جماعت احمدیہ بیلجیم کی جماعت لیئر اور دلبیک میں نیوایئرریسپشن کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لیئر کو مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ ’New Year Reception‘ کے نام سے ایک پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔
استقبالیہ ٹیم نے مکرم حسیب احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی نگرانی میں معزز مہمانان کا پُرجوش استقبال کیا اور ہر مہمان کو ہال کا دورہ کروایا جہاں جماعتی بک سٹال اور اسلام احمدیت کے تعارف و تعلیمات پر مشتمل نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔

پروگرام کا آغاز مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، نئے سال کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کی روشنی میں موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں انصاف اور قیام امن کے طریق بیان کیے۔ بعد ازاں مکرم حسیب احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے بھی امن عالم کے قیام کے حوالے سے تقریر کی۔ پھر چودھری ناصر احمد صاحب نے جماعتی خدمت خلق کے کاموں پر ایک پریزنٹیشن پیش کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی عالمی امن کی کوششوں پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔
شہر کے میئر نے ۲۰۲۶ء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں مدعو کیا گیا۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کی امن کے حوالے سے عالمی کوششوں کو سراہا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
ڈَچ زبان میں پیش کیے جانے والےاس پروگرام کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ رہا جس کے اختتام پر تمام مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس تقریب میں کل ۶۶؍مہمان شریک ہوئے۔

اسی طرح اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ دلبیک، کو بھی ۷؍فروری ۲۰۲۶ء کو مقامی کمیونٹی کے لیے ’New Year Reception‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم مسعود اختر ملک صاحب صدر جماعت بیان کرتے ہیں کہ پروگرام کی تیاری نیشنل سیکرٹری امور خارجہ مکرم شریف احمد صاحب کے مشورہ سے کی گئی، دعوت نامے تیار ہوئے اور احباب جماعت نے لوکل کونسل کے ذمہ داران، شہریوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا۔ تقریباً ۷۰؍مہمانوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ الحمدللہ
اس موقع پر اسلام احمدیت کے عقائد پر ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جس سے مہمانوں نے تعارف حاصل کیا اور مثبت تاثرات کا اظہار کیا کہ انہیں اسلام احمدیت کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
تقریب کا آغاز مکرم انور حسین صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم جنید ملک صاحب نے جماعت کا تعارف اور خدمت خلق پر ویڈیو پریزنٹیشن دکھائی۔ پھر مکرم آصف بن اویس صاحب مبلغ سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے ’Voice For Peace‘ کے موضوع پر تقریر کی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں امن کے قیام، اس کے ذرائع اور افراد کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
شہر کے میئر Mr. Stijn Quaghebeur نے اپنے تاثرات میں جماعت کے پیغام امن کو موجودہ دور کی اہم ضرورت قرار دیا اور اس پر عمل کی تلقین کی۔ مہمانوں نے خیرمقدم کے انداز اور جماعت احمدیہ کی خلافت کی زیر قیادت امن کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔ اطفال کے گروپ نے بیلجیم کا قومی ترانہ پیش کیا۔ آخر پر مکرم نائب امیر صاحب نے دعا کروائی اور بعد ازاں مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔
پروگرام میں اخبار indegazette کا نمائندہ بھی شامل تھا جس نے اخبار میں تفصیلی مضمون شائع کیا اور جماعت کے تعارف اور عملی خدمت انسانیت مثلاً وقار عمل، اولڈ ہاؤس وزٹ، بین المذاہب روابط، گرجا گھروں کے دورہ جات اور سماجی یکجہتی کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ اس نے لکھا کہ ضیافت محض کھانا نہیں بلکہ باوقار مکالمے کا ماحول تھا جہاں مختلف آراء کے حامل افراد نے پُرامن گفتگو کی۔ اس اشاعت کے ذریعہ ہزاروں افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ تمام خدمت کرنے والے احباب کو بہترین جزا عطا فرمائے اور شاملین کو وقت کے امام کو پہچاننے اور حق قبول کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کا Tampere شہر کا دورہ




