متفرق شعراء
گمراہیوں سے ہر گھڑی یا رب بچا مجھے

گمراہیوں سے ہر گھڑی یارب بچا مجھے
سیدھا جو راستہ ہے اُسی پر چلا مجھے
تیرے کرم کا ربّ مرے کوئی نہیں شمار
آقاؐ کے جیسا تُو نے دیا رہنما مجھے
دن رات میرے وقف ہوں خدمت میں دین کی
’’اس حال میں ہی آئے جب آئے قضا مجھے‘‘
تنہا کھڑی ہوں کوہِ حوادث کے سامنے
ڈوبی غمِ جہاں میں ہوں تُو ہی بچا مجھے
دن رات شکر کرتی ہوں مالک ترا ادا
در سے ملا ہے تیرے ہی، جو کچھ ملا مجھے
مشکل کُشا ہے تُو ہی، تری ذات ہے رحیم
آیا نظر نہ تجھ سا کوئی دوسرا مجھے
تیرے سوا کسی کے بھی آگے نہ سر جھکے
ایسا بلند عزمِ خودی کر عطا مجھے
بشریٰؔ کے ہونٹوں پر رہے نہ کوئی تشنگی
ایسا پلا اے مولا! تُو آبِ بقا مجھے
(بشریٰ سعید عاطف۔ مالٹا)
مزید پڑھیں: خدا کا زندہ نشان احمد




