پیغام حضور انور

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مجلس انصاراللہ لائبیریا کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے ممبران مجلس انصار اللہ لائبیریا،

السلام علیکم ورحمة الله وبرکاته

آپ کے سالانہ نیشنل اجتماع کے اس بابرکت موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک احمدی مسلمان اور خصوصاً مجلس انصار اللہ کے ممبران کے طور پر آپ پر ایک بھاری ذمہ داری ہے۔ ایک ایسی ذمہ داری جسے ہر ناصر کو نہ صرف ہمیشہ یاد رکھنا چاہيے بلکہ دوسروں کو تلقین بھی کرنی چاہيے اور اپنی زندگی کے تمام پہلوؤں میں ایمان، دیانت داری اور ہمدردی کی عمدہ مثال بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔ حضرت مسیح موعودؑ اور آپؑ کے مشن کی بیعت ایک ایسا عہد ہے جو پاکیزگی، تقویٰ اور انسانیت کی خدمت کی زندگی گزارنے کا تقاضا کرتا ہے۔

یاد رکھیںکہ بیعت کرنا صرف ایک رسمی عمل نہیں ہے بلکہ یہ آپ کی زندگیوں کو بدلنے کا ایک پختہ عہد ہے۔ لہٰذا اپنی زندگیوں کے ہر پہلو میں سچائی، ایمانداری اور دیانت داری کے بلند ترین معیار کو برقرار رکھنا جماعت کے ہر ناصر کی ذمہ داری ہے۔ اس لیے اپنے آپ کو بدکاری کی ہر قسم کی کشش اور تمام برائیوں سے بچائیں۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پنجوقتہ نمازوں کی اہمیت کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔ اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں پنجوقتہ نمازوں کو قائم کرنے کی کوشش کریں اور استغفار کی عادت کو مستقل طور پر اپنائیں کیونکہ یہ آپ کے دلوں کو پاک کرے گا اور آپ کے عزم کو مضبوط کرے گا۔ حقیقی توبہ کا تقاضا یہ ہے کہ نہ صرف ماضی کے گناہوں کی معافی طلب کی جائے بلکہ مستقبل کی غلطیوں سے بھی اپنے آپ کو محفوظ رکھا جائے۔

آج کل کے بگڑتے ہوئے حالات میں یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے ایمان پر ثابت قدم رہیں اور اللہ کی رضا کو تمام دنیاوی مسائل پر ترجیح دیں۔ غیر اسلامی رسومات اور نقصان دہ بدعات کو ردّ کریں۔ قرآن کریم کی راہنمائی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر مضبوطی سے عمل کریں۔ عاجزی اور انکساری کو اپنائیں اور تکبر کے زہر کو رد کریں۔ حضرت مسیح موعودؑ کے ان الفاظ کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ ’’زمین تمہارا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتی اگر تمہارا آسمان سے پختہ تعلق ہے‘‘۔

سب سے بڑھ کر خلافت احمدیہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔آزمائشوں اور مصائب کے اس دور میں یہ آپ کی نجات کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو جماعت اور مجلس انصار اللہ کے حقیقی نمائندے بننے کے ساتھ ساتھ لائبیریا میں اسلام احمدیت کے روشن علمبردار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ کرے کہ یہ اجتماع آپ کے لیے، آپ کے اہل خانہ کے لیے اور پوری جماعت کے لیے رحمتوں کا باعث بنے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button