جماعت احمدیہ کی نئی اُردو ویب سائٹ کا اجراء
www.alislam.org/urdu
مورخہ 13؍ جنوری 2019ء کوامیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت جماعت احمدیہ کی مرکزی ویب سائٹ alislam.org پر اُردو حصّہ کی نئی ویب سائٹ کامعائنہ فرمانے کے بعد اپنے دست مبارک سےاس کا اجراء فرمایا۔ اس ویب سائٹ پر جانے کا پتہ alislam.org/urdu ہے ۔
اس ویب سائٹ کو ایک جدید ڈیزائن میں اُردو نستعلیق انداز ِتحریر کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے لئے ایک دفعہ اُردو فونٹ انسٹال کرلینے سے تمام تحریرات خوبصورتی سے دکھائی دینے لگتی ہیں۔ نئی ویب سائٹ کو خاص طور پر موبائل فون پربھی بآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس میں تمام کتب سلسلہ کو، جن کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے، ٹائٹل تصاویر کے ساتھ مزیّن کیا گیا ہے۔ اسی طرح تازہ خطبہ جمعہ کے ساتھ ساتھ گزشتہ خطبات جمعہ تاریخ اور مضامین کے حوالہ سے سے تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ اس میں ایک جدت یہ پائی جاتی ہے کہ آڈیو، ویڈیو کے علاوہ خطبہ جمعہ کا مکمل متن بھی پیش کیا جارہا ہے۔اور اس میں یہ سہولت بھی ہے کہ ہر قاری تحریر کو اپنی ضرورت کے مطابق چھوٹا بڑا کر سکتا ہے۔
اس ویب سائٹ کے پہلے صفحہ کا آغاز اوپر بائیں جانب ایک مختصر سے اقتباس سے ہوتا ہے جو منتخب آیات قرآنیہ، احادیث مبارکہ، ملفوظات و تحریرات حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خطبات خلفائے احمدیت سے لیا گیا ہے جو آپ کی توجہ کسی نہ کسی تعلیمی ، تربیتی یا تبلیغی موضوع کی طرف مبذول کراتا ہے۔اس کے نیچے ویب سائٹ سے کچھ تلاش کرنے کے لئے ایک خانہ دیا گیا ہے۔ اگر آپ اردو کی بورڈ(keyboard) سے واقف نہیں بھی ہیں تو کی بورڈ کی تصویر کھول کر اس پر کلک کرکے بھی ٹائپ کرسکتے ہیں۔ اس سرچ انجن کو مزید بہتر بنانے کے لئے اُردو مواد کا اضافہ جاری رہے گا۔
اس ویب سائٹ میں کچھ خاص صفحات ہیں جن میں متعلقہ مواد ایک ہی صفحہ پر دستیاب ہے۔ سب سے پہلے قرآن کریم کا صفحہ ہے جہاں پر تراجم و تفاسیر قرآن کے ساتھ ساتھ ترجمة القرآن کلاسز، تلاوت اور درس القرآن کی آڈیو ویڈیو اور تعلیم القرآن سے متعلق کتب سلسلہ ترتیب وار صفحہ کی زینت ہیں۔ اگلا صفحہ حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہے جس میں کتب احادیث، درس احادیث اور سیرة النبیؐ کی اردو کتب آپ کو مطالعہ کی دعوت دیتی نظر آتی ہیں۔اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بارہ میں صفحہ ہے جہاں پرآپؑ کے دعاوی اور ان کے دلائل کے علاوہ روحانی خزائن سے کتب کو ترتیب وار پیش کیا گیا ہے۔ ان کتب میں اکثر کتب کی آڈیو بھی موجود ہے جس کا لنک آپ کو متعلقہ کتاب کے صفحہ ہی سے مل جاتا ہے اور وہیں پر آپ سماعت فرما سکتے ہیں۔ مزید صفحات میں اللہ تعالیٰ ، عبادات، احمدیت یعنی حقیقی اسلام، خلافت، کتب سلسلہ، خطبات جمعہ، بآواز کتب ، شخصیات، تبلیغی حوالے اور پمفلٹ، اختلافی مسائل ، اعتراضات کے جوابات، اخلاقیات ، نظمیں وغیرہ شامل ہیں۔
کتب سلسلہ کو مختلف عناوین اور مصنفین کے زمروں میں تقسیم کرکے پیش کیا گیا ہے۔ مثلاً اگر آپ نے حضرت مصلح موعود ؓکے مجموعہ کتب انوارالعلوم سے کسی کتاب کا مطالعہ کرنا ہو تو آپ لائبریری میں کتب سلسلہ میں جاکر حضرت خلیفة المسیح الثانی ؓ کے نام پر کلک کریں تو وہاں آپ کو انوارالعلوم کی تمام جلدوں کا لنک مل جائے گا۔
الاسلام اُردو ویب سائٹ کی لائبریری میں مختلف عناوین کے تحت کتب اور الفضل انٹر نیشنل میں شائع شدہ مضامین پیش کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ شخصیات کے زیر عنوان انبیاء، خلفاء، صحابہ اوربزرگان کی سیرت کے صفحات بھی ہیں ۔ منظوم کلام کے لئے ایک علیحدہ صفحہ بنایا گیا ہے جہاں پر آپ نہ صرف کلام پڑھ سکتے ہیں بلکہ مترنّم آواز میں اپنی من پسندنظموں کو پلے لسٹ میں ڈال کر سن سکتے ہیں یا ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ایک صفحہ پر اردو زبان میں شائع ہونے والے جماعتی اخبارات و رسائل کی فہرست پیش کی گئی ہےجن پر کلک کر کے تازہ اور پرانا شمارہ پڑھا جا سکتا ہے۔ ماضی میں شائع ہونے والے اخبارات اور رسائل جو اَب شائع نہیں ہوتے وہ بھی دستیاب ہیں۔
حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ9؍اکتوبر 2015ءمیں فرمایا:
’’اس زمانہ میں احمدی خوش قسمت ہیں کہ جہاں اللہ تعالیٰ نے جدید سہولتیں اور ایجادات پیدا فرمائیں وہاں احمدیوں کو بھی ان سے نوازا۔ دین کی اشاعت کے لئے جماعت کو بھی یہ سہولت مہیافرمائی۔ ٹی وی، انٹرنیٹ اور ویب سائٹس وغیرہ پر جہاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کا کلام آج موجود ہے جس پر ہم جب چاہیں پہنچ سکتے ہیں۔ مختلف بڑی زبانوں میں ان کو دیکھ بھی سکتے ہیں اور سن بھی سکتے ہیں وہاں خلیفۂ وقت کے نصائح اور خطابات بھی وہاں سن پڑھ سکتے ہیں جو قرآن، حدیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کےکلام پر ہی مشتمل ہوتے ہیں‘‘
دعا ہے کہ ہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے ہوں۔
آپ اس نئی ویب سائٹ کے بارے میں اپنی رائے الاسلام ٹیم کو اس ای میل پر بھیج سکتے ہیں تاکہ اسے مزید بہتر بنایا جاسکے[email protected]
(رپورٹ: مسعود ناصر۔ ٹیم www.alislam.org)
٭٭٭