متفرق شعراء

خطاؤں سے مِرا دامن بھرا ہے

خطاؤں سے مِرا دامن بھرا ہے
کرم تیرا مگر سب سے بڑا ہے

مری ہستی پہ چھایا ہے اندھیرا
تری رحمت کا ہو جائے سویرا

نہ بھٹکوں زندگی کی رہگزر میں
رہے جو ساتھ تیرا ہر سفر میں

مرے دل سے کدورت دور کردے
مجھے اخلاص سے معمور کردے

مجھے توفیق دے صبر و رضا کی
عطا کر روشنی صدق و صفا کی

مری آنکھوں کو دے اشک ندامت
مرے دل کو عطا کر اپنی الفت

مری خاموشیوں کو تو صدا دے
مرے اشکوں کو اپنی التجا دے

جہانِ رنگ و بو کی خواہشوں سے
بچا لے نفس کو تو سازشوں سے

میں اپنے حال پر نادم کھڑا ہوں
جھکا ہوں اور مجسم التجا ہوں

گناہوں کی معافی مانگتا ہوں
تری رحمت کا دامن تھامتا ہوں

الہی حشر میں رسوا نہ کرنا
کرم کرنا مجھے تنہا نہ کرنا

(سید طاہر احمد زاہد)

مزید پڑھیں: بہشتی مقبرہ ( اُنزِلَ فِیْھَا کُلَّ رَحْمَۃٍ)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button