مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ لائبیریا کے سولہویں نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ لائبیریا کو اپنا دو روزہ سولہواں سالانہ نیشنل اجتماع ’’ہمارا عہد: عزم اور اطاعت کے لیے زندگی بھر کی قربانی‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۵و۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام احمد آباد، پو ریور Ahmadabad, Kpo- River منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذلک

ناظم اعلیٰ کے فرائض مکرم مومو کروما (Momo Kroma) صاحب نے ادا کيے جن کی قیادت میں ۲۲؍شعبہ جات پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نےاجتماع کو کامیاب بنانے کے ليے تمام تر انتظامات مکمل کيے۔ اجتماع میں شرکت کے لیے لائبیریا کی ۱۲؍کاؤنٹیز سے خدام و اطفال ایک روز قبل ہی عازم سفر ہوئے اور جمعہ کی رات تک قریباً تمام شاملین اجتماع گاہ پہنچ چکے تھے۔ ان کی آمد کے ساتھ ہی باقاعدہ رجسٹریشن کی گئی اور کارڈز فراہم کیے گئے۔
پہلا دن: دن کا آغاز نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم مومو کروما صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر درس دیا۔ صبح ۸؍بجےاجتماع کا رسمی افتتاح پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز حافظ سعید ابراہیم کیزلو (Saeed Ibrahim Kiazolu) صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، منظوم کلام اور عہددہرانے کے بعد مکرم عبد الباری صاحب نے ’’اپنے عہد کی پاسداری‘‘ کے موضوع پر اظہارخیال کیا۔ آخر پر ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ مانٹسیراڈو (Montserrado) کاؤنٹی نے اجتماع کے دوران ورزشی مقابلہ جات کے انعقاد کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کا مقصد آپ سب میں اتحاد، بھائی چارہ اور ٹیم ورک کو فروغ دینا ہے نہ کہ آپ میں کسی قسم کی حریفانہ سوچ کو پروان چڑھانا ہے۔ لہٰذا تمام شرکاء دوران مقابلہ خوش اخلاقی کا مظاہرہ کریں۔ دعا سے افتتاحی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

افتتاحی تقریب کے بعداطفال و خدام کے الگ الگ علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جو نمازوں اور کھانے کے وقفوں کے علاوہ شام چھ بجے تک جاری رہے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم، اذان، نماز، تقریر اور کوئز دینی معلومات شامل کیے گئے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں انفرادی دوڑ، ریلے دوڑ، پنجہ آزمائی، اونچی چھلانگ، رسہ کشی، والی بال اور فٹ بال شامل تھے۔ ان مقابلہ جات میں خدام و اطفال بڑے جوش و خروش سے شامل ہوتے رہے۔
دوسرا دن: اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد و نماز فجر سے ہوا۔ ناشتہ سے فراغت کے بعد خدام و اطفال نے اپنے یونیفارم میں ملبوس ہو کرمارچ کے ليے مرکزی شاہراہ کا رخ کیااورکل۴؍کلومیڑ کا فاصلہ طے کیا۔ اپنے منظم انداز، مخصوص یونیفارم اور نعروں کی صدا بلند ہونے کی وجہ سےمارچ نے راہگیروں اور مقامی آبادی کی خوب توجہ حاصل کی۔

دوپہر۱۲؍بجے مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور منظوم کلام کے بعد صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا نے حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پرنیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت مکرم محمد جونز اینن (Muhammad Jones Annan) صاحب نے ایک مفید پریزنٹیشن پیش کی جس میں خصوصاً خدام کے ليےچھوٹے کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے راہنما اصول بیان کيےگئے تھے۔ اجتماع کی مفصل رپورٹ پیش ہونے کے بعد نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اور خصوصی تعاون فراہم کرنے والے خدام و اطفال کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ بہترین کاؤنٹی کا اعزاز ماؤنٹسیراڈو کے نام رہا۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں خدام و اطفال کوتعلیم کے حصول کی پُرزور ترغیب دلائی کہ کوئی بھی احمدی خادم یا طفل ناخواندہ نہیں ہونا چاہيے اور جو تعلیم مکمل کر چکے ہیں انہیں فارغ رہنے کی بجائے کوئی نہ کوئی ہنر سیکھ کر روزگار اختیار کرنا چاہیے۔ مزید یہ کہ دونوں صورتوں میں جماعت آپ کی راہنمائی اور تعاون کے ليے ہمہ وقت موجود ہے۔ دعا کے ساتھ اجتماع کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔
اس سال اجتماع میں کل ۲۵۶؍احباب نے شرکت کی جن میں ۲۰۵؍خدام اور ۵۱؍اطفال شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجتماع کی برکات کا وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارےصدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے خوشی ہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور تمام شاملین کو اس کے پروگراموں سے زیادہ سے زیادہ روحانی اور اخلاقی فوائد حاصل کرنے کی توفیق دے۔ آمین
آپ نے اس سال کے لیے جو موضوع چنا ہے ’’ہمارا عہد: عزم اور اطاعت کے لیے زندگی بھر کی قربانی‘‘، یہ ایک خادم کی شناخت کا نچوڑ ہے۔ اجتماع اپنے جائزے لینے، روحانی تجدید اور بھائی چارہ کے رشتوں کو مضبوط کرنے کا موقع ہوتا ہے۔ یہ اس عظیم عہد پر غور کرنے کا وقت ہے جو آپ میں سے ہر ایک نے کیا ہے۔ یہ عہد محض الفاظ کا مجموعہ نہیں ہے جسے مختلف مواقع اور پروگراموں میں دہرایا جائے، بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک مقدس عہد ہے جو زندگی بھر تکمیل کا متقاضی ہے۔ یہ عہد کرنا کہ آپ اپنے ایمان، ملک اور قوم کی خاطر اپنی جان، مال، وقت اور عزت قربان کرنے کے لیے تیار رہیں گے، وفاداری کا اعلیٰ ترین معیار ہے۔
اس عہد کی بنیاد اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک مضبوط، ذاتی اور زندہ تعلق قائم کرنے پر ہے۔ یہ تعلق نماز کے ذریعے پروان چڑھتا اور مضبوط ہوتا ہے۔ نماز ایک مومن کی زندگی کا سنگ بنیاد ہے اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ یہ محض ایک رسم نہیں ہے بلکہ اپنے خالق کے ساتھ ایک براہ راست مکالمہ ہے۔ آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک اور ایک مومن کی روحانی معراج قرار دیا ہے۔ لہٰذا، ہر خادم کو چاہیے کہ وہ پنجوقتہ نمازیں وقت پر، گہری توجہ اور خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرے۔ کامل اخلاص کے ساتھ ادا کی گئی نماز ہی ہے جس کے ذریعے حقیقی تقویٰ یعنی پرہیزگاری پیدا ہوتی ہے، جو ایک مومن کو ہر قسم کے گناہ اور برے خیالات سے بچانے والی ڈھال ہے۔
اس کے علاوہ آپ کا عہد مکمل اطاعت کا مطالبہ کرتا ہے۔ سچی اطاعت تقویٰ اور نظام خلافت سے مخلصانہ محبت سے جنم لیتی ہے۔ آپ کا اخلاقی کردار ہر لحاظ سے مثالی ہونا چاہیے۔ ایک خادم کے طور پر آپ جماعت احمدیہ مسلمہ کے نمائندہ ہیں۔ آپ کی دیانت داری، سچائی اور ہمدردی دوسروں کے لیے ایک نمونہ ہونی چاہیے۔ اپنے گھروں میں آپ بیٹے، بھائی اور آپ میں بہت سے شوہر اور باپ ہیں۔ یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ اپنے خاندانوں کے لیے پاکیزہ اور محبت بھرا ماحول پیدا کریں۔ آپ کے اعمال، تبلیغ اور اگلی نسل کی تربیت کے لیے سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ آپ کوایک مثال بن کر راہنمائی کرنی چاہیے، اطفال کو شفقت اور حکمت سے راستہ دکھائیں اور ان میں اللہ، آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور خلافت احمدیہ کے لیے گہری محبت پیدا کریں۔
مادیت پرستی اور وسیع پیمانے پر اخلاقی زوال کے اس دور میں، آپ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ اپنے آپ کو اور اپنے بچوں کو معاشرے اور انٹرنیٹ پر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلی ہوئی فضولیات اور خطرات سے بچائیں۔ قرآن کریم کی تلاوت اور مطالعہ کو روزانہ کی عادت بنائیں، کیونکہ یہ ہدایت کا سرچشمہ ہے اور اس میں ہمارے زمانے کی ابتلاؤں کے تمام علاج موجود ہیں۔
میں دعا کرتا ہوں کہ یہ اجتماع آپ سب کے لیے عظیم روحانی تبدیلی کا ذریعہ بنے۔ آپ ایک نئے عزم کے ساتھ واپس جائیں کہ آپ اپنی زندگیاں اپنے عہد کے مطابق گزاریں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اسلام کے سچے خدام، اپنے ایمان کے لیے وقف اور اپنے ملک کے وفادار شہری بننے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہو۔ آمین
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ مالی کے ریجن ’ساں‘ میں داعیان الیٰ اللہ کے لیے دو روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد




