نمازِ جنازہ حاضرو غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 18؍ اکتوبر 2019ءکونمازمغرب و عشاء سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت السبوح فرینکفرٹ میں مکرم مرزا عبد الحمید صاحب کی نمازِ جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نمازِ جنازہ حاضر
1۔ ۔مکرم مرزا عبد الحمید صاحب ۔ 13؍اکتوبر کو Wetzlar کے ہسپتال میں 73سال کی عمر میں وفات پا گئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
اپنی دس سالہ علالت سے پہلے آپ جماعتی اجلاسات اور مرکزی پروگرامز میں شامل ہوتے رہے اور چندہ جات بھی تا دمِ آخر باقاعدگی سے ادا کرتے رہے۔ اچھے اخلاق اور ملنسار شخصیت کے حامل تھے۔ مرحوم مکرم مرزا عبدالرؤف صاحب (سابق امیر ضلع اٹک ۔پاکستان)کے بیٹے اور مرزا عبدالرحیم انور صاحب (لندن) اورمکرم مرزا ظفر احمد صاحب (جرمنی)کے بھائی تھے۔ آپ نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
نماز جناز ہ غائب:
1۔ مکرم عبدالحفیظ خان صاحب : آپ مکرم عبدالحلیم بھٹی صاحب ممبر عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کے خالو تھے۔ آپ نوے سال کی عمر میں 16؍ اکتوبرکو ربوہ میں وفات پا گئے ہیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
مرحوم مکرم حافظ عبدالکریم صاحب کے بیٹے ،مکرم عبدالستار خان صاحب ، امیر جماعت گوئٹے مالا کے بڑے بھائی تھےاور مکرم حافظ مظفراحمد صاحب کے چچا تھے۔مرحوم نے ایک سال صدر انجمن احمدیہ میں بطور محاسب اور دس سال تک اپنے حلقہ میں بطور سیکریٹری مال خدمات سر انجام دیں۔ علالت تک آپ باقاعدگی سے مسجد میں جا کر باجماعت نمازیں ادا کرتے رہے۔ مرحوم موصی تھے اور پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
2۔مکرمہ سلیمہ بیگم صاحبہ اہلیہ محترم مولوی محمد اسماعیل اسلم صاحب واقف زندگی مرحوم (پنشنر تحریک جدید۔ دار العلوم غربی صادق ربوہ)۔ 31؍ اگست 2019ء کو 87 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولوی فضل الدین صاحب (آف مانگٹ اونچے۔ سا بق مبلغ حیدرآباد دکن و بہار)کی بیٹی تھیں۔ صوم و صلوۃ کی پابند ،تہجد گزار مہمان نواز، مخلص اور نیک خاتون تھیں ۔تلاوت قرآن کریم بڑے اہتمام سے کرتیں۔ الفضل اور جماعتی کتب کا با قاعدہ مطالعہ کرتی تھیں۔ خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ عقیدت و محبت کا خاص تعلق تھا۔ 1976ء میں آپ محلہ دارالیمن وسطی ربوہ کی صدر لجنہ مقررہوئیں اور تقریباً 15سال خدمت بجالاتی رہیں۔ اپنے بچوں کی تربیت بھی بہت عمدہ رنگ میں کی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم ناصر احمد محمود صاحب(آف ناروے)اور بہو کو نصرت جہاں سکیم کے تحت سیرا لیون میں خدمت کی توفیق ملی۔ دوسرے بیٹے مکرم طاہر احمد مبشر (مربی سلسلہ)ٹاؤن شپ میں اور ایک داماد مکرم نعمت اللہ جاوید صاحب (مربی سلسلہ)قصور میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کا ایک نواسہ جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہے ۔
3۔مکرمہ رضیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم منور احمد بٹ صاحب (ربوہ )۔29؍اگست 2019ءکو 85 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت پیر محمد صاحب کی پوتی تھیں۔دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والی اور سب کا خیال رکھنے والی ایک خوش اخلاق اور ہر دل عزیز خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹیاں ، چھ بیٹے اور متعدد پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں ۔آپ کے ایک پوتے مکرم صادق احمد بٹ صاحب (مربی سلسلہ)ترکی میں اور ایک نواسے مکرم بہزاد احمد صاحب(مربی سلسلہ)ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ ایک پوتے مکرم ساغر احمد بٹ صاحب جامعہ احمدیہ جرمنی میں زیر تعلیم ہیں ۔
4۔مکرمہ زبیدہ بی بی صاحبہ(مقتدی پور۔ضلع کٹک۔ انڈیا)۔آپ 28؍مارچ 2019ءکو 48سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پیدائشی احمدی تھیں ۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرتی تھیں۔ مرحومہ کا جماعت کے ساتھ اخلاص کا تعلق تھا۔
5۔مکرمہ امۃ الرشید بیگم صاحبہ(اہلیہ مکرم مولوی حمید اللہ خان صاحب معلم تعلیم القرآن کلاس مسجد مبارک ۔ربوہ )۔ 8 جون 2019ء کو 99 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔حضرت مصلح موعود ؓ کے دور خلافت میں اپنی شادی کے بعد آپ نے احمدیت میں شمولیت اختیار کی ۔ مرحومہ نے اپنے 9بچوں کی تربیت کے علاوہ گھر میں بہت سے بچوں بچیوں کو قرآن کریم کی تعلیم دی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭