افتتاح معلم ہاؤس و مسجد بیت القیوم، جماعت فونووگو، فرکے ریجن آئیوری کوسٹ
مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو فرکے(Ferkéssedougou) شہر میں تعمیر کردہ معلم ہاؤس کے افتتاح کی توفیق ملی۔ معلم ہاؤس کی تعمیر کا آغاز سال ۲۰۱۷ء میں مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کیا۔ معلم ہاؤس کا کل احاطہ ۱۲۰؍مربع میٹر پر مشتمل ہے جس میں دو کمرے، ہال، کچن اور واش روم شامل ہے۔ مورخہ ۵؍فروری بروز جمعرات مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیرو مبلغ انچارج نے فیتہ کاٹ کر معلم ہاؤس کا افتتاح کیا جس کے بعد ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر صاحب جماعت نے اپنی تقریر میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آخر میں مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔

افتتاح مسجد بیت القیوم:اگلے دن مورخہ ۶؍فروری ۲۰۲۶ء بروز جمعۃ المبارک فرکے ریجن کی ایک جماعت فونووگو (Fononvogo) میں ایک نئی تعمیر کردہ مسجد، بیت القیوم کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۱۶ء میں مکرم شیخ کونے آداما صاحب مرحوم کی کوششوں سے ہوا جہاں مختلف مواقع پر تبلیغی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس کے نتیجہ میں گاؤں کے لوگوں نے احمدیت قبول کی۔ بیعتوں کے بعد اس گاؤں میں وقتاً فوقتاً تربیت کا سلسلہ جاری رہا۔ نتیجۃً احباب جماعت نے مختلف تحریکات میں مالی قربانی کا بھی آغاز کردیا۔
مسجد کا سنگ بنیاد ۲۰۱۷ء میں مکرم لقمان فریداحمد صاحب مبلغ سلسلہ نے رکھا جبکہ مسجد کی تعمیر کی نگرانی مکرم سلطان احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ مسجد کی تعمیر کی تکمیل سال ۲۰۲۳ء میں ہوئی اور ۲۰۲۴ء میں معلم سید یبے صاحب جو کہ گھانا سے پڑھ کے آئے تھے ان کا تقرر اس جماعت میں ہوا۔ اس مسجد کی تعمیر کے اخراجات مکرم رانا سعید احمد صاحب مقیم جرمنی کو اپنے والد محترم رانا سعادت احمد خان صاحب مرحوم سابق کارکن دفتر امانت تحریک جدید ربوہ کی طرف سے ادا کرنے کی توفیق ملی۔ مورخہ ۶؍فروری کو افتتاحی تقریب میں مکرم امیر و مبلغ انچارج نے مع مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر جماعت شرکت کی اور اسی طرح بعض اور اتھارٹیز نے بھی شرکت کی جس میں نائب گورنر کے نمائندہ اورچیف برائے کوروگو ریجن بھی شامل تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور اس کے بعد مکرم سید یبے صاحب معلم سلسلہ نے جماعت کا تعارف جولا زبان(مقامی زبان) میں پیش کیا۔ بعدازاں مکرم امیرومبلغ انچارج صاحب نے مسجد کے قیام کی اہمیت اور مقصد کو حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں پیش کیا۔ تقریب میں موجود مختلف اتھارٹیز نے بھی مختصر تقاریر کیں اور جماعت کا شکریہ ادا کیاجس کے معاً بعد ان مہمانان کرام کو مسجد کا دورہ کرایا گیا جس دوران انہوں نے مسجد کے صحن میں منعقدہ بک سٹال کا بھی دورہ کیا۔ اس میں مختلف جماعتی تراجم قرآن کریم نمایاں رکھے گئے تھے۔
اس کے اختتام پر تمام شاملین نے جمعہ کی تیاری کی۔ مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز پڑھائی جس کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ احباب جماعت کو تعمیر مسجد کی روح کو سمجھتے ہوئے اسے آباد رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور یہ مسجد ہمیشہ اسلام احمدیت کی ترقی کا باعث بنتی جائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہBarrie Holly، کینیڈا میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد




