جاپانی مہمانوں کے اعزاز میں افطار ڈنر
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۴؍مارچ بروز ہفتہ مسجد بیت الاحد، جاپان میں مقامی جاپانی احباب کے اعزاز میں افطار ڈنر کے اہتمام کی توفیق ملی۔ اس بابرکت پروگرام میں مختلف مذاہب اور زندگی کے متنوع شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے جاپانی احباب جن میں Hiruma ٹاؤن کے ميئر، تسوشیما شہر کی انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے عہدیدارن، سٹی کونسل کےممبران، اساتذہ کرام نیز مسجد کے قرب و جوار میں رہنے والے تقریباً ۳۵؍افراد نے شرکت کی۔

پروگرام کی صدارت مکرم انیس رئیس صاحب مبلغ انچارج جاپان نے کی۔ نشست کا آغاز مسجد کے مختصر مگر جامع تعارف سے ہوا جس میں مبلغ انچارج صاحب نے اسلام کی امن پسند تعلیمات اور مسجد کردار پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مکرم حزقیل صاحب مبلغ سلسلہ نے ایک دلچسپ اور معلوماتی پریزنٹیشن کے ذریعہ ماہ رمضان، روزہ کی روحانی برکات اور اسلام کے پانچ بنیادی ارکان کے بارے میں نہایت سادہ اور مؤثر انداز میں تعارف پیش کیا۔
اس نشست کی ایک نمایاں خوبی یہ رہی کہ جاپانی مہمانوں نے نہایت توجہ اور دلچسپی کے ساتھ تمام گفتگو سنی۔ پریزنٹیشن کے اختتام پر حاضرین کی جانب سے مختلف نوعیت کے متعدد سوالات بھی کيے گئے جن کے مبلغ انچارج صاحب نے جواب دیے جس سے مہمانوں کے دلوں میں اسلام کے بارے میں مزید مثبت تاثر پیدا ہوا۔

بعد ازاں اذان مغرب کے ساتھ ہی افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں جاپانی مہمانوں نے بھی احباب جماعت کے ساتھ مل کر افطار کیا۔ اس کے فوراً بعد نماز مغرب ادا کی گئی جسے مہمانان نے بڑے غور اور احترام کے ساتھ دیکھا۔ اس دوران مہمانوں کو نماز کا تعارف اور طریق بھی بتلایا گیا۔ چند جاپانی احباب نماز کی روحانیت اور دلکش منظر سے اس قدر متاثر ہوئے کہ خود کو روک نہ سکے اور باقاعدہ نماز میں شامل ہو گئے۔ نماز کے بعد مہمانوں کے ليے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔
یوں یہ خوبصورت محفل امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے دلنشین ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ مہمانوں نے اس پروگرام کو نہایت بامقصد قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسے مواقع میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا۔
(رپورٹ:دانیال داؤد۔ مبلغ سلسلہ جاپان)
مزید پڑھیں: جماعت میلبرن اِیسٹ، آسٹریلیا میں رمضان کی مناسبت سےایک بین المذاہب سمپوزیم




