خطبہ نکاح فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 08 مارچ 2015ءبروز اتوار مسجد فضل لندن میں درج ذیل نکاحوں کا اعلان فرمایا:۔
خطبہ مسنونہ کی تلاوت کےبعدحضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:۔
اس وقت مَیں چند نکاحوں کے اعلان کروں گا۔ ان میں سے پہلا نکاح ہے عزیزہ درّیہ منور واقفۂ نو ہیں اور مکرم صدیق احمد منور صاحب کی بیٹی ہیں جو اس وقت گیانا میں مبلغ انچارج ہیں۔یہ عزیزم ملک فرحان احمد ابن ملک رفاح الدین صاحب ربوہ کے ساتھ دو لاکھ پاکستانی روپے حق مہر پرطے پا رہا ہے۔
عزیزہ دریّہ منور کے دادا حضرت میاں مہر دین صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے اور ملک فرحان احمد کے دادا ملک فتح محمد صاحب نے 1934ء میں احمدیت قبول کی۔ پھر 1940ء میں قادیان جا کر وقفِ زندگی کیا اور وہاں تحریک جدید کے تحت خدمات بجا لاتے رہے۔ اس وقت لڑکا اور لڑکی دونوں یہاں موجود نہیں۔ ان کے وکیل ہیں۔ مکرم عطاءالمجیب راشد صاحب لڑکی کے اور مکرم عبدالغنی جہانگیر خانصاحب لڑکے کی طرف سے وکیل ہیں۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
اگلا نکاح عزیزہ شمائلہ بھٹی بنت مکرم محمد احمد سعید بھٹی صاحب کا ہے جو عزیزم عمران احمد خالد مربی سلسلہ ا بن مکرم طاہر احمد خالد صاحب کے ساتھ تین ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔
عمران خالد بھی ایک تو واقف زندگی ہے جیسا کہ میں نے بتایا ۔مربی سلسلہ ہیں اور گزشتہ سال یہ جامعہ احمدیہ یوکے سے فارغ ہوئے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یوکے جامعہ احمدیہ سے اب کافی مبلغین فارغ ہو رہے ہیں اور میدان عمل میں آ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو اپنے خدمت کے حق ادا کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔یہ صحابی کی نسل میں سے بھی ہیں۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
اگلا نکاح عزیزہ انعم سلیم واقفۂ نو کا ہے جو مکرم سلیم احمد صاحب( سیالکوٹ) کی بیٹی ہیں۔ یہ عزیزم ڈاکٹر منصور احمد واقف نَو امریکہ کے ساتھ دس ہزار یو ایس ڈالر حق مہر پر طے پایا ہے جو مکرم انوار احمد انوار مربی سلسلہ کے بیٹے ہیں۔ مکرم شہزاد احمد صاحب لڑکی کی طرف سے وکیل ہیں۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
اگلا نکاح عزیزہ ثمرین احمد بنت مکرم مبشر احمد صاحب (والٹن یوکے) کا ہےجوعزیزم ولید داؤد واقف نَو ابن مکرم محمد داؤد ناصر صاحب مانچسٹر کے ساتھ دس ہزار پاؤنڈ حق مہر پر طے پایا ہے ۔
یہ بھی دونوں، لڑکا اورلڑکی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ کی نسل میں سےہیں۔
حضور انور نے فریقین میں ایجاب و قبول کروایا اور پھر فرمایا:۔
دعا کر لیں اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے یہ رشتے بابرکت فرمائے۔
(مرتبہ:۔ظہیر احمد خان مربی سلسلہ۔انچارج شعبہ ریکارڈ دفتر پی ایس لندن)