حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات مورخہ18؍ تا 21؍ جولائی 2019ء
مورخہ18؍ تا 21؍ جولائی 2019ء کے دوران حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…19؍ جولائی بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے مسجد بیت الفتوح،مورڈن ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ ميں اخلاص و وفا کے پیکر بدری صحابہ رضی اللہ عنہم کی سیرتِ مبارکہ کا دلنشین تذکرہ فرمايا۔ نیز مکرم نواب مودود احمد خان صاحب (امیر جماعت احمدیہ ضلع کراچی )اور خلیفہ عبد العزیز صاحب (نائب امیر جماعت کینیڈا )کی وفات پر ان کا ذکر خیر فرمایا اور بعد نماز جمعہ ان کی نمازِ جنازہ (غائب)پڑھائی۔
…آج شام حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اسلام آباد ٹلفورڈ میں دفتر ٹیلیفون ایکسچینج کا معائنہ فرمایا، نیز اسلام آبا کے بعض حصوں میں جاری تعمیرات کا معائنہ فرمایا اور ہدایات عطا فرمائیں۔
٭…21؍ جولائی بروز اتوار:حضورِانور نے مسجد مبارک اسلام آباد ميں نمازِ عصر پڑھانے کے بعد عزیزہ غزالہ حفیظ (واقفۂ نو) بنت مکرم حفیظ احمد صاحب (لیمنگٹن سپا۔ یوکے) کا نکاح ہمراہ مکرم حنیف احمد مارٹی صاحب (واقفِ نو۔ برمنگھم) ابن مکرم نوید مارٹی صاحب (فرانس) پڑھایا اوراس نکاح کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کروائي۔ نيز فريقَين کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارک باد دی۔
ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز
مورخہ15؍تا 21؍ جولائی 2019ء کے دوران حضورِ انور نے چھے روز دفتري اور چھے روز ذاتي ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، ذيلي تنظيموں کے صدور ، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہنمائي حاصل کي۔
اس عرصہ کے دوران130؍ فيمليز اور58؍ احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 18؍ ممالک سے تھا جن ميں کینیڈا، امریکہ، ہالینڈ، ڈنمارک، جرمنی، ناروے، سوئٹزر لینڈ، فلپائن، آئرلینڈ، اٹلی، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، انڈیا، یوکے اور بعض عرب ممالک شامل ہیں۔
اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا
٭…٭…٭