ادا کرتے ہوئے پڑھنا ہو گا نہ کہ گلے سے بوجھ اتارنے کے لیے۔ پس ہمیشہ اس بات کو یاد رکھیں کہ یہ عورتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گھروں میں نمازوں کو رائج کریں۔
بعض عورتیں کہہ دیتی ہیں کہ ہم مردوں کو کہتے ہیں تو وہ آگے سے غصہ دکھاتے ہیں تو حکمت سے کہتی رہیں۔ اپنے بچوں کو کہتی رہیں اور بچوں کے بارے میں اپنے مردوں کو بھی کہتی رہیں کہ دیکھو! اگر تم نے عمل نہ کیا تو بچے بھی عمل نہیں کریں گے ۔اور جب وہ عمل نہیں کریں گے تو پھر خدا تعالیٰ سے دور ہو جائیں گے ۔اور جب خدا تعالیٰ سے دور ہو جائیں گے تو پھر یہ شکوہ نہ کریں کہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر فضل نہیں کیا ۔ہمارے بچے بگڑ گئے ہیں۔ بہت سارے لوگ اس بات پر خط لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہماری دعائیں قبول نہیں کرتا۔ ہم فلاں فلاں مشکلات میں گرفتار ہیں۔ پس
اگر اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو سمیٹنا ہے تو پھر اپنی حالتوں کو بدلنا ہو گا۔
پہلے بھی جیسا کہ مَیں نے کہا ہے اور جب یہ صورتحال ہو گی تب ہی ہم حقیقت میں وہ انسان بن سکتے ہیں وہ احمدی بن سکتے ہیں جس کو بنانے کے لیے اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھیجا ہے۔
آپؑ نے فرمایا تقویٰ والا جو ہے اس میں خدا کی ایک تجلّی ہوتی ہے۔ خدا تعالیٰ تقویٰ پر چلنے والوں پر خود اترتا ہے اور تقویٰ پر چلنے والا خدا تعالیٰ کے سائے میں ہوتا ہے ۔لیکن شرط کیا ہے ؟یہ کہ تقویٰ خالص ہو۔ صرف زبانی دعویٰ نہیں ۔جس میں شیطان کا کچھ حصہ ہو وہ تقویٰ نہیں ہے بلکہ شیطان کا بالکل کچھ حصہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ شرک کو پسند نہیں کرتا۔
(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 172، ایڈیشن 2022ء)
آپؑ نے فرمایا کہ تمہیں بہرحال اپنا نمونہ دکھانا چاہیے جیسا کہ ہر معاملے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے نمونہ دکھایا۔
جیسا کہ میں نے پہلے بھی بتایا کہ
آجکل مَیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کے بارے میں اور پھر اس زمانے میں آپؐ کے غلام صادقؑ کے اسوہ کے بارے میں مختلف اوصاف کا ذکر کر رہا ہوں کہ کس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نمونے تھے اور کس طرح اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے وہ نمونے ہمارے سامنے پیش کیے۔ تو ان پر بھی غور کریں ۔انہیں دیکھیں، سنا کریں اور پھر اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں
کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام واضح طور پر فرماتے ہیں کہ مَیں اپنی جماعت کو کہتا ہوں کہ صرف اتنے پر مغرور نہ ہو جاؤ کہ ہم نماز روزہ کرتے ہیں یا موٹے موٹے جرائم سے ہم بچے ہوئے ہیں۔ چوری وغیرہ ہم نہیں کرتے ،زنا ہم نہیں کرتے۔ ان خوبیوں میں تو اکثر غیر فرقے کے لوگ بھی بلکہ وہ لوگ بھی جو مشرک ہیں وہ بھی تمہارے ساتھ شامل ہیں۔ (ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 173، ایڈیشن 2022ء) یہ باتیں، بعض نیک اخلاق تو وہ بھی کرتے ہیں لیکن آجکل تو میڈیا میں ایسے ایسے پروگرام آتے ہیں جن کو دیکھنے سے ہی انسان اگر عملی نہیں تو بعض دفعہ ذہنی اور اخلاقی برائیوں میں پڑ جاتا ہے اور صرف احمدی مسلمان نہیں بلکہ دوسرے بااخلاق لوگ بھی، شریف لوگ بھی ان چیزوں کو ناپسند کرتے ہیں۔ تو جو دیکھتے ہیں وہ خود اپنے آپ کو نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں اور اپنے اخلاق برباد کر رہے ہوتے ہیں اور اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ پھر وہ معاشرے پر بھی اس کا اثر ڈال رہے ہوتے ہیں۔
پس
ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی جماعت میں شامل ہو کر صرف یہ نہیں دیکھنا کہ ہمارے اپنے حقوق کیا ہیں یا ہم نے کس طرح سہولتیں حاصل کرنی ہیں بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ چاہے ہمیں اپنے آپ کو مشکل میں ڈالنا پڑے تو مشکل میں ڈال کر بھی ہم نے اللہ تعالیٰ کے حق ادا کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ اس کی عبادت کا حق ادا کرنے کی کوشش کرنی ہے اس کی مخلوق کا حق ادا کرنے کی کوشش کرنی ہے اور اپنی نسلوں کو سنوارنے کی کوشش کرنی ہے۔
پس جب ہم یہ سوچیں گے اور سوچیں گی۔ مرد بھی اور عورتیں بھی کہ ہم نے یہ باتیں اپنے اندر پیدا کرنی ہیں تب ہی ہم اس ترقی یافتہ معاشرے میں رہتے ہوئے اپنی شناخت کروا سکتی ہیں۔ تب ہی ہم اپنے اس دعوے میں سچی ہو سکتی ہیں کہ ہم نے دنیا کو خدا تعالیٰ کے قدموں میں لانا ہے۔ تب ہی ہم یہ کہہ سکتی ہیں کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت میں آ کر جو عہد کیا ہے اسے ہم پورا کرنے والی ہیں۔ تب ہی ہم کہہ سکتی ہیں کہ ہم نے اپنی اور اپنے بچوں کی پہچان ایک حقیقی مسلمان کے طور پر کروائی ہے۔ تب ہی ہم کہہ سکتی ہیں کہ ہم احمدی خواتین نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جھنڈا دنیا میں لہرانے کی کوشش میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اور کر رہی ہیں۔ صرف مردوں کا کام نہیں ہے بلکہ عورتوں کا بھی کام ہے۔
اگر یہ باتیں نہیں ہیں اور ہم نے ان دنیا داروں کے پیچھے ہی چلنا ہے اور صرف اپنے حقوق لینے کی باتیں ہی کرنی ہیں۔ اپنے فرائض ادا کرنے کی طرف توجہ نہیں دینی اور دنیا کی چکاچوند کو ہی اپنا مقصود بنانا ہے تو پھر ہمارا احمدی مسلمان ہونا اللہ تعالیٰ کی نظر میں کوئی وقعت نہیں رکھتا ،کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔
اللہ تعالیٰ کرے کہ سب عورتیں بھی اور مرد بھی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن کو پورا کرنے کے لیے آپؑ کے مددگار ہوں اور جلسہ میں آپ کے آنے کا جو مقصد ہے اس کو آپ پورا کرنے والی ہوں اور جب یہ ہو گا تب ہی آپ کہہ سکتی ہیں کہ ہاں! ہم حقیقی احمدی مسلمان ہیں اور اس کے بغیر ہماری کوئی زندگی نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ دعا کر لیں۔
٭…٭…٭



