متفرق

وٹامنز اوران کی افادیت

وٹا من سے اِس زمانے میں ہر انسان واقف ہے۔ لیکن بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہوں گے کہ اصلی اور قدرتی طریقے سے کونسا وٹامن کن چیزوں میں پایا جاتا ہے۔ بے شمار کمپنیاں وٹامن پر مشتمل ادویات فروخت کرتی ہیں۔ لیکن ان میں زیادہ تر مصنوعی یا برائے نام ہی وٹامن کے اجزا ہوتے ہیں۔ مصنوعی طریقے سے حاصل شدہ وٹامن مؤثر نہیں ہوتے۔ خاکسار آپ کو وہ چیزیں بتانے جا رہی ہے جن میں اصلی اور قدرتی وٹامن پائے جاتے ہیں۔ مگر یاد رہے بعض مواقع مثلاً دوران حمل یا بعض دوسرے مسائل کے دوران مصنوعی وٹامنز ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق لینا بہت ضروری ہوتا ہے۔

وٹامن A

مکھن ، دودھ ،کریم ، سبز ترکاریوں ، دیسی انڈے کی زردی ،کلیجی ، مچھلی ، گاجر میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کمی سے بینائی کی کمزوری ، نشوونما میں کمی، جسم میں قوت مدافعت کی کمی، مہاسے، پھنسیاں ، جِلد خشک ہونا، جنسی اور اعصابی کمزوری ہو سکتی ہے۔

وٹامن B

دالوں ، شلغم ، ٹماٹر، سبزیوں ، سیب ، کیلا ،کھجور، مغزیات، مونگ پھلی میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کمی سے فالج، معدہ اور آنتوں کی بیماریاں ،قبض ، امراض قلب ، خون کی کمی، بچوں میں نشوونما کی کمی وغیرہ ہوسکتی ہے۔

وٹامن C

تازہ پھلوں کا رس ، لیموں ، گوبھی ، ٹماٹر ، پپیتا ، مالٹا ، چکوترہ ، سنگترہ میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کمی سے مسوڑھوں کی سوزش اورجریان خون جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

وٹامنD

دودھ ، مچھلی کےتیل ، انڈے، بالائی، دھوپ میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کمی سے ہڈیوں اور دانتوں کی کمزوری، ہڈیوں کا ٹیڑھا ہونا، سوکھا ہونا، تشنج جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

وٹامن E

گندم ، چنا ،سبز پتوں ، گوشت ، مچھلی ، انڈا ، بنولہ میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کمی سے گردوں اور پٹھوں کی کمزوری ، قوت تولید میں کمی ، بانجھ پن اور حمل گرنا جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

وٹامن K

پالک ، ٹماٹر،کلیجی ،گوبھی اور سویا بین میں پایا جاتا ہے۔ اس کی کمی سے خون میں انجماد میں کمی، جگر کے امراض اور یرقان جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

دوران حمل خون کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بعض خواتین کے لیے اسٹرابیری،کھجور اور بلیو بیریز کا روزانہ استعمال ایک ہفتہ کے اندر ہی کافی مقدار میں خون بننے میں مددگار ثابت ہوتاہے۔

(مرسلہ: مسز منظر محمود۔ جرمنی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button