خطاب حضور انور

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ برطانیہ 2026ء کے موقع پر مستورات کے اجلاس سے سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا بصیرت افروز خطاب

ایک احمدی عورت کو ہر وقت یاد رکھنا چاہیے کہ وہ اسلام کو ماننے والی اور اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنے والی ہے اور حقیقی اسلام کی خادمہ ہے۔ اس لیے اسے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق بڑھانے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ دینی علم کو بڑھا کر آپ نے دنیا کے معترضین کے منہ بند کرنے ہیں۔ تبلیغ کے میدان میں بھی آپ نے آگے بڑھنا ہے۔ نہ صرف آپ نے آگے بڑھنا ہے بلکہ اپنی نسلوں کو بھی آگے بڑھانا ہے تاکہ اسلام کی خوبصورت تعلیم جسے دنیا کے کونے کونے میں پھیلانا ہمارا مقصد ہے اس کو پھیلانے کے لیے ہم صحیح کردار ادا کر سکیں

ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہمارا بنیادی مقصد خدا تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنا ہے اور ہمیں ان خوش قسمت لوگوں میں شامل ہونے کی کوشش کرنی چاہیے جن کے ساتھ بیٹھنے والے کبھی بدبخت نہ ہوں بلکہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھنے والے ہوں اور یہ تبھی ہو سکتا ہے جب ہمارا ہر فعل اور ہماری ہر بات اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے ہو اور اس کی تعلیم پر عمل کرنے والی ہو

یہ بات ہمیشہ یاد رکھو کہ تم نے ہر بات کو غور سے سننا ہے اور اس کو فکر سے سننا ہے کیونکہ یہ ایمان کا معاملہ ہے ۔ اور اس میں غفلت اور سستی عدم توجہ یا توجہ کی کمی یا توجہ نہ دینا بہت برے نتائج پیدا کرتی ہے

آپؑ نے فرمایا کہ تم غور سے میری باتیں سنو ۔اور اِس زمانے میں غور سے باتیں سننا تبھی ہو سکتا ہے جب ہم آپؑ کامہیا کردہ لٹریچر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور آپؑ کے ملفوظات پڑھیں

جماعتی لٹریچر میں آج کل بہت سی کتابیں ہیں کتابوں کی آڈیو اور ویڈیو بھی آ چکی ہیں۔ قرآن کریم کی تفسیر کی بھی آڈیو آ چکی ہے ۔جو لوگ پڑھ نہیں سکتے انہیں اس کو سننا چاہیے

عورتوں کو بھی اس زمانے میں تبلیغ کے لیے اسی طرح کوشش کرنی چاہیے جس طرح مردوں کو کرنی چاہیے۔اور یہی آج کل کا جہاد ہے

عورتوں کو چاہیے کہ اپنے علم میں اضافہ کریں اور صرف یہ نہ دیکھیں کہ ہر جواب ان کو مردوں کی طرف سے ملے گا بلکہ خود ان کو علم و عرفان میں اتنی ترقی کرنی چاہیے کہ وہ علمی اور روحانی باتوں میں مردوں سے آگے نکلنے والی ہوں نہ صرف یہ کہ برابر ہوں ۔ اور جب یہ ہوگا تو تبھی آپ اپنی نسلوں کی بھی صحیح طور پر تربیت کر سکیں گی

ہمیں چاہیے کہ ہم پہلے سے بڑھ کر خدا تعالیٰ کا قر ب پانے کی کوشش کریں اور اس کے راستے پر چلنے کے لیے اس کی کتاب کو غور سے پڑھیں، اس پر غور کریں اور اس کے بھیجے ہوؤں کی باتوں کو مانیں۔ اور اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کو ہماری تربیت کے لیے، ہمیں صحیح راستے پر چلانے کے لیے بھیجا ہے۔ہم ان کی باتوں کو سنیں، دیکھیں اور پڑھیں۔ بے شمار لٹریچر آپؑ نے ہماری تربیت کے لیے چھوڑا ہے۔ اس کی طرف ہمیں توجہ کرنی چاہیے اور جب یہ ہوگا تبھی ہم حقیقی طور پر بیعت کا بھی حق ادا کرنے والے بن سکیں گے

اگر خدا تعالیٰ کی توحید کا نرا زبانی اقرار ہے اور اس کے ساتھ محبت کا بھی زبانی اقرار ہے تو اس کا کچھ فائدہ نہیں

اگر کامیاب رشتے دیکھنے ہیں تو عورت کو بھی اور مرد کو بھی چاہیے کہ اپنے تقویٰ کے معیار بلند کریں اور اپنے دین کے معیار کو بلند کریں اور پھر دیکھیں کہ ہم نے دین کو دنیا پر مقدّم رکھنے کے لیے جو عہد کیا ہے اس کو پورا کرنا ہے اور جب یہ کریں گے تو تب ہی ہم رشتوں میں کامیاب بھی ہوں گے

ہم اپنا اپنا جائزہ لے سکتے ہیں کہ کیا ہماری حالت ایسی ہے کہ ہم خالصتاً اللہ تعالیٰ کے لیے ہوجائیں اور ہر قسم کے شیطانی وساوس، شیطانی خیالات اور ایسی باتیں جو خدا تعالیٰ کو ناپسند ہیں یا ایسی باتیں جن سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں روکا ہو ان سے دور ہونے والے ہوں۔ اگر نہیں تو پھر ہماری اصلاح نہیں ہو سکتی۔ پھر ہمارا احمدیت میں آنا یا نہ آنا برابر ہے

دنیاوی علم حاصل کرنا ایک ضروری چیز ہے۔ یہ بھی اللہ تعالیٰ کی دَین ہے۔ اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ چیزیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل اس لیے دی ہے کہ دنیاوی علم بھی حاصل کرو لیکن دین ہمیشہ مقدّم ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا ہونی چاہیے۔ ایسا علم جو تمہیں خدا تعالیٰ سے دور کرنے والا ہو اس کو ہم نے حاصل نہیں کرنا۔ اس کے پیچھے نہیں چلنا۔ ایسے اعمال جو خدا تعالیٰ سے دور کرنے والے ہوں ان کے پیچھے ہم نے نہیں چلنا۔ ایسی سوسائٹی جو ہمیں خدا تعالیٰ سے دور لے جانے والی ہو اس میں ہم نے نہیں بیٹھنا۔پس یہ ہماری سوچ ہونی چاہیے

آج بھی خدا تعالیٰ زندہ ہے ۔آج بھی وہ اپنے نمونے دکھا سکتا ہے۔ آج بھی اگر تم اس کے ساتھ صحیح تعلق رکھو اور اگر تعلق رکھے ہوئے ہو اور اس کا حق ادا کرنے والے ہو اور جو تعلیم اللہ تعالیٰ نے دی ہے اس کے مطابق عمل کرنے والے ہو اور حقوق العباد ادا کرنے والے ہو تو اللہ تعالیٰ تمہیں اب بھی اپنی قدرت کے نظارے دکھائے گا

گذشتہ کئی سالوں سے مَیں یہ تقریریں کرتا رہا ہوں ،یہ باتیں کرتا رہا ہوں کہ عورتوں کے اسلام میں کیا کیا حقوق ہیں۔ اب یہ حقوق تو آپ کے ہیں جو اللہ تعالیٰ نے دیے لیکن کچھ فرائض بھی ہیں جن کو آج میں بیان کر رہا ہوں ۔یہ فرائض بھی اب ادا کریں گے تبھی آپ کے بھی حق قائم ہوں گے۔ پس اس طرف بھی توجہ دیں

ممکن ہی نہیں کہ جو دعائیں کرنے والا انسان ہو وہ کبھی محروم رہے

اگر ایک حقیقی احمدی بننا ہے ،اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کا قرب پانے والا بنانا ہے تو پھر اپنی عبادتوں کے معیار بھی اچھے کرنے پڑیں گے۔ اپنے اخلاق کے معیار بھی اچھے کرنے پڑیں گے اور اپنی عملی حالتوں کو بھی درست کرنا پڑے گا

آج کل دنیا میں مذہب سے دوری ہو رہی ہے۔ دہریت کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے ۔تو ہم نے اپنی دعاؤں سے ،اپنے عمل سے دنیا کو بتانا ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ دنیا کو بتائیں کہ خدا کی طرف آؤ !اسی میں تمہاری بقاء ہے ۔نہیں تو دنیا جس تباہی کی طرف جا رہی ہے وہ بڑی خوفناک تباہی ہے۔ ان دنیا والوں کو اس بات کا احساس ہی نہیں ہے ۔اور آہستہ آہستہ یہ دنیا ختم ہو جائے گی یا سخت عذاب میں مبتلا ہو جائے گی جس کا تصوّر بھی انسان نہیں کر سکتا۔پس ہم نے دنیا کو سنبھالنا ہے۔ دنیا کو بچانا ہے ۔اس کے لیے ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہیے

یاد رکھو! وہ جماعت جو خدا تعالیٰ قائم کرنی چاہتا ہے وہ عمل کے بدُوں زندہ نہیں رہ سکتی۔ بغیر عمل کے یہ جماعت زندہ نہیں رہ سکتی۔ یہ عظیم الشان جماعت ہے جس کی تیاری حضرت آدمؑ کے وقت سے شروع ہوئی تھی۔ کوئی نبی دنیا میں نہیں آیا جس نے اس دعوت کی خبر نہ دی ہو۔ پس اس کی قدر کرو اور اس کی قدر یہی ہے کہ اب اپنے عمل سے ثابت کر کے دکھاؤ کہ اہل حق کا گروہ تم ہو (حضرت مسیح موعودؑ)

آج آپ لوگ جنہوں نے اگلی نسلوں کی تربیت کرنی ہے، انہیں جماعت سے جوڑنا ہے، انہیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی بیعت کا حق ادا کرنے کی طرف توجہ دلانی ہے، انہیں اپنے عہدِ بیعت کو پورا کرنے کا فہم اور ادراک دینا ہے جبکہ وہ دین کو دنیا پر مقدّم رکھیں اس کے لیے ان کی تربیت کرنی ہوگی تو پھر آپ کو صرف دنیا کی جاہ وحشمت میں نہیں ڈوبنا بلکہ خداتعالیٰ کی طرف پہلے سے بڑھ کر توجہ کرنی چاہیے۔جوں جوں ہم زمانۂ  نبوت سے دور جا رہے ہیں کمزوریاں بھی بڑھتی جا رہی ہیں اور ان کمزوریوں کو دور کرنے اور خود بھی اللہ تعالیٰ کے قریب رہنے کا صرف ایک ہی ذریعہ ہے کہ ہم اپنی عبادتوں کے معیار بڑھائیں اور اپنے علمی معیار بھی بڑھائیں تاکہ اپنے بچوں اور نسلوں کے سوالوں کا جواب بھی دے سکیں اور تبلیغ کے میدان میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں

اگر آج آپ نے اپنے عہدِ بیعت کا پابند ہوتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نصائح پر عمل کر لیا تو آپ اپنی بقاء کے بھی سامان کرنے والی ہوں گی اور اپنی نسلوں کےدین و دنیا کو بھی سنبھالنے والی ہوں گی اور ان کی بقاء کے سامان کرنے والی ہوں گی

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے پُر معارف ارشادات کی روشنی میں احمدی عورتوں کی ذمہ داریوں کا تذکرہ

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ برطانیہ 2026ء کے موقع پر مستورات کے اجلاس سے سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا بصیرت افروز خطاب

(فرمودہ مورخہ 25؍جولائی 2026ء بروزہفتہ بمقام حدیقۃ المہدی (جلسہ گاہ) آلٹن، ہمپشئر، یوکے)

(خطاب کا یہ متن ادارہ الفضل اپنی ذمہ داری پر شائع کر رہا ہے)

أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِيْکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ۔

أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ۔ بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ﴿۱﴾

اَلۡحَمۡدُلِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ۙ﴿۲﴾ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ ۙ﴿۳﴾ مٰلِکِ یَوۡمِ الدِّیۡنِ ؕ﴿۴﴾إِیَّاکَ نَعۡبُدُ وَ إِیَّاکَ نَسۡتَعِیۡنُ ؕ﴿۵﴾

اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ ۙ﴿۶﴾ صِرَاطَ الَّذِیۡنَ أَنۡعَمۡتَ عَلَیۡہِمۡ ۬ۙ غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا الضَّآلِّیۡنَ﴿۷﴾

اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ آج جلسہ میں اتنی بڑی تعداد میں شامل ہوئی ہیں تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ احمدی عورتیں دین سے رغبت رکھنے والی ہیں اور چاہتی ہیں کہ دینی علم کو بڑھائیں اور خدا تعالیٰ کا قرب پانے کی کوشش کریں۔ اس کی رضا حاصل کرنے والی بنیں۔ دین کو دنیا پر مقدّم کرنے کا جو عہد ہے اسے پورا کرنے والی بنیں۔ ہو سکتا ہے بعض ایسی بھی یہاں آئیں جو ماحول کے زیرِ اثر رسماً شامل ہورہی ہوں۔لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ میں سے اکثر ایسی ہیں جو اپنی دینی، علمی اور روحانی حالت کو بہتر کرنے کے لیے شامل ہوتی ہیں۔ کل کی تقریر میں مَیں نے بتایا تھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کا جلسوں کے انعقاد کا مقصد زہد و تقویٰ پیدا کرنا اور اخلاقی حالتوں کو اعلیٰ معیار تک پہنچانا ہے۔

(ماخوذ ازشہادت القرآن ، روحانی خزائن جلد 6صفحہ 394)

پس

مَیں امید رکھتا ہوں اور میری یہ بات محض خوش فہمی ہی نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ آپ کا یہاں آنے کا مقصد اپنے عہدِ بیعت کو پورا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا ہے۔

پس اس کے لیے ہم نے صرف ان دنوں میں نہیں بلکہ مستقل اور مسلسل کوشش کرنی ہے اور اس بات پر نظر رکھنی ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ہم سے کیا چاہتے ہیں۔

آپؑ کو اللہ تعالیٰ نے اس زمانے میں تجدیدِ دین کے لیے بھیجا تھا اور یہ مقصد تبھی پورا ہو سکتا ہے جب ہم آپؑ کی بیعت میں آکر دینی حالت سنوارنے کے لیے آپؑ کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کریں جو آپؑ نے مختلف موقعوں پر ہمیں دی ہیں۔

بعض باتیں میں یہاں مختصر کہتا ہوں۔

اپنی بیعت میں آنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے آپؑ نے فرمایا کہ’’ تم ایسی قوم بنو جس کی نسبت آیا ہےکہ فَاِنَّھُمْ قَوْمٌ لَّا یَشْقٰی جَلِیْسُھُمْ یعنی وہ ایسی قوم ہے کہ ان کا ہم جلیس ہونا بدبخت نہیں ہوتا۔‘‘

(ملفوظات جلد 2 صفحہ 435، ایڈیشن 2022ء)

ان کے ساتھ بیٹھنے والا بدبخت نہیں ہوتا اور ان کے اخلاق اعلیٰ اخلاق ہوتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے اخلاق اور خلق پر قائم ہوتے ہیں۔

پس یہ ایک بنیادی چیز ہے جسے ہمیں سمجھنا چاہیے ۔اس کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ جب یہ حالت ہوگی تو ہم بجائے دنیا کی طرف دیکھنے کے اپنے دین کی طرف دیکھنے والے ہوں گے ۔خدا تعالیٰ کی طرف دیکھنے والے ہوں گے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی تعلیم کی طرف دیکھنے والے ہوں گے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے اس زمانے میں جو ہمیں باتیں بتائی ہیں جس کے لیے آپؑ کو اللہ تعالیٰ نے بھیجا تھا ان کی طرف دیکھنے والے ہوں گے۔ پس

ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہمارا بنیادی مقصد خدا تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنا ہے اور ہمیں ان خوش قسمت لوگوں میں شامل ہونے کی کوشش کرنی چاہیے جن کے ساتھ بیٹھنے والے کبھی بدبخت نہ ہوں بلکہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھنے والے ہوں اور یہ تبھی ہو سکتا ہے جب ہمارا ہر فعل اور ہماری ہر بات اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے ہو اور اس کی تعلیم پر عمل کرنے والی ہو۔

اسی طرح ایک جگہ آپؑ نے فرمایا کہ میری باتوں کو پورے غور اور توجہ سے سنو کیونکہ مامورین من اللہ کی باتوں کو غور سے سننا چاہیے اور جب تم انہیں غور سے سنو گے تبھی اس مقصد کو حاصل کر سکو گے جو بیعت میں آنے کا مقصد ہے ،جو مامور کے ساتھ اپنے آپ کو منسلک کرنے کا مقصد ہے۔ پس

یہ بات ہمیشہ یاد رکھو کہ تم نے ہر بات کو غور سے سننا ہے اور اس کو فکر سے سننا ہے کیونکہ یہ ایمان کا معاملہ ہے ۔اور اس میں غفلت اور سستی عدم توجہ یا توجہ کی کمی یا توجہ نہ دینا بہت برے نتائج پیدا کرتی ہے۔

آپؑ فرماتے ہیں کہ جب لوگ ایمان میں غفلت سے کام لیتے ہیں اور جب ان کو مخاطب کر کے کچھ بیان کیا جاوے تو غور سے اس کو نہیں سنتے تو پھر یاد رکھیں کہ ان کو بولنے والے کے بیان سے خواہ وہ کیسا ہی اعلیٰ درجے کا مفید ہو اور مؤثر کیوں نہ ہو کچھ فائدہ نہیں ہوتا ۔اور فرمایا کہ ایسے ہی لوگ ہوتے ہیں جن کی بابت کہا جاتا ہے کہ وہ کان رکھتے ہیں مگر سنتے نہیں، دل رکھتے ہیں مگر سمجھتے نہیں۔ پس یاد رکھو کہ جو کچھ بیان کیا جائے اسے توجہ اور بڑے غور سے سننا چاہیے اور جو غور سے نہیں سنتا اس کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد2صفحہ 479، ایڈیشن 2022ء)

لوگ بعض دفعہ لوگوں کے بہکانے میں آ جاتے ہیں ان کی باتوں میں آ جاتے ہیں اور پھر جماعت پر اعتراض بھی شروع ہو جاتا ہے۔ بعض دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام پر اعتراض شروع ہو جاتا ہے ۔تو آپ لوگوں نے اپنے علم کو بڑھانا ہے ۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی باتوں کو غور سے سننا ہے۔ غور سے سننے کا یہی مقصد اور مطلب ہے کہ آپؑ نے اسلام کی تعلیم کی روشنی میں ہمیں جو بہت ساری ہدایات اور نصائح فرمائی ہیں ہم ان کو پڑھیں ۔جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے نصائح فرمائی ہیں ان کو پڑھیں ،سنیں،ان پر غور کریں اور کچھ وقت نکالیں تاکہ ہم دین کا علم بھی بڑھائیں۔ جب ہم دین کا علم بڑھائیں گی، یہاں مرد بھی ہیں اور جب بڑھائیں گے تو تب ہی ہم اپنی روحانی اور عملی حالتوں کو درست کر سکتے ہیں۔ اگر ہم صرف بیعت کر کے بیٹھ جائیں اور اپنا دینی علم نہ بڑھائیں تو ہم کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکتے اور آہستہ آہستہ پیچھے چلے جائیں گے۔

بعض دفعہ بہت چھوٹے چھوٹے سوال ہیں جو عورتوں اور بچوں کی طرف سے بھی کیے جاتے ہیں۔ اگر خود تھوڑا سا علم بڑھانے کی طرف توجہ ہو تو جماعت کے لٹریچر میں سے ہی ان کو ان سوالوں کے جواب مل سکتے ہیں۔

پس

آپؑ نے فرمایا کہ تم غور سے میری باتیں سنو ۔اور اِس زمانے میں غور سے باتیں سننا تبھی ہو سکتا ہے جب ہم آپؑ کامہیا کردہ لٹریچر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور آپؑ کے ملفوظات پڑھیں۔

پھر آپؑ نے ہمیں یہ نصیحت فرمائی کہ

مَیں بار بار نصیحت کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ نے اس سلسلے کو کشفِ حقائق کے لیے قائم کیا ہے ۔

یعنی حقائق کو واضح کرنے کے لیے، ظاہر کرنے کے لیے اور حقیقتوں کو کھولنے کے لیے اس سلسلے کو قائم کیا ہے۔ اس لیے مَیں چاہتا ہوں کہ عملی سچائی کے ذریعے اسلام کی خوبی دنیا پر ظاہر ہو۔ صرف باتیں نہ ہوں۔ اسلام پر اعتراض کرنے والے بہت سی باتیں کرتے ہیں اور عورتوں کو بھی اس سے واسطہ پڑتا ہے۔ بعض لوگ مجھے لکھتے بھی ہیں۔ بچیاں اور عورتیں بھی لکھتی ہیں کہ یہ اعتراض ہے۔ اگر قرآن کریم کو غور سے پڑھیں تو آپ علیہ السلام نے فرمایا کہ قرآن کریم میں تمہارے سارے سوالوں کے جواب مل جائیں گے۔ اس کے علاوہ آج کل تو ہماری تفاسیر بھی ہیں۔ ان تفسیروں کو پڑھیں تو ان سے بھی بہت سارے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ یاد رکھو کہ قرآن شریف نے پہلی کتابوں اور نبیوں پر بھی احسان کیا ہے جو اُن کے حالات بیان کیے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ایک ایسا علمی رنگ دیا ہے جو ہر دلیل سے پُر ہے۔ قرآن شریف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: اِنَّہٗ لَقَوْلٌ فَصْلٌ ۔وَّمَا ھُوَ بِالْھَزْلِ (الطارق:14-15) یہ فیصلہ کن بات ہے اور یہ قرآن شریف کمزور اور بے فائدہ کلام نہیں ہے۔ یہ نہ سمجھو کہ قرآن کریم کے مقابلے میں کوئی چیز آئے گی تو تم لاجواب ہو جاؤ گے۔ قرآن کریم کی جو تعلیم ہے وہ ایسی وسیع تعلیم ہے کہ اس کے مقابلے میں کوئی ٹھہر نہیں سکتا لیکن شرط یہ ہے کہ صرف قرآن کریم کی تلاوت نہ کی جائے بلکہ اس کا ترجمہ بھی پڑھا جائے اور اس کی تفسیر پڑھنے کی طرف بھی توجہ کی جائے۔

جماعتی لٹریچر میں آج کل بہت سی کتابیں ہیں۔ کتابوں کی آڈیو اور ویڈیو بھی آ چکی ہیں۔ قرآن کریم کی تفسیر کی بھی آڈیو آ چکی ہے ۔ جو لوگ پڑھ نہیں سکتے انہیں اس کو سننا چاہیے۔

آپؑ نے فرمایا ہے کہ قرآن کریم تو ایک زندہ اور روشن کتاب ہے۔اس لیے ہمیں کسی مخالف کی مخالفت کی پرواہ نہیں ہے۔ ہمیں بغیر کسی خوف اور ہچکچاہٹ کے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ ہماری تعلیم سب سے اعلیٰ تعلیم ہے۔ آج کل مغربی معاشرے میں رہ کر جوانی میں قدم رکھنے والی بہت سی بچیاں یہ سوال کرتی ہیں کہ قرآن کریم پر جو یہ اعتراض کرتے ہیں یا وہ اعتراض کرتے ہیں۔ ان سب کے جواب تو مختلف وقتوں میں دیے جاتے ہیں لیکن خود بھی قرآن کریم پڑھنے کی طرف توجہ ہونی چاہیے تاکہ یہ جو بھی اعتراض کرتے ہیں ان کو آپ خود جواب دے سکیں۔ آپؑ نے فرمایا مَیں بار بار اس امر کی طرف ان لوگوں کو جو میرے ساتھ تعلق رکھتے ہیں نصیحت کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ نے اس سلسلے کو حقیقتوں کو ظاہر کرنے کے لیے قائم کیا ہے کیونکہ بغیر اس کے عملی زندگی میں کوئی روشنی اور نور پیدا نہیں ہو سکتا۔ عملی زندگی میں روشنی اور نور تب ہی پیدا ہوگا جب قرآن کریم کو پڑھو گے اور اس پر عمل کرو گے۔ اس لیے آپؑ نے فرمایا کہ مَیں چاہتا ہوں کہ عملی سچائی کے ذریعے اسلام کی خوبی دنیا پر ظاہر ہو۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد2صفحہ 491، ایڈیشن 2022ء)

اب اسلام کی جو تعلیم ہے، جو قرآن کریم نے ہمیں تعلیم دی ہے اس کو اپنے عمل میں ڈھالو اور اس کو سچا ثابت کرو۔ قرآن کریم میں صرف کہانیاں نہیں ہیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ

قرآن شریف کو کثرت سے پڑھو لیکن قصّے سمجھ کر نہ پڑھو۔ ترجمہ بھی پڑھنا ہے تو صرف قصّے سمجھ کر نہ پڑھو بلکہ ایک فلسفہ سمجھ کر پڑھو۔ ایک تعلیم سمجھ کر پڑھو اور اس پر غور کرو اور پھر دیکھو کہ تم ہر مخالف کا منہ بند کر سکتے ہو۔

پس

عورتوں کو بھی اس زمانے میں تبلیغ کے لیے اسی طرح کوشش کرنی چاہیے جس طرح مردوں کو کرنی چاہیے۔اور یہی آج کل کا جہاد ہے۔

قرآن کریم نے یہ کہیں نہیں لکھا، اللہ تعالیٰ نے کہیں یہ نہیں فرمایا یا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم یا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے یہ نہیں فرمایا کہ عورتیں تبلیغ کے میدان میں نہیں آئیں گی۔ عورتیں تبلیغ کے میدان میں آتی ہیں اور علم حاصل کرتی ہیں۔ اب ہم حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی اکثر مثال دیتے ہیں کہ ان سے لوگ علم حاصل کرتے تھے اور بہت ساری قرآنی آیات کی تفسیر، ان کی وضاحت اور تشریح اور بہت ساری احادیث کی تفصیل، وضاحت اور تشریح حضرت عائشہؓ نے بیان کی ہے۔ بعض صحابہؓ  کو نہیں سمجھ آتی تھی تو آپؓ بیان فرماتی تھیں۔ آپؓ کی وضاحت کی وجہ سے وہ باتیں کھل کر ہمارے سامنے آگئی ہیں۔ پس

عورتوں کو چاہیے کہ اپنے علم میں اضافہ کریں اور صرف یہ نہ دیکھیں کہ ہر جواب ان کو مردوں کی طرف سے ملے گا بلکہ خود ان کو علم و عرفان میں اتنی ترقی کرنی چاہیے کہ وہ علمی اور روحانی باتوں میں مردوں سے آگے نکلنے والی ہوں نہ صرف یہ کہ برابر ہوں ۔اور جب یہ ہوگا تو تبھی آپ اپنی نسلوں کی بھی صحیح طور پر تربیت کر سکیں گی۔

پھر آپؑ نے ایک جگہ فرمایا کہ دیکھو! لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ پر کامل ایمان پیدا کرو۔ آپؑ نے فرمایا کہ اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہایسا پیارا جملہ ہے کہ اگر یہی جملہ ،یہی کلمہ یہودیوں اور عیسائیوں کو دیا جاتا تو وہ دین سے نہ بگڑتے۔ تو اگر تم نے دین پر قائم رہنا ہے اور یہ سمجھنا ہے کہ ہم نے دین کی خاطر ہر قربانی کرنی ہے تو پھر یاد رکھو کہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ پر غور کرو اور اسے سمجھو۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ تم لوگ جنہوں نے میرے ساتھ تعلق پیدا کیا ہے اس بات پر مغرور نہ ہو جائیں کہ جو کچھ تم نے پانا تھا پا چکے۔ یہ سچ ہے کہ تم ان منکروں کی نسبت قریب تر باسعادت ہو ۔یعنی جو انکار کرنے والے ہیں ان کی نسبت تو تمہیں سعادت مل گئی اور تم قریب ہو گئے ۔یعنی تم ان کی طرح نہیں ہو جنہوں نے انکار کیا اور توہین کی اور خدا تعالیٰ کو بھی ناراض کر رہے ہیں بلکہ تم نے تو اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر مسیح موعودؑ کو مان لیا ہے لیکن اتنا کافی نہیں۔ تم نے خدا تعالیٰ کے غضب سے اپنے آپ کو بچانے کی ایک کوشش کی ہے ۔لیکن آپؑ فرماتے ہیں کہ سچی بات تویہی ہے کہ تم اس چشمے کے قریب پہنچے ہو جو پانی کا چشمہ ہے جو مستقل زندگی پیدا کرنے کے لیے ہے لیکن پانی پینا باقی ہے۔ پس پانی پینے کے لیے بھی خدا کا فضل اور کرم چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے جب توفیق ملے تبھی یہ ہوتا ہے۔ یہ باتیں کل بھی مَیں نے کہی تھیں۔ پس تم اللہ تعالیٰ سے توفیق چاہو کہ اللہ تعالیٰ تمہیں سیراب ہو کر پانی پینے کی توفیق دے۔ تم پانی پی کے سیر ہو جاؤ۔ اپنے علم کو بڑھاؤ ۔اپنی روحانیت کو بڑھاؤ۔ آپؑ نے فرمایا کہ مَیں یقیناً چاہتا ہوں کہ جو اس چشمے سے پئے گا وہ ہلاک نہیں ہوگا کیونکہ یہ پانی زندگی بخشتا ہے اور ہلاکت سے بچاتا ہے اور شیطان کے حملوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد 2 صفحہ 519-520، ایڈیشن 2022ء)

پس آج کل تو شیطان کے حملے اتنی شدّت سے مستقل اور لگاتار ہو رہے ہیں کہ انسان کے تصوّر سے باہر ہیں۔ دنیا میں آپ دیکھ لیں آج کل میڈیا ہے، سوشل میڈیا ہے، ٹیلی ویژن ہے اور اسی طرح بہت سارا پرنٹ میڈیا ہے ۔یا دنیا کی توجہ دین سے ہٹانے کے لیے اور شیطان کی طرف لے جانے کے لیے دوسری بے شمار ایسی چیزیں نکل آئی ہیں کہ جن کا پہلے تصوّر بھی نہیں تھا۔ پس ایسے حالات میں

ہمیں چاہیے کہ ہم پہلے سے بڑھ کر خدا تعالیٰ کا قر ب پانے کی کوشش کریں اور اس کے راستے پر چلنے کے لیے اس کی کتاب کو غور سے پڑھیں، اس پر غور کریں اور اس کے بھیجے ہوؤں کی باتوں کو مانیں۔ اور اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کو ہماری تربیت کے لیے، ہمیں صحیح راستے پر چلانے کے لیے بھیجا ہے۔ہم ان کی باتوں کو سنیں، دیکھیں اور پڑھیں۔ بے شمار لٹریچر آپؑ نے ہماری تربیت کے لیے چھوڑا ہے۔ اس کی طرف ہمیں توجہ کرنی چاہیے اور جب یہ ہوگا تبھی ہم حقیقی طور پر بیعت کا بھی حق ادا کرنے والے بن سکیں گے۔

اسی طرح آپؑ نے فرمایا کہ

تمہارا بنیادی مقصد یہ ہونا چاہیے کہ توحید قائم ہو ۔

یہ نہیں کہ تم نے دنیا میں کیا حاصل کیا ہے۔ دنیا تو مل جائے گی ۔اصل تمہارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ تم نے توحید کو قائم کرنا ہے اور اس کو قائم کرنے کے لیے تمہاری پوری کوشش ہونی چاہیے کہ تم اپنے دل میں خدا تعالیٰ کی محبت پیدا کرو اور اس کا اقرار صرف زبانی اقرار نہ ہو بلکہ اس کے لیے عملی تصدیق لازمی ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے در پر گرے رہو، اپنی عبادتوں کے معیار اونچے کرو، جب یہ کرو گے تو پھر اللہ تعالیٰ سے محبت بھی پیدا ہو گی۔ آپؑ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ سے محبت سے کیا مراد ہے۔اپنی عبادتوں کے معیار اونچے کرنے سے کیا مراد ہے۔ یہی کہ ہر جو دنیاوی رشتہ ہے اس سے بڑھ کر تمہیں اللہ تعالیٰ کی محبت عزیز ہو اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا سب سے مقدّم ہو۔ چنانچہ آپؑ نے فرمایا قرآن شریف میں بھی آیا ہے: فَاذْکُرُوا اللّٰہَ کَذِکْرِکُمْ اٰبَآءَ کُمْ اَوْ اَشَدَّ ذِکْرًا (البقرۃ:201) یعنی اللہ تعالیٰ کو ایسا یاد کرو کہ جیسا تم اپنے باپوں کو یاد کرتے ہو بلکہ اس سے بھی زیادہ سخت درجے کی محبت کے ساتھ یاد کرو۔ اب اللہ تعالیٰ نے یہاں باپوں کی طرح یاد کرنا صرف نہیں کہا ۔خدا کو باپ نہیں لکھا ۔اللہ تعالیٰ نے کہا ہے کہ وہ خدا ہے اس کو باپوں سے زیادہ یاد کرو۔ پس آپؑ نے فرمایا جب تم یہ حالت پیدا کرو گے تو پھر اللہ تعالیٰ تمہاری راہنمائی بھی کرے گا ،تمہیں ابتلاؤں سے نجات بھی دے گا ،تمہاری دعاؤں کو بھی سنے گا، تمہارے گھریلو مسائل بھی حل کرے گا۔ تمہارے بچوں کی تربیت کی طرف سے تمہیں جو پریشانیاں ہیں ان کو بھی دُور کر دے گا کیونکہ تم عام حالات میں بھی اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے کے لیے اس کے حضور جھکے ہوئے ہو۔ آپؑ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ کی محبت سے پورا حصہ اس وقت نہیں لیا جاسکتا اور یہ ثابت نہیں ہو سکتی جب تک عملی حصے میں کامل نہ ہو۔ اس وقت تک اللہ کی محبت سے حصہ نہیں لیا جا سکتا جب تک عملی طور پر کامل نہ ہو، اس کے لیے پوری کوشش نہ کرو۔ یہ باتیں نری زبان سے ثابت نہیں ہوتیں۔ اگر تم مصری یا چینی کا نام لو، میٹھے کا نام لو تو اس سے منہ میٹھا نہیں ہو جاتا۔ آپؑ نے ایک اَور مثال دی ہے کہ اگر کوئی دوست دوستی کا اعتراف کرتا ہے لیکن وقت پر کام نہ آئے، پہلو تہی کر لے اور تمہیں چھوڑ کر چلا جائے تو وہ سچا دوست نہیں ٹھہرتا۔ پس اسی طرح

اگر خدا تعالیٰ کی توحید کا نرا زبانی اقرار ہے اور اس کے ساتھ محبت کا بھی زبانی اقرار ہے تو اس کا کچھ فائدہ نہیں۔

اگر تم نے اپنے باپ دادا سے محبت کا اقرار کیا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے کہا ہے کہ اس سے زیادہ اللہ تعالیٰ سے محبت کرو۔ تو یاد رکھو !یہ اسی صورت میں ہوگا جب تم عملی طور پر اس کا حق ادا کرو گے ۔اور عملی طور پر حق ادا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو احکامات دیے ہیں ان پر عمل کرنے کی کوشش کرو۔

قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے بے شمار احکامات دیے ہیں، عورتوں کے لیے احکامات ہیں۔ عورتوں کی حیا کے لیے احکامات ہیں۔عورتوں کے ڈریس کوڈکے لیے احکامات ہیں۔ عورتوں کے دینی علم کو بڑھانے کے لیے احکامات ہیں۔ بچوں کی تربیت کے لیے احکامات ہیں۔ تو جب انسان ان ساری باتوں کی عملی تصویر بنے گا تب یہ سمجھ آئے گی کہ واقعی ہم اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے ہیں ۔اور اگر ہم یہ عملی نمونہ نہیں دکھا رہے تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے ہیں۔ پھر یہ صرف ہماری زبانی باتیں ہوں گی۔ آپؑ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ کو راضی کرنے کے لیے عملی قدم اٹھانا پڑے گا اور اگر کوئی غلطیاں ماضی میں ہوئی ہیں تو ان سے سچی توبہ کرنی پڑے گی اور سچائی اور وفاداری سے خدا کو راضی کرنا پڑے گا اور جب یہ ہوگا تو تب ہی تم حق بیعت ادا کرنے والے ہو گے۔ تب ہی تم اس بات کے حقدار ہو گے کہ تم نے جو عہدِ بیعت باندھا تھا اس کو پورا کر کے اللہ تعالیٰ کے انعام کے مستحق ہو۔

(ماخوذ ازملفوظات جلد2صفحہ 522-524، ایڈیشن 2022ء)

اللہ تعالیٰ کے انعامات تو اسی وقت ہوں گے جب تمہاری طرف سے مکمل طور پر اس کے حکموں کی پیروی بھی ہو گی۔ آپؑ نے فرمایا کہ انسان کے لیے ضروری ہے کہ وہ متقی ہو کیونکہ متقی ہونے والا ہی اللہ تعالیٰ کے نزدیک معزّز اور مکرّم ہے۔ آپؑ نے فرمایا کہ ہماری جماعت کو یہ نصیحت ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے اس میں مرد بھی شامل ہیں اور اس میں عورتیں بھی شامل ہیں یہ نہیں لکھا کہ یہ نصیحت صرف مردوں کے لیے ہے کہ وہ اس امر کو ہمیشہ سامنے رکھیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ میری یہ حالت ہے کہ مجھے ہمیشہ اگر کوئی خیال آتا ہے تو یہی آتا ہے کہ دنیا میں جو رشتے ناطے ہوتے ہیں ان میں سے بعض خوبصورتی کے لحاظ سے ہوتے ہیں، بعض خاندان یا دولت کے لحاظ سے ہوتے ہیں، بعض طاقت کے لحاظ سے ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں جب رشتے طے ہوتے ہیں تو ہم نے دیکھا ہے کہ یہی چیزیں دیکھنے میں سامنے آتی ہیں جن کی طرف اکثر دیکھا جاتا ہے یا توجہ دی جاتی ہے اور اسی طرف لوگ لکھ بھی رہے ہوتے ہیں۔ بہت سارے لوگ سوال بھی کرتے ہیں کہ رشتوں میں کیا دیکھا جائے؟ تو رشتوں میں دیکھنے کے لیے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح فرما دیا ہے کہ ان کی اور اس کی وضاحت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے بھی فرما دی ہے کہ تم لوگ خوبصورتی دیکھتے ہو ،خاندان دیکھتے ہو، دولت دیکھتے ہو، طاقت دیکھتے ہو، لیکن اللہ تعالیٰ کو ان چیزوں کی پرواہ نہیں۔

اگر کامیاب رشتے دیکھنے ہیں تو عورت کو بھی اور مرد کو بھی چاہیے کہ اپنے تقویٰ کے معیار بلند کریں اور اپنے دین کے معیار کو بلند کریں اور پھر دیکھیں کہ ہم نے دین کو دنیا پر مقدّم رکھنے کے لیے جو عہد کیا ہے اس کو پورا کرنا ہے اور جب یہ کریں گے تو تب ہی ہم رشتوں میں کامیاب بھی ہوں گے۔

اللہ تعالیٰ بھی یہی فرماتا ہے اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقٰکُمْ۔(الحجرات:14)کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک وہی معزز اور مکرم ہے جو متقی ہے۔ آپؑ نے فرمایا اب جو جماعت اتقیاء ہے خدا اس کو ہی رکھے گا۔ (ماخوذ از ملفوظات جلد 3 صفحہ 38-39، ایڈیشن 2022ء) یعنی جو متقیوں کی جماعت ہے وہی اللہ تعالیٰ کے قریب کریم ہوں گے۔ وہی اللہ کے نزدیک ہوں گے۔ انہی کی اللہ تعالیٰ باتیں بھی سنے گا۔ ان کی دعائیں بھی سنے گا اور دوسروں کو وہ مقام نہیں مل سکتے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ غیر متقی اور متقی ایک جگہ پر کھڑے ہو جائیں۔ شریر اور ناپاک ایک جگہ پر کھڑے ہوجائیں۔ پس یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے اور یہ بڑے سوچ اور خوف کا مقام ہے۔ پس

ہم اس بات کو دیکھیں کہ ہم نے اپنے تقویٰ کے معیار کو بلند کرنا ہے تاکہ ہم اللہ تعالیٰ کا قرب پانے والے ہوں اور اپنے آپ کو بھی بچانے والے ہوں اور اپنی نسلوں کو بھی بچانے والے ہوں۔

آپؑ نے فرمایا کہ اگر اس سلسلے میں داخل ہوئے ہو تو ایک نئی زندگی بسر کرنے والے انسان بن جاؤ۔ اب ہم میں سے چاہے وہ مرد ہے یا عورت ہے، جو بھی اس سلسلے میں داخل ہوا ہے اس کو اپنے اندر تبدیلی پیدا کرنی پڑے گی ورنہ یہ ایک دعویٰ ہے کہ ہم نے مسیح موعودؑ کو مان لیا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کو پورا کر دیا۔ اگر اس کے بعد ہماری عملی زندگی میں کوئی تبدیلیاں پیدا نہیں ہوئیں، ہماری روحانی حالت، علمی حالت اور اخلاقی حالت میں بہتری پیدا نہیں ہوئی، اگر ہم اللہ تعالیٰ کی عبادت کا حق ادا نہیں کر رہے اور لوگوں سے ہمارا حسنِ سلوک اچھا نہیں، ہمارے اخلاق ایسے نہیں کہ لوگ ہم سے خوش ہوں بلکہ خوش ہونے کی بجائے یہ ہو کہ لوگ ہم سے نالاں ہوں اور ہم سے خوفزدہ ہوں تو پھر ایسی بیعت کا بھی کوئی فائدہ نہیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ اس سلسلے میں داخل ہوئے ہو تو ایک نئی زندگی بسر کرنے والے انسان بن جاؤ۔ تمہارے اندر ایک تبدیلی پیدا ہونی چاہیے اور جب ایسا ہوگا تو پھر خدا تعالیٰ کے فرشتے ماں کی طرح تمہیں اپنی گود میں لے لیں گے۔ آپؑ نے فرمایا کہ بیعت اگر دل سے نہیں ہے تو اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔ میری بیعت سے خدا دل کا اقرار چاہتا ہے۔ پس جو سچے دل سے مجھے قبول کرتا ہے ،اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرتا ہے، غفور و رحیم خدا اس کے گناہوں کو ضرور بخش دیتا ہے اور وہ ایسا ہو جاتا ہے جیسا ماں کے پیٹ سے نکلا ہے۔ یعنی نو زائدہ بچے کی طرح پاک صاف ہوجاتا ہے۔ تب فرشتے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔

(ماخوذ ازملفوظات جلد3صفحہ 62-63، ایڈیشن 2022ء)

اب ہم اپنا اپنا جائزہ لے سکتے ہیں کہ کیا ہماری حالت ایسی ہے کہ ہم خالصتاً اللہ تعالیٰ کے لیے ہوجائیں اور ہر قسم کے شیطانی وساوس، شیطانی خیالات اور ایسی باتیں جو خدا تعالیٰ کو ناپسند ہیں یا ایسی باتیں جن سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں روکا ہو ان سے دور ہونے والے ہوں۔ اگر نہیں تو پھر ہماری اصلاح نہیں ہو سکتی۔ پھر ہمارا احمدیت میں آنا یا نہ آنا برابر ہے۔

پس پھر یہ شکوہ بھی نہیں ہونا چاہیے کہ ہماری دعائیں قبول نہیں ہوتیں یا یہ کہ ہم نے فلاں مقصد کے لیے دعا کی لیکن اللہ تعالیٰ نے قبول نہیں کی۔ اللہ تعالیٰ تو دعائیں قبول کرتا ہے، اس مقصد کو پورا بھی کرتا ہے لیکن اس سے پہلے اللہ تعالیٰ یہ چاہتا ہے کہ ہم بھی اپنی حالتوں کو بدلیں اور اس بیعت کا حق ادا کرنے والے ہوں جس کا ہم عہد کرتے ہیں اور جو اس کی شرائط ہیں۔ آپؑ فرماتے ہیں کہ اس سلسلے میں داخل ہو کر تمہارا وجود الگ ہو جائے اور تم بالکل ایک نئی زندگی بسر کرنے والے انسان بن جاؤ، جو کچھ تم پہلے تھے وہ نہ رہو۔ جو پیدائشی احمدی ہیں اگر وہ تھوڑے بگڑ بھی گئے ہیں تو جب ہوش و حواس میں آتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے جو عقل دی ہے اس کااستعمال شروع کر دیتے ہیں تو پھر ان کو چاہیے کہ خدا تعالیٰ کے کلام کو پڑھیں۔ اس سے نصیحت حاصل کریں۔ اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ آپؑ نے فرمایا کہ بعض لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ شاید ہم دنیا داری کے کاموں میں نہ پڑے اور آج کل کی دنیا کے پیچھے نہ چلے یا ان کے جو نئے نئے جدید نام نہاد علم ہیں، ان کو ہم نے حاصل نہ کیا تو ہم شاید غیر ترقی یافتہ ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے علم حاصل کرنے سے نہیں روکا۔ ابھی لسٹ بھی آپ کے سامنے پڑھی گئی ہے تو علم حاصل کرنے والی لڑکیوں کی ہی پڑھی گئی ہے۔

دنیاوی علم بھی حاصل کرنا ایک ضروری چیز ہے۔ یہ بھی اللہ تعالیٰ کی دَین ہے۔ اللہ تعالیٰ کی پیدا کردہ چیزیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل اس لیے دی ہے کہ دنیاوی علم بھی حاصل کرو لیکن دین ہمیشہ مقدّم ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا ہونی چاہیے۔ ایسا علم جو تمہیں خدا تعالیٰ سے دور کرنے والا ہو اس کو ہم نے حاصل نہیں کرنا۔ اس کے پیچھے نہیں چلنا۔ ایسے اعمال جو خدا تعالیٰ سے دور کرنے والے ہوں ان کے پیچھے ہم نے نہیں چلنا۔ ایسی سوسائٹی جو ہمیں خدا تعالیٰ سے دور لے جانے والی ہو اس میں ہم نے نہیں بیٹھنا۔پس یہ ہماری سوچ ہونی چاہیے۔

آپؑ نے فرمایا کہ یہ مت سمجھو کہ خدا تعالیٰ کی راہ میں تبدیلی کرنے سے تم محتاج ہو جاؤ گے یا تم سمجھو کہ اگر مَیں نے زیادہ دین کی باتیں کیں تو فلاں بزنس مین ہے یا فلاں امیر آدمی ہے یا فلاں صاحبِ اثر عورت ہے اس کے ساتھ میرے تعلقات اچھے نہیں رہیں گے۔ آپؑ نے فرمایا کہ تم نے اللہ تعالیٰ سے ایک عہد باندھا ہے اس لیے تمہارے لیے ضروری ہے کہ تم نے بہرحال دین کو دنیا پر مقدّم رکھنا ہے۔ اس کے لیے تم نے کوشش کرنی ہے اور یہ وہم تمہارے اندر نہیں ہونا چاہیے کہ اگر تم دنیا داروں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا نہیں رکھو گے تو تم بعض چیزوں سے محروم ہو جاؤ گے۔

آپؑ نے فرمایا کہ جو خدا تعالیٰ کا دامن پکڑتا ہے وہ کبھی محتاج نہیں ہوتا ۔اس پر کبھی بُرے دن نہیں آ سکتے۔ خدا جن کا دوست اور مددگار ہو جائے تو اس کو پھر کسی چیز کی پرواہ نہیں ہوتی اور ساری دنیا بھی اس کی دشمن ہو جائے تو اس کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔

آپؑ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ وہ ہے جو عَلٰی کُلِّ شَیْءٍقَدِیْرٌ ہے وہ ہر چیز پر قادر ہے ۔وہ عالم الغیب ہے۔ وہ حیّ و قیوم ہے۔ اس خدا کا دامن پکڑنے سے کوئی تکلیف نہیں پا سکتا۔ کیا کوئی تکلیف پاسکتا ہے بھلا؟ یہ کبھی نہیں ہو سکتا۔ آپؑ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ اپنے حقیقی بندوں کو ایسے وقتوں میں جب تکلیفیں ہوتی ہیں اس طرح بچا لیتا ہے کہ دنیا حیران رہ جاتی ہے۔ آپؑ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی مثال دی ہے کہ دشمن کے آگ میں ڈالنے کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ان کو آگ سے نکال لیا۔ حضرت نوح ؑکو اپنے ساتھیوں کے ساتھ کشتی میں طوفان سے بچا لیا۔ تو اللہ تعالیٰ نے یہ مثالیں اس لیے دی ہیں تاکہ تمہیں سمجھ آئے کہ یہ صرف پرانے قصے نہیں ہیں ۔

آج بھی خدا تعالیٰ زندہ ہے ۔آج بھی وہ اپنے نمونے دکھا سکتا ہے۔ آج بھی اگر تم اس کے ساتھ صحیح تعلق رکھو اور اگر تعلق رکھے ہوئے ہو اور اس کا حق ادا کرنے والے ہو اور جو تعلیم اللہ تعالیٰ نے دی ہے اس کے مطابق عمل کرنے والے ہو اور حقوق العباد ادا کرنے والے ہو تو اللہ تعالیٰ تمہیں اب بھی اپنی قدرت کے نظارے دکھائے گا۔

پس آپؑ نے فرمایا کہ تم توبہ کرو اور اپنے دلوں کو پاک صاف رکھو۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد3صفحہ 63، ایڈیشن 2022ء)

تو تبھی تم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے والے بنو گے۔ تبھی تم مصیبتوں اور آفتوں سے نجات پانے والے بنو گے۔ یہ وہ باتیں ہیں جو اللہ تعالیٰ نے فرمائی ہیں۔ یہ نہیں ہے کہ جب مصیبت کا وقت آجائے تو پھر تم دعا کرو۔ بہت سارے لوگ مجھے بھی لکھتے ہیں کہ ہم نے دعائیں کیں، بہت دعائیں کیں لیکن اس وقت دعائیں قبول نہیں ہوتیں۔ آپؑ نے فرمایا کہ مصیبت کے وقت جو دعائیں کرو گے وہ ایک حد تک تو ٹھیک ہے کہ ان میں ایک درد پیدا ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی مرضی ہے انہیں سن لے لیکن

مصیبت آنے سے پہلے دعائیں کرو اور اللہ تعالیٰ سے صحیح تعلق پیدا کرو تو تبھی تم کامیاب ہو گے۔ پھر اللہ تعالیٰ دعاؤں کو بھی سنتا ہے اور پھر تمہاری وہ دعائیں جو تم نے عام اور اچھے حالات میں کی ہوں گی وہ تمہیں مصیبت سے بچانے والی ہوں گی۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ یہ نہیں کہ خاص وقت آیا مشکل میں پڑ گئے تو اللہ تعالیٰ کو یاد کیا۔

آج کل بہت سارے سوال اسی قسم کے آتے ہیں کہ ہم نے دعا کی یا مشکل میں پڑ کے دعا کی تو اللہ تعالیٰ نے ہماری دعا نہیں سنی۔ سوال یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو خود اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ کیا انہوں نے اپنے اچھے حالات میں اسی طرح درد سے دعا کی جس طرح ان مشکل حالات میں کر رہے ہیں؟ کیا اچھے حالات میں انہوں نے اللہ تعالیٰ سے وہی تعلق رکھا جو وہ آج کل پیدا کرنا چاہتے ہیں یا پیدا کر رہے ہیں یا آج کل جو تعلق رکھا ہوا ہے؟ اگر نہیں تو پھر یہ الزام ان پر آتا ہے کہ انہوں نے اپنا حق ادا نہیں کیا اور وہ اللہ تعالیٰ کو مجبور کر رہے ہیں کہ صرف اللہ تعالیٰ ہی اپنا حق ادا کرے۔ صرف حق لینا یاد رکھا ہے۔ صرف حق کو لینا ہی یاد نہ رکھیں بلکہ حق ادا کرنا بھی یاد رکھیں۔

گذشتہ کئی سالوں سے مَیں یہ تقریریں کرتا رہا ہوں ،یہ باتیں کرتا رہا ہوں کہ عورتوں کے اسلام میں کیا کیا حقوق ہیں۔ اب یہ حقوق تو آپ کے ہیں جو اللہ تعالیٰ نے دیے لیکن کچھ فرائض بھی ہیں جن کو آج میں بیان کر رہا ہوں ۔یہ فرائض بھی اب ادا کریں گی تبھی آپ کے بھی حق قائم ہوں گے۔ پس اس طرف بھی توجہ دیں۔

پھر آپؑ نے دعاؤں کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ دعائیں کرو اپنے سجدوں میں دعائیں کرو۔ اپنے رکوع میں دعائیں کرو ۔عام حالات میں بھی اور مشکل حالات میں بھی دعا کرو اور ہمیشہ یہ دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ تُو بے نیاز ہے اور ہمیں پتہ نہیں کہ کب کون سی مصیبت آنے والی ہے ۔اس لیے اللہ تعالیٰ ہمیں ہر مشکل سے بچا کر رکھے اور ہمیشہ اپنی پناہ میں رکھے۔ جب یہ ہوگا تو پھر تم دیکھو گے کہ کس طرح اللہ تعالیٰ تمہارے ہر کام سنوارتا چلا جائے گا کیونکہ تم اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر یہ کام کر رہے ہو۔ آپؑ نے فرمایا یہ

ممکن ہی نہیں کہ جو دعائیں کرنے والا انسان ہو وہ کبھی محروم رہے۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد3صفحہ 66، ایڈیشن 2022ء)

پس اگر تمہاری توجہ ہمیشہ دعاؤں کی طرف رہے گی تو تم کبھی محروم نہیں رہوگی اور اللہ تعالیٰ تمہیں اپنے فضل سے نوازتا چلا جائے گا۔

پھر اسی طرح اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اپنے اخلاق کو بھی درست کرو۔ زبان کو قابو میں رکھو۔ ہر شخص سے نرمی اور خوش اخلاقی سے پیش آؤ اور سخت زبانی کرنے والے سے بھی نرمی کا سلوک رکھو۔ لڑائی جھگڑوں سے پرہیز کرو۔ تکبّر سے پرہیز کرو۔ یہ چیزیں ایسی ہیں کہ جب تم ایسا کرو گے تو خدا تعالیٰ ان کے بدلے میں بھی تمہیں اپنے قرب سے نوازے گا۔ آپؑ نے فرمایا کہ جو تمہیں تکلیف دے اس سے اچھے اخلاق سے پیش آنا تو لازمی ہے لیکن یہ تو انتہائی بری بات ہے اور بداخلاقی ہے کہ کسی کی دل آزاری کی جائے یا کسی سے سخت زبانی کی جائے اور دوسروں کو صدمہ پہنچایا جائے۔ آج کل کے معاشرے میں ہمارے گھروں میں بھی بہوؤں اور ساسوں میں بھی اور دوسرے رشتوں میں بھی یہی باتیں ہوتی ہیں کہ ایک دوسرے سے ذرا سا شکوہ پیدا ہو جائے تو پھر سخت سخت الفاظ کہے جاتے ہیں یا کسی کو اس طرح تنگ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اس کو کسی نہ کسی طرح تکلیف دی جائے۔ آپؑ نے فرمایا کہ اگر ایسی حالت ہے تو یہ ایک مومن کا شیوہ نہیں ہے ۔اس سے تو پھر تم اللہ تعالیٰ کا قرب نہیں حاصل کر سکتے۔ اس سے تم بیعت کا حق ادا نہیں کر سکتے۔ آپؑ نے فرمایا کہ جو لوگ کمزور ہیں، جو لوگ اعمال میں سست ہیں جن میں کمزوریاں ہیں اخلاقی کمزوریاں ہیں یا عملی کمزوریاں ہیں ان سے بھی تمہارا حسنِ سلوک ہونا چاہیے۔ ان کی تربیت کی طرف تمہاری توجہ ہونی چاہیے اور جب تم ایسا کرو گے تو پھر تم اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے والے بن سکو گے۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد3صفحہ 142-143، ایڈیشن 2022ء)

آپؑ نے فرمایا کہ ہماری جماعت اگر عملی نمونہ نہیں دکھاتی تو پھر وہ اپنے عمل سے میری عدمِ ضرورت ثابت کرتی ہے۔ یہ ثابت کرتی ہے کہ میرے آنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ بیعت کرنے کا پھر کوئی فائدہ نہیں۔ پس آپؑ نے فرمایا کہ

اگر ایک حقیقی احمدی بننا ہے۔ اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کا قرب پانے والا بنانا ہے تو پھر اپنی عبادتوں کے معیار بھی اچھے کرنے پڑیں گے۔اپنے اخلاق کے معیار بھی اچھے کرنے پڑیں گے اور اپنی عملی حالتوں کو بھی درست کرنا پڑے گا۔

آپؑ نے فرمایا کہ ہماری جماعت اس بات کے لیے نہیں ہے کہ جیسے عام دنیا دار زندگی بسر کرتے ہیں۔ ہم صرف یہ دیکھ کر دنیا داروں سے متاثر نہ ہو جائیں کہ دنیا دار ایسا کرتے ہیں بلکہ ہمارے مقاصد بہت اونچے ہیں۔ ہم نے دنیا داروں کی اصلاح کرنی ہے ۔ان کی تربیت کرنی ہے ۔ان کو صحیح راستے پر لے کر آنا ہے۔ ان کو خدا تعالیٰ کا قرب دلانے والا بنانا ہے ان کو دین کی طرف لانے والا بنانا ہے۔

آج کل دنیا میں مذہب سے دوری ہو رہی ہے۔ دہریت کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے ۔تو ہم نے اپنی دعاؤں سے ،اپنے عمل سے دنیا کو بتانا ہے کہ حقیقت کیا ہے۔ دنیا کو بتائیں کہ خدا کی طرف آؤ !اسی میں تمہاری بقاء ہے ۔نہیں تو دنیا جس تباہی کی طرف جا رہی ہے وہ بڑی خوفناک تباہی ہے۔ ان دنیا والوں کو اس بات کا احساس ہی نہیں ہے ۔اور آہستہ آہستہ یہ دنیا ختم ہو جائے گی یا سخت عذاب میں مبتلا ہو جائے گی جس کا تصوّر بھی انسان نہیں کر سکتا۔پس ہم نے دنیا کو سنبھالنا ہے۔ دنیا کو بچانا ہے ۔اس کے لیے ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہیے ۔

آپؑ نے فرمایا کہ تمہاری زندگی عام دنیا دار کی زندگی نہیں ہونی چاہیے۔ نرا زبان سے یہ کہہ دینا کہ مَیں سلسلے میں داخل ہو گیا ہوں اور عمل نہ ہو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ حقیقی مسلمان تو وہی ہے جس کا قول اور فعل سب برابر ہوں۔ آپؑ نے فرمایا کہ خدا تعالیٰ نے تو مجھے اصلاح کے لیے کھڑا کیا ہے ۔مسیح موعود علیہ السلام کو اصلاح کے لیے کھڑا کیا ہے۔ پس اب اگر میرے ساتھ تعلق رکھ کر بھی اپنی حالت کی اصلاح نہیں کرتے اور اپنی عملی قوّتوں کو ترقی نہیں دیتے اور اپنے زبانی اقرار ہی کو کافی سمجھتے ہو کہ بس ہم نے بیعت کر لی اور یہی کافی ہے تو پھر تم اپنے عمل سے میری عدم ِضرورت کو بتا رہے ہو کہ میرے آنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ اب اگر اپنے عمل سے تم یہ کہنا چاہ رہے ہو کہ تمہارا عمل اس کے مطابق نہیں جو مَیں تعلیم دے رہا ہوں اور جو حقیقت میں اسلام کی تعلیم ہے تو پھر میرا آنا بے سود ہے۔ تمہارا عمل اور جو تمہارا حال ہے وہ بزبان حال یعنی اپنی زبان سے یہ کہہ رہا ہے کہ میرے آنے کا کوئی مقصد نہیں۔

آپؑ نے فرمایا کہ اگر میرے ساتھ تعلق پیدا کرتے ہو تو میری اغراض اور مقاصد کو پورا کرو اور وہ یہی ہیں کہ خدا تعالیٰ کے حضور اپنا اخلاص اور وفاداری دکھلاؤ۔ قرآن کریم کی تعلیم پر اس طرح عمل کرو جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کر کے دکھایا اور آپؑ کے صحابہؓ نے کیا۔ قرآن شریف کے صحیح منشا کو معلوم کرو اور اس پر عمل کرو۔

خدا تعالیٰ کے حضور اتنی ہی بات کافی نہیں ہو سکتی کہ زبان سے اقرار کر لیا اور عمل میں کوئی روشنی اور سرگرمی نہ پائی۔ بار بار آپؑ نے اس طرف توجہ دلائی ہے۔ آپؑ نے فرمایا کہ زبان سے اقرار تو کافی نہیں ہے ۔

یاد رکھو! وہ جماعت جو خدا تعالیٰ قائم کرنی چاہتا ہے وہ عمل کے بدوں زندہ نہیں رہ سکتی۔ بغیر عمل کے یہ جماعت زندہ نہیں رہ سکتی۔ یہ عظیم الشان جماعت ہے جس کی تیاری حضرت آدمؑ کے وقت سے شروع ہوئی تھی۔ کوئی نبی دنیا میں نہیں آیا جس نے اس دعوت کی خبر نہ دی ہو۔ پس اس کی قدر کرو اور اس کی قدر یہی ہے کہ اب اپنے عمل سے ثابت کر کے دکھاؤ کہ اہل حق کا گروہ تم ہو۔

(ماخوذ از ملفوظات جلد3صفحہ 165-166، ایڈیشن 2022ء)

چاہے وہ عورت ہے یا مرد ہے، بچہ ہے یا جوان ہے یا بوڑھا ہے، ہم میں سے ہر ایک کو یہ کوشش کرنی ہوگی کہ ہم اپنے عمل سے دین کی حقیقی تعلیم پر عمل کریں۔ ہم نے خدا تعالیٰ کے حکموں پر عمل کرنا ہے۔خدا تعالیٰ کی محبت اپنے دلوں میں پیدا کرنی ہے اور اپنے اخلاق کو بلند کرنا ہے اور جب یہ ہوگا تبھی ہم حقیقت میں جماعت میں شامل ہونے کا حق ادا کرنے والے ہوں گے۔

پس

آج آپ لوگ جنہوں نے اگلی نسلوں کی تربیت کرنی ہے۔ انہیں جماعت سے جوڑنا ہے۔ انہیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی بیعت کا حق ادا کرنے کی طرف توجہ دلانی ہے۔ انہیں اپنے عہدِ بیعت کو پورا کرنے کا فہم اور ادراک دینا ہے جبکہ وہ دین کو دنیا پر مقدّم رکھیں اس کے لیے ان کی تربیت کرنی ہوگی تو پھر آپ کو صرف دنیا کی جاہ وحشمت میں نہیں ڈوبنا بلکہ خداتعالیٰ کی طرف پہلے سے بڑھ کر توجہ کرنی چاہیے۔جوں جوں ہم زمانۂ  نبوت سے دور جا رہے ہیں کمزوریاں بھی بڑھتی جا رہی ہیں اور ان کمزوریوں کو دور کرنے اور خود بھی اللہ تعالیٰ کے قریب رہنے کا صرف ایک ہی ذریعہ ہے کہ ہم اپنی عبادتوں کے معیار بڑھائیں اور اپنے علمی معیار بھی بڑھائیں تاکہ اپنے بچوں اور نسلوں کے سوالوں کا جواب بھی دے سکیں اور تبلیغ کے میدان میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔

جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا بہت سارے بچے سوال کرتے ہیں تو والدین کو ان کے جواب دینے چاہئیں اور وہ اسی صورت میں ممکن ہے جب وہ اپنا دینی علم بڑھائیں گے اور خدا تعالیٰ سے اپنا تعلق بھی پیدا کریں گے۔ بہرحال اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے کے لیے یہ معیار ہیں اور اپنے معیاروں کو ہمیں بڑھانا ہوگا۔ دجالی چالوں کے جال میں نہ پھنس جائیں کہ ہمارے دین میں یا اسلام میں عورت کے حقوق کیا ہیں یا ہمارے حقوق کیا ہیں۔ اسلام نے عورت کو جوحقوق دیے ہیں وہ کسی مذہب نے نہیں دیے اور نہ کسی حکومت نے دیے ہیں اور اس زمانے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام صادقؑ نے تو ہمیں یہ کھول کر بیان کر دیا ہے کہ عورت کے کیا حقوق ہیں اور آپؑ نے کھول کر بیان کر دیا ہے کہ عورت کو اسلام نے کیا مقام دیا ہے اور اسلامی تعلیم کی روشنی میں عورت کس درجے پر قائم ہے۔

ایک احمدی عورت کو ہر وقت یاد رکھنا چاہیے کہ وہ اسلام کو ماننے والی اور اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنے والی ہے اور حقیقی اسلام کی خادمہ ہے۔ اس لیے اسے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق بڑھانے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ دینی علم کو بڑھا کر آپ نے دنیا کے معترضین کے منہ بند کرنے ہیں۔ تبلیغ کے میدان میں بھی آپ نے آگے بڑھنا ہے۔ نہ صرف آپ نے آگے بڑھنا ہے بلکہ اپنی نسلوں کو بھی آگے بڑھانا ہے تاکہ اسلام کی خوبصورت تعلیم جسے دنیا کے کونے کونے میں پھیلانا ہمارا مقصد ہے اس کو پھیلانے کے لیے ہم صحیح کردار ادا کر سکیں۔

پس

اگر آج آپ نے اپنے عہدِ بیعت کا پابند ہوتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نصائح پر عمل کر لیا تو آپ اپنی بقاء کے بھی سامان کرنے والی ہوں گی اور اپنی نسلوں کےدین و دنیا کو بھی سنبھالنے والی ہوں گی اور ان کی بقاء کے سامان کرنے والی ہوں گی۔

اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ اب دعا کر لیں

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ برطانیہ اور بیلجیم کے سالانہ اجتماعات سے سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا پُر معارف اختتامی خطاب

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button