پیغام حضور انور

جماعت احمدیہ ڈنمارک کے جلسہ سالانہ 2019ء کے موقع پر حضرت امیر المومنین کا خصوصی پیغام

(امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بںصرہ العزیز)

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ نحمدہٗ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم۔ وعلیٰ عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھوالناصر

پیارے احباب جماعت احمدیہ ڈنمارک

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمدللہ کہ جماعت احمدیہ ڈنمارک کو 29تا 30 جون 2019ء اپنا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔اللہ تعالیٰ ا ٓپ کے جلسہ کو ہر لحاظ سے کامیاب و کامران کرےاور شاملینِ جلسہ کو اس کی روحانی برکات سے پوری طرح مستفیض ہونے کی توفیق دے۔آمین

اس جلسہ میں شاملین کے لیے میرا پیغام ہے کہ آپ میں سے ہر فردجماعت کو ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ آپ نے اس زمانہ کے امام کی بیعت کی ہے جس کے آنے کی ہر قوم منتظر تھی اور جسے آنحضرتﷺ نے سلام بھیجا ہے۔ایسے شخص کی طرف منسوب ہونا کوئی معمولی بات نہیں۔یہ بہت بڑا اعزاز ہے جو ایک احمدی کو ملا ہے۔اس اعزاز کی قدر کرنا ہر احمدی کا فرض ہے اور قدر یہ ہے کہ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔تقویٰ کی باریک راہوں پر چلنے کی کوشش کریں جن پر چلنے کے لیے اس جماعت کا قیام عمل میں آیا ہے۔آپ علیہ السلام نے جن باتوں کا ہم سے عہد لیا ہے ان کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی سعی کریں۔

سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ہر احمدی سے یہ توقع رکھی ہے کہ ہر قسم کے جھوٹ،لڑائی جھگڑا،ظلم،خیانت، فساد اور بغاوت سے ہر صورت میں بچنا ہے۔بعض لوگ ان باتوں کو معمولی سمجھتے ہیں۔اپنے کاروبار میں، اپنے معاملات میں جھوٹ بول جاتے ہیں۔خدا تعالیٰ نے اس کو شرک کے برابر ٹھہرایا ہے ۔اس لیے اس کو معمولی نہ سمجھیں اور سچائی کو اختیار کریں۔پھر آپس کے جھگڑے اور لڑائیاں ختم کریں اور اللہ کے بندے اور آپس میں بھائی بھائی بن جائیں۔اس کی بہت ضرورت ہے۔ر نجشیں مٹائیں،دوریوں کوختم کریں اور ایک وجود کی طرح بن جائیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جو شرائط ِبیعت رکھی ہیں ان میں یہ بھی ہے کہ نفسانی جوش کے تحت نہ زبان سے نہ ہاتھ سے کسی کو تکلیف نہیں دینی ۔ دین کودنیا پر مقدم کرنا ہے اور خالص خدا کے لیے ہو جانا ہے ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں ۔

‘‘یقیناً سمجھو کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک وہ لوگ پیارے نہیں ہیں جن کی پوشاکیںعمدہ ہیں اور وہ بڑے دولت مند ہیں جو دین کو دنیا پر مقدم کر لیتے ہیں اور خالص خدا کے لیے ہی ہو جاتے ہیں ……

پس تم اس امر کی طرف توجہ کرو۔ نہ پہلے امر کی طرف۔ خدا تعالیٰ سے سچا تعلق پیدا کرو اور اس کو مقد م کر لو۔’’

(ملفوظات جلد 4 صفحہ 597-596)

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے وصال کے بعد اللہ تعالیٰ نے اپنا خاص فضل فرماتے ہوئے جماعت کو ایک ہاتھ پر جمع رکھنے کے لیے خلافت کے نظام کو جاری فرمایا ہے اور قیامت تک جاری رکھنے کا وعدہ بھی فرمایا ہے۔ آپ نے ایک عہدِبیعت تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے کیا تھا اور ایک آپؑ کے بعد آپ علیہ السلام کے نام پر خلیفۃ المسیح سے کیا ہے جسے ہر احمدی کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ بیعت بیچ دینے کا نام ہے یعنی اپنی خواہشات، تمام تر خواہشات اور جذبات کو خد ا تعالیٰ کے حکموں پر قربان کرنے اوران کے مطابق اپنی زندگیاںگزارنے کا عہد ہے۔ پس خلافت سے کامل وفا اور اطاعت کا تعلق رکھیں ۔ بیعت وہی ہے جس میں کامل اطاعت ہو اور خلیفہ کے کسی ایک حکم سے بھی انحراف نہ کیا جائے ۔ اپنی اولاد در اولاد کو ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے اور اس کی اطاعت کی تلقین کرتے رہیں ۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ خلافت کی اطاعت میں نظامِ جماعت کی اطاعت بھی اہم بات ہے ۔ اس کے بغیر نہ نیکیاں ہیں اور نہ عہد کی پابندی ہے ۔ جماعت احمدیہ کی خوبصورتی نظامِ جماعت ہی ہے ۔ اگر خوبصورتی سے دور ہٹ گئے تو ہم میں اور دوسروں میں کوئی فرق نہیں رہے گا ۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ خلافت سے تو ہمارا وفا کا تعلق ہے لیکن جماعتی نظام سے اختلاف ہے ۔ ایسے لوگ یاد رکھیں کہ جماعتی نظام بھی خلافت کا بنایا ہوا ہے اس لیے نظامِ جماعت کی اطاعت بھی ضروری ہے ۔ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو جماعتی نظام سے جوڑیں۔ اپنی اپنی تنظیموں سے جوڑیں کہ دین ان کو ہمیشہ مقدم رہے ۔ ایم ٹی اے اس کے لیے بہترین ذریعہ ہے ۔ ہر گھر میں ایم ٹی اے دیکھنے کا انتظام ہونا چاہیے ۔ کم از کم ایک گھنٹہ روزانہ ایم ٹی اے سنیں اور دیکھیں ۔ میرے خطبات سنانے کا انتظام کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو خلافت احمدیہ اور نظام جماعت کا فرمانبردار بنائے تا کہ آپ اللہ کے فضلوں کے وارث بنیں جو اللہ تعالیٰ نے خلافت اور نظام جماعت کی اطاعت کے ساتھ وابستہ کیے ہیں ۔ آمین

والسلام

خاکسار

دستخط (مرزا مسرور احمد)

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button