مسجد بیت القیوم، فورٹ ورتھ، ٹیکساس: ایک تعارف
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ۔ امریکہ)
فورٹ ورتھ شہر امریکی ریاست ٹیکساس کے شمال میں اور ڈیلس شہر کے ساتھ واقع ہے۔ گزشتہ ہفتہ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس شہر کی مسجد بیت القیوم میں تشریف لے گئے اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی۔ جماعت فورٹ ورتھ 2014ء سے قبل ڈیلس جماعت کا حصہ تھی۔ جماعت کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اسی سال باقاعدہ جماعت کا قیام ہوا۔ سب سے پہلے صدرمکرم محمد انچوئی صاحب منتخب ہوئے۔ اس جماعت کی تجنید اس وقت تقریباً 250ہے۔
جماعت فورٹ ورتھ نے اپنی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے اکتوبر 2018ء میں ایک تعمیر شدہ بلڈنگ خریدی جس کا نام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت القیوم عطا فرمایا۔ یہ مسجد مین سڑک(Miller Ave) پر واقع ہے اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کو بآسانی نظر آتی ہے۔ مسجد کی زمین کا کُل رقبہ 4.7 ایکڑز ہے جبکہ تعمیر شدہ عمارت کا حصہ تیرہ ہزار (13,000) مربع فٹ پر محیط ہے۔ اس میں مرد حضرات کے لیے 3400 مربع فٹ کا نماز ہال ہے اور اسی مقصد کے لیے خواتین کے لیے 3200 مربع فٹ کا ہال مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک بڑا ملٹی پرپز ہال ہے جہاں پر جماعت دیگر پروگرام بآسانی منعقد کر سکتی ہے۔ نیز ایک لائبریری اور میٹنگ روم کےعلاوہ آٹھ دفاتر بھی اس میں شامل ہیں۔
7؍اکتوبر 2022ء بروز جمعة المبارک حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فورٹ ورتھ مسجد بیت القیوم تشریف لے گئے اور مسجد کی تختی کی نقاب کشائی فرمانے کے بعد اس کا معائنہ بھی فرمایا۔ اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ مغرب و عشا ء مسجد بیت القیوم میں ہی پڑھائیں۔ اللہ تعالیٰ جماعت فورٹ ورتھ کو حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت آمد اور مسجد بیت القیوم بے انتہا مبارک فرمائے، آمین۔
٭…٭…٭