لٹویا میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لٹویا (Latvia) کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں ۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء کو جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا گیا۔
خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شام پونے پانچ بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم کے ساتھ اس مبارک تقریب کا آغاز ہوا۔ مکرم عطاءالصبور خان صاحب نیشنل سیکرٹری وصایانے پیشگوئی مصلح موعود کے مبارک الفاظ پڑھ کر سنائے۔ مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے پیشگوئی مصلح موعود کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔

بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’حضرت مصلح موعودؓ کاخرابیٔ صحت کے باوجود اولوالعزمی کا مظاہرہ‘‘ از مکرم فرحان نصیر ملک صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو، ’’حضرت مصلح موعودؓ اور علوم قرآن‘‘ از مکرم جاذب احمد شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت و صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور ’’حضرت مصلح موعودؓ کا اللہ تعالیٰ پر یقینِ کامل‘‘ از مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال۔
اختتام پر خاکسار نے شاملین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیشگوئی مصلح موعود کو صداقت احمدیت کا عظیم نشان قرار دیا اور احباب کو انوارالعلوم کے مطالعہ کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
جلسہ کے معاً بعدمشن ہاؤس میں ہی اجتماعی افطاری کا انتظام کیا گیاتھا۔ سب احباب نے روزہ افطار کیا جس کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی۔
اس جلسہ میں ایک ناصر، ۱۰؍خدام، ۵؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۲؍اطفال شامل ہوئے۔ ۲؍زیر تبلیغ اُزبک (Uzbek) دوست بھی شامل ہوئے۔ کُل حاضری ۲۰؍ رہی۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ لٹویا کو جلد جلد ترقیات سے نوازے۔ آمین
(رپورٹ:بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی مسجدبیت السلام، میلبرن میں افطار ڈنر کا کامیاب انعقاد



