مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ کی طرف سےفلاحی اداروں کو عطیات
مجلس انصاراللہ برطانیہ ہر سال چیریٹی واک فار پیس کے منصوبے کے تحت کئی لاکھ پاؤنڈز کے عطیات اکٹھےکرنے کا کام کرتی ہے جس میں برطانیہ کی تمام مجالس اور ریجن بھرپور طریقے سے اس کام میں مدد کرتے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ ریجن بھی پچھلے دس سال سے اس منصوبے کے تحت ہزاروں پاؤنڈزاکٹھے کرتا رہا ہے اور مختلف فلاحی اداروں کو یہ امداد سو فیصد ادا کردی جاتی ہے جو ہماری اس کاوش کو دوسری تنظیموں کے منصوبہ جات سے ممتاز بناتی ہے۔ اسکاٹ لینڈ ریجن نے امسال £15,000سے زیادہ کے عطیات جمع کرلیے ہیں اورابھی مزید £5,000 جمع کرنے ہیں۔ عطیات اکٹھا کرنے میں تمام انصار بھائیوں نے بہت محنت کی مگر ان میں نمایاں نام مکرم عبدالغفار عابد صاحب کا ہے جنہوں نے £5,450 کے عطیات روٹری کلب اسکاٹ لینڈ کی مدد سے جمع کیے۔ اس کے علاوہ اسکاٹ لینڈ ریجن کو امسال سالانہ اجتماع انصاراللہ میں عطیات اکٹھے کرنے کی کوشش میں خصوصی انعام سے بھی نوازا گیا۔الحمد للہ
مرکز کی منظوری کے بعد ان عطیات کی تقسیم کے لیے ایک جامع پروگرام بنایا گیا اور ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ذمہ مختلف کام جیسے فلاحی اداروں اورممبر آف یوکے و اسکاٹش پارلیمنٹ سے روابط، اپنے فلاحی منصوبہ جات کی سوشل میڈیا پر تشہیر جس سے تبلیغ کے بہت مواقع میسر آتے ہیں، ورچوئل پروگرام کی رواں نشریات وغیرہ شامل تھے۔
مورخہ19ستمبر2021ء دوپہر ساڑھے بارہ بجے تلاوت قرآن کریم و انگریزی ترجمہ کے ساتھ اس آن لائن پروگرام کا آغاز ہوا جسے یوٹیوب اور فیس بک پر نشر کیا گیا جس میں بہت سے مسلم و غیر مسلم احباب نے شرکت کی۔ مکرم احمد کوناڈو صاحب چیرمین چیئریٹی واک فار پیس اسکاٹ لینڈنے تمام حاضرین، مقررین اور فلاحی اداروں کے نمائندوں کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کا مقصد بیان کیا۔
مکرم نعیم ستار صاحب نے پریزنٹیشن دکھائی جس میں انصاراللہ برطانیہ کے اس فلاحی منصوبے کی تفصیل تھی۔ مزید اس میں ہمارے ریجن کی فلاحی خدمات جیسے بے گھروں کے لیے تازہ کھانا اور دوسرے عطیات کا بھی تصاویر کے ساتھ ذکر تھا۔
Kaukab Stewart صاحبہ جو اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ کی رکن ہیں کا ایک ویڈیو پیغام دکھایا گیا جس میں انہوں نے جماعت احمدیہ اسکاٹ لینڈ کی انسانیت کے لیے خدمات کا اعتراف کیا۔
Rt. Hon. Kirsten Oswald MP، نے مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے آن لائن فلاحی اداروں کے لیے امدادی چیک دینے کا سلسلہ شروع کیا اور ایک مختصر خطاب بھی کیا:
Erskine Charity: £700
Ronal McDonald House: £1,000
Hon. Linda Fabiani، رکن سکاٹش پارلیمنٹ، نے مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے آن لائن فلاحی اداروں کے لیے امدادی چیک دینے کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک مختصر خطاب بھی کیا:
Aberlour Children’s Charity: £800
Beatson Cancer Charity: £1,000
Rt. Hon. Alison Thewliss، رکن پارلیمنٹ نے مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے آن لائن فلاحی اداروں کے لیے امدادی چیک دینے کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک مختصر خطاب بھی کیا:
BJO Amara: £500
Glasgow Children’s Hospital Charity £1,000
Poppy Scotland: £5,455
ان عطیات کی ادائیگی کے بعد لارڈ پرووسٹ گلاسگو کونسلر فیلپ براٹ کا ایک ویڈیو پیغام دکھایا گیا جس میں انہوں نے پروگرام میں شامل نہ ہوسکنے کی معذرت کی اور جماعت احمدیہ کی انسانیت کے لیے خدمات کا کھل کر اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر جماعت کے بہت سے پروگراموں میں شامل ہورہے ہیں اور جانتے ہیں کہ مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ نے ہزاروں پاؤنڈ کے عطیات اکٹھے کرنے کے بعد ان کی ادائیگی بہت سی فلاحی تنظیموں کو کی ہے ۔ یقینی طور پر یہ مساعی رائیگاں نہیں جائے گی اور ضرورت مند لوگوں کی زندگی بدلنے میں اہم کردار ادا کرےگی ۔
مکرم طاہر نسیم احمد صاحب ناظم اعلیٰ مجلس انصاراللہ اسکاٹ لینڈ نے اپنے اختتامی خطاب میں تمام سیاستدانوں، حاضرین، مقررین اور فلاحی اداروں کے نمائندوں کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوتی اگر ہم آپ سب کو اپنی گلاسگو مسجد میں بلاتے اور کھانے سے تواضع بھی کرتے مگر کورونا کی وبا کی وجہ سے یہ پروگرام آن لائن کیا گیا ہے۔
آخر میں مکرم ظہیر احمد صاحب جتوئی چیرمین چیئریٹی واک فار پیس برطانیہ نے مختصر خطاب کیا اور بتا یا کہ آج کی تاریخ میں پورے برطانیہ میں دس کے قریب ریجن میں اسی طرح کا کامیاب پروگرام کیا گیا ہے۔ مرکزی پروگرام بیت الفتوح لندن میں ہوا جس میں نہایت اہم سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی اور لاکھوں پاؤنڈ کے امدادی چیک فلاحی اداروں بشمول مسرورآئی ہسپتال برکینا فاسو کو عطیات کیے گئے۔ آپ نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا جو پورے اسکاٹ لینڈسے اس پروگرام میں شامل ہوئے اور جماعت احمدیہ کی پاکیزہ تعلیم محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کا عملی نمونہ دیکھا۔ دُعا کے ساتھ یہ نہایت کامیاب پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
اس پروگرام کی مکمل ویڈیو درج ذیل لنک پر دیکھی جاسکتی ہے: