بندوکو ریجن،آئیوری کوسٹ میں دو مساجد اور مشن ہاؤس کا افتتاح
افتتاح مسجد بیت النعیم،جماعت احمدیہ بریدا:اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ بریدا(Gbreda) گاؤں میں تعمیر کی گئی مسجد بیت النعیم کے افتتاح کی توفیق ملی۔بریدا گاؤں، بندوکو شہر سے ۴۲؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ بروز ہفتہ مکرم عبدالقیوم پاشاصاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مع ممبران نیشنل عاملہ اور ریجنل مبلغ سلسلہ گاؤں میں پہنچے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرانسیسی اور کولانگو (Koulango) ترجمہ کے ساتھ ہوا۔قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ کے بعد معلم سلسلہ وترا عبداللہ صاحب نےجماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا جس کے بعد بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے اسلام امن کا مذہب کے عنوان سے تقریر کی۔ مکرم امیر و مشنری صاحب انچارج نے ’’تعمیر مساجد کی اہمیت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے تقریر کی۔ بعد ازاں ڈپٹی گورنر صاحب نےاپنی تقریر میں جماعت کی امن کی تعلیم اور انسانی ہمدردی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔اس کے بعد مکرم امیرصاحب نے تختی کی نقاب کشائی کی اور مہمانان سمیت مسجد کا جائزہ لیا اور انہیں مسجد کا تعارف پیش کیا گیا۔اس مسجد کاسنگ بنیاد ۲۰۱۶ء میں رکھا گیا تھا۔مسجد ۶۴؍مربع میٹر کے احاطہ پر مشتمل ہے۔ بعد تعارف مہمانوں کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں گورنر کے نمائندہ اور ڈپٹی گورنر صاحب کے علاوہ ۱۴۰؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
افتتاح مسجد بیت الثناء، جماعت احمدیہ یاؤلاکو:یاؤلاکو (Yaolako)، ریجن بندوکو کے ایک ڈیپارٹمنٹ ناسیاں (Nassian) کا گاؤں ہے جہاں جماعت کو دوران سال مسجد کی تعمیر کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس مسجد کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد مورخہ ۱۰؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو ہوا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم امیر و مشنری صاحب انچارج تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرانسیسی نیز کولانگو ترجمہ سے ہوا۔ حضرت مسیح موعودؑ کے ایک عربی قصیدہ کے بعد مقامی زبان میں مقامی معلم سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اورامیر صاحب نے مساجد کی اہمیت پر تقریر کی۔ بعد ازاں ڈپٹی میئر صاحب نے اپنی تقریر میں جماعتی خدمات کو سراہا۔اس تقریب کے بعد امیر صاحب نے تختی کی نقاب کشائی کر کے دعا کے ساتھ مسجد کا افتتاح کیا اور مہمانان کے ساتھ مسجد کا جائزہ لیا جس دوران انہیں مسجد کی دیگر تفاصیل سے آگاہ کیا گیا۔ سال ۲۰۲۳ء کے آغاز میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔یہ مسجد بھی ۶۴؍مربع میٹر احاطہ پر مشتمل ہے۔اس تقریب میں ریجنل سربراہ برائے ائمہ مساجد، ڈپٹی میئر اور ڈپٹی گورنر صاحب کے علاوہ ۳۰۰؍ سے زائد مردو خواتین نے شرکت کی۔ہر سہ پروگرام کے دوران نیشنل چینل اورآن لائن چینلز کے صحافی بھی کوریج کےلیے موجود تھے۔مشن ہاؤس نیز دونوں مساجد کے کام کروانے کی سعادت ریجنل مبلغ سلسلہ شاہد احمد صاحب کو حاصل ہوئی جبکہ مسجد بریدا کے ابتدائی کام کی سعادت شہزاد ساہی صاحب سابق مبلغ سلسلہ کو بھی حاصل ہوئی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مشن ہاؤس نیز مساجد کی تعمیر کے بابرکت نتائج پیدا کرے اور یہ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی اشاعت اور عوام الناس کی ہدایت کا باعث بننے والی ہوں۔ آمین
افتتاح ریجنل مشن ہاؤس بندوکو:اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ(Côte d‘Ivoire) کو مرکز ی منظور ی کے ساتھ ماہ جون ۲۰۲۳ء میں بندوکو(Bondoukou) شہر میں ریجنل مشن ہاؤس کی تعمیر کی سعادت نصیب ہوئی۔بندوکو شہر کو آئیوری کوسٹ میں ہزار مساجد کا شہر کہا جاتا ہے جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے۔گذشتہ سال یہاں احمدیہ مسجد کا بھی افتتاح کیا گیا تھا۔جبکہ ایک معلم ہاؤس کی تعمیر بھی جاری ہے نیز مستقبل قریب میں احمدیہ لائبریری بھی یہاں تعمیر کی جائےگی۔ان شاءاللہ۔ تعمیر کردہ مشن ہاؤس، تین کمروں،ٹی وی لاوٴنج،کچن اور تین واش رومز پر مشتمل ہے جس کا احاطہ ۳۷۵؍ مربع میٹر ہے۔ مکرم امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے دعا کے ساتھ مورخہ ۸؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک مشن ہاؤس کا افتتاح کیا۔افتتاح کی اس تقریب میں ریجنل سربراہ برائے ائمہ، شہر کے میئر نیز ریجن کے گورنر(Préfet)نے بھی شرکت کی۔ اس دوران ریجنل مشنری صاحب نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ لوکل چینل البیان کے نمائندہ نے مکرم امیر صاحب اور بالو احمد صاحب معلم سلسلہ سے انٹرویو بھی لیا۔شاملین میں جماعتی لٹریچر اور کتابچے بھی تقسیم کیے گئے جس کے بعد مہمانان کرام کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی اور پروگرام کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)