صدر مملکت گیمبیا جناب آداما بارو (Adama Barrow) صاحب کی ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول میں تشریف آوری
مورخہ ۲۵؍ نومبر۲۰۲۳ء بروز ہفتہ گیمبیا کے صدر عزت مآب آداما بارو (Adama Barrow) صاحب نے جماعت کے ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول بصےکا دورہ کیا۔ تاریخ میں پہلی بارموصوف نے اس سکول میں دورہ کیا۔آپ چار بجے سہ پہر اپنی ٹیم اور سیکیورٹی کے ہمراہ سکول میں تشریف لائے جہاں پر وزیر تعلیم، سکول کے پرنسپل، مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت گیمبیا، نیشنل عاملہ کے ممبران، ایریا مشنریز، سکول کے اساتذہ اور جملہ طلبہ سکول موصوف کا استقبال کرنے کے لیے کھڑے تھے۔ صدر مملکت نے احباب سے مصافحہ کرنے کے بعد سکول میں نئے زیر تعمیر اسمبلی ہال کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا کو انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت احمدیہ کا طرہ ٔامتیاز ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہمارے ملک میں انسانیت کی خدمت کررہی ہے اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ خصوصاً طب اور تعلیمی میدان میں جماعت کی گرانقدر خدمات ہیں جن کو ہم بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر وزارت تعلیم کے منسٹر کلاڈیانا آیو کولی صاحب نے بھی اپنےخیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا۔اس کے بعد مکرم امیر صاحب گیمبیا نے صدر مملکت کا سکول کے دورہ کے لیےتشریف آوری پرشکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ جماعت احمدیہ حکومت کے ساتھ مل کر انسانیت کی خدمت کرتی رہے گی۔
اس کے بعد صدر مملکت نے حکومتی عہدیداروں کے ساتھ سکول کے ایک حصہ کا دورہ کیا اور پھر پرنسپل کے دفتر میں گئے۔ وہاں پر سکول کے پرنسپل کارامو طورے صاحب نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سکول میں عمارتوں کی کمی کی وجہ سے ہم زیادہ طلبہ کو داخل کرنے سے قاصر تھے لیکن نئی عمارت کے مکمل ہونے کے بعد ہم زیادہ تعداد میں طلبہ کو داخلہ دے سکیں گے۔ اس کے لیے ہم شکرگزار ہیں۔
اس کے بعد ریجن کے گورنر سمبا باہ صاحب نے صدر مملکت کو بتایا کہ ناصر سکول ریجن میں بہترین کار کردگی دکھا رہا ہے اور کئی سالوں سے یہ اس سکول کی تاریخ ہے۔گورنر نے بتایا کہ میں بھی اسی سکول سے پڑھا ہوں۔ انہوں نے امیر صاحب کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مزید کہا کہ ریجن میں جب کوئی قدرتی آفت آتی ہے تو جماعت احمدیہ متاثرین کی مدد کے لیے سب سے آگے ہوتی ہے۔
صدر مملکت کے اس اہم اور تاریخی دورے کو بہت سے میڈیا چینلز نے ریکارڈ کیا اور مکمل تفصیلی رپورٹ اپنے ٹی وی اور ریڈیو چینلز پر نشر کی جن کے ذریعہ بہت وسیع پیمانے پر جماعت کا پیغام پھیلا۔ الحمد للہ
اس تقریب سے اگلے دن مکرم امیر صاحب کی قیادت میں ایک جماعتی وفد گورنر سے ملاقات کے لیے گیا جس میں امیر صاحب نے گورنر کا شکریہ ادا کیاکہ انہوں نے صدر مملکت کا جماعتی سکول کا دورہ ممکن بنانے میں مدد کی۔گورنر نے بھی وفد کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں یہ ملاقات اختتام کو پہنچی۔
(رپورٹ:مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)