سپورٹس بلیٹن
فٹبال: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ۲۰۳۴ء کی میزبانی سعودی عرب کو سونپنے کااعلان کردیا۔ اس ورلڈکپ کے انعقادکےلیےسعودی عرب کے پانچ شہروں میں۱۵؍ مختلف اسٹیڈیمزتعمیرکیے جائیں گے۔یادرہے کہ ۲۰۳۰ءکا عالمی فٹبال ٹورنامنٹ تین براعظموں میں منعقد ہوگا، جس کی میزبانی سپین، پرتگال، اور مراکش کریں گےجبکہ ابتدائی تین میچز جنوبی امریکہ کے ممالک یوراگوئے، ارجنٹائن، اور پیراگوئے میں کھیلے جائیں گے تاکہ ۱۹۳۰ء کے پہلے ورلڈ کپ کی صد سالہ تقریب منائی جا سکے۔
یوئیفاچیمپئنزلیگ میں گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے مقابلوں میں انگلش کلب لیورپول نے ہسپانوی کلب Gironaکوصفرکےمقابلہ میں ایک گول سے شکست دے کررواں سیزن میں لگاتارچھٹی کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔دیگر میچز میں فرانسیسی کلب PSGنےآسٹریاکے Salzburgکلب کوتین صفرسےہرایا۔اسی طرح ریال میڈرڈنےاطالوی کلب Atalanta BC کے خلاف اوربارسلونا نے جرمن کلب Dortmundکے خلاف۳۔۲؍سےکامیابی حاصل کی۔انگلش کلب مانچسٹرسٹی کوJuventusکےہاتھوں دوصفر سے شکست کا سامنا کرناپڑا جبکہ آرسنل نے مناکوکے خلاف صفرکےمقابلہ میں تین گول سے فتح حاصل کی۔
دوسری طرف انگلش پریمیئرلیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے آرسنل اورایورٹن کا مقابلہ بغیرکسی گول جبکہ لیورپول اورفلہم کامیچ ۲۔۲؍گول سے برابررہا۔نیوکاسل نے لیسٹرسٹی کے خلاف ۴۔صفرسےکامیابی سمیٹی اور ناٹنگھم فاریسٹ نے آسٹن وِلاکوایک کے مقابلہ میں دوگول سے ہرایا۔ دیگر مقابلوں میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے مانچسٹرسٹی اور چیلسی نے برینٹفورڈ کے خلاف۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔ رواں سیزن میں لیورپول کلب ۱۵؍میچزمیں ۳۶؍پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہے جبکہ چیلسی دوسرے اورآرسنل تیسرے نمبرپرہے۔
کرکٹ: نیوزی لینڈاور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریزکے آخری مقابلہ میں میزبان کیوی ٹیم نے ۴۲۳؍رنز سے فتح حاصل کر لی۔ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روزانگلش ٹیم۶۵۸؍کےپہاڑجیسے ہدف کےتعاقب میں ۲۳۴؍رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔نوجوان بلےباز جیکب بیتھل (Jacob Bethell)نے ۷۶؍اور جو روٹ (Joe Root)نے ۵۴؍رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی طرف سے مچل سینٹنر نے چار جبکہ میٹ ہنری اور ٹم ساؤتھی نے ۲،۲کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں ۳۴۷؍اور دوسری اننگز میں ۴۵۳؍رنز بنائے تھے۔کین ویلیمسن (Kane Williamson)نے ۱۵۶؍رنزکی لاجواب باری کھیلی۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں صرف ۱۴۳؍رنز بنائے تھے۔نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر(Mitchell Santner) میچ جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک(Harry Brook) سیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔
قبل ازیں سیریزکے پہلے میچ میں انگلینڈنے آٹھ وکٹوں اور دوسرے میچ میں ۳۲۳؍رنزسے بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان اورجنوبی افریقہ کے مابین تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریزجنوبی افریقہ نے دو،صفر سے جیت لی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ڈربن میں ہونے والے پہلے مقابلہ میں جنوبی افریقہ نے ڈیوڈملر(David Miller)کےجارحانہ ۸۲؍رنزکی بدولت مقررہ ۲۰؍اوورزمیں ۱۸۳؍رنزبنائے۔جواب میں پاکستانی ٹیم ۱۷۲؍رنزبناسکی۔جارج لنڈے(George Linde)نے قیمتی ۴۸؍رنز بنانے کے ساتھ ساتھ چاروکٹیں بھی حاصل کیں اورپلیئرآف دی میچ قرارپائے۔سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کی اورصائم ایوب کے ناٹ آؤٹ ۹۸؍رنزکی مددسے۲۰۶؍رنزبنائے۔جنوبی افریقہ نے ہدف تین وکٹیں کھوکر پوراکیا۔ریزہ ہینڈرکس (Reeza Hendricks)نے شانداربلےبازی کرتے ہوئے۱۰؍چھکوں کی مددسے ۱۱۷رنز بنائے۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭