پیغام حضور انور

لجنہ اماء اللہ ہالینڈ کی پچاس سالہ جوبلی کے موقع پر رسالہ ’’خدیجہ‘‘ کا خصوصی شمارہ شائع کرنے پر حضور انور کا خصوصی پیغام

اس پیغام کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہٗ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم۔ وعلیٰ عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ۔ ھوالناصر

پیاری ممبرات لجنہ اماء اللہ ہالینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ لجنہ اماء اللہ ہالینڈ اپنے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر جوبلی منارہی ہے اور اس موقعہ پر رسالہ ‘‘خد یجہ ’’کا خصوصی شمارہ شائع کرنا چاہتی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہرلحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین

مکرمہ صدرصاحبہ لجنہ نے اس موقع پر مجھ سے پیغام بھجوانے کی درخواست کی ہے۔ میرا پیغام یہ ہے کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا اس تنظیم کے قیام کا جو مقصد تھا اس مقصدکو اپنی عملی، اخلاقی اور روحانی ترقیات کے حصول میں پیش نظر رکھیں اور انہیں اپنے خلافت سے مضبوط تعلق میں استعمال کریں۔

لجنہ اماء اللہ کی بنیاد حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے 25؍ دسمبر1922ء کو رکھی۔ آپ نے ایک مضمون تحریر فرمایا جس میں آپ نے قادیان کی ایسی احمدی مستورات کو مدعو فرمایا جو اس کے مندرجات کی مؤید اوران سے متفق ہوںتاکہ ان مقاصد کے حصول کے لیے مل کر جلد کام شروع کیا جاسکے۔

آپ کے پیشِ نظریہ مقاصد تھے کہ عورتیں اپنا اوردوسری مستورات کا علم بڑھائیں۔ان کی اپنی انجمن ہوجس کے قواعدو ضوابط ہوں۔ وہ جلسوں میںاسلامی مسائل کی بابت اپنے لکھے ہوئے مضامین پڑھیں۔

اسلام کے واقف لوگوں کے لیکچربھی کروائیں۔ انجمن مستورات کی تمام کارروائیاں خلیفۂ وقت کی تیارکردہ سکیم اوراس کی ترقی کی خاطر ہوں۔ جماعت کے اتحاد کے لیے وہ دینی تعلیمات کے مطابق ہرقربانی کے لیے تیار رہیں۔ اخلاق اورروحانیت کی اصلاح اوراس کے ذرائع پر غوروفکران کے پیش نظرہو۔ بچوں کی تربیت میں اپنی ذمہ داری کو خاص طورپر سمجھیں کہ ان کی دینی زندگی چست ہو۔انہیں تکلیف برداشت کرنے والے بنائیں۔دین کے مسائل سے واقف کریں۔ان کے اندر خدا،رسولؐ، مسیح موعودؑ اورخلفاء سے محبت واطاعت کا جذبہ پیداکریں۔ ان میں زندگیاں وقف کرنے کا جوش پیدا کریں۔ تنظیم کی ممبرات باہمی تعاون سے کام کریں اوردوسروں کی غلطیوں کی چشم پوشی کریں اورصبروہمت کے اوصاف پیدا کریں۔ لوگوں کے ہنسی ٹھٹھہ کا بہادری اور ہمت سے مقابلہ کا مادہ پیدا کیاجائے تاکہ دوسری مستورات کے لیے سبق ہو۔ اس مقصدکے لیے دوسری خواتین کو اپنی ہم خیال بنائیں۔جماعت کسی خاص گروہ کا نام نہیں۔ چھوٹے بڑے،غریب امیر سب کا نام جماعت ہے۔ باہمی محبت اورمساوات پیداکرنے کی کوشش کی جائے۔ سب مدداور کامیابیاں اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتی ہیں اس لیے دعاکی جائے کہ وہ مقاصد الہام ہوں جوہماری پیدائش میں اس نے مدنظررکھے ہیں۔اس پر ابتداء ًتیرہ خواتین نے دستخط کیے جو حضوررضی اللہ عنہ کے فرمان پر حضرت ام المومنین رضی اللہ عنھا کے گھرمیں جمع ہوئیں۔ آپ نے انہیں خطاب فرمایا اوراس کے ساتھ ہی لجنہ کا قیام عمل میں آیا۔ حضوررضی اللہ کو اللہ تعالیٰ نے الہاماً بتایاکہ اگرتم پچاس فیصدی عورتوں کی اصلاح کرلوتواسلام کو ترقی حاصل ہوجائے گی۔چنانچہ آپ لجنہ اماء اللہ کی تربیت اورتنظیم کی طرف ہمیشہ بہت زیادہ اور گہری توجہ فرماتے رہے۔

پس ان مقاصد کو ہمیشہ مدنظررکھیں جن کے لیے لجنہ اماء اللہ کا قیام کیا گیاتھا ۔اس کے لیے خلیفۂ وقت سے دعاؤں اورراہنمائی کا حصول نہایت اہم ہے ۔اگرآپ ان بنیادی نصائح کو مدنظر رکھیںگی توان شاء اللہ آپ کے تمام پروگرام اور سکیمیں کامیاب ہوں گی اور آپ کا ہرقدم ترقی کی جانب ہوگا۔اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق عطافرمائے ۔آمین

والسلام

خاکسار

دستخط (مرزا مسرور احمد)

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button