یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ یوکے کے زیر اہتمام مسجد بیت الفتوح میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ یوکے کے زیر اہتمام جلسہ یوم مصلح موعود مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد بیت الفتوح، لندن میں نہایت روحانی اور بابرکت ماحول میں منعقد ہوا۔ اس بابرکت تقریب کی صدارت مکرم رفیق حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے نے کی۔ چونکہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے ليے مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر کافی تشہیر کی گئی تھی اس ليے تقریباً ۱۲۰۰؍احباب جماعت بنفس نفیس اس پروگرام میں شامل ہوئے جبکہ یوٹیوب پر لائیو سٹریم کے ذریعہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً ۲۰؍ہزار افراد نے اس پروگرام کو دیکھا۔ الحمدللہ

پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم نسیم احمد باجوہ صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم حارث محمود صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم پاکیزہ کلام ’’بڑھتی رہے خدا کی محبت خدا کرے‘‘ نہایت خوش الحانی سے پیش کیا جسے حاضرین نے بڑی توجہ اور شوق سے سنا۔ اس کے بعد ان اطفال نے حضرت مصلح موعودؓ کی بابرکت زندگی اور خدمات کے مختلف پہلوؤں پر تقاریر پیش کیں: ’’حضرت مصلح موعودؓ کے دور میں حاصل شدہ کامیابیاں‘‘ از عزیزم قمر کاہلوں، ’’سوانح حیات حضرت مصلح موعودؓ ‘‘ از عزیزم حارث احمد اور ’’اسلام کے ليے حضرت مصلح موعودؓ کی عظیم الشان خدمات‘‘ از عزیزم عطاء الباقی۔ بعد ازاں مکرم وسیم احمد صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام ’’نونہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے‘‘ پیش کیا جس نے حاضرین کے دلوں کو خاص طور پر متاثر کیا۔

پروگرام کے اگلے حصے میں مکرم عثمان شہزاد بٹ صاحب مبلغ سلسلہ نے اردو زبان میں پیشگوئی مصلح موعودکے موضوع پر مدلّل تقریر کی جبکہ اسی موضوع پرمکرم طارق احمد حیات صاحب نے انگریزی زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے حاضرین میں سے بعض احباب کو اجازت دی کہ وہ کلام محمود میں سے منتخب اشعار ترنم کے ساتھ پیش کریں۔ چنانچہ چند احباب نے حضرت مصلح موعودؓ کے منظوم کلام کے منتخب اشعار پیش کيے جس سے پروگرام کے ماحول میں مزید روحانیت پیدا ہوگئی۔

بعد ازاں مکرم واحد اللہ جاوید صاحب نے ’’مقام حضرت مصلح موعودؓ ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جبکہ مکرم شیخ رفیق احمد طاہر صاحب نے ’’سیرت حضرت مصلح موعودؓ ‘‘ کے عنوان سے آپؓ کی پاکیزہ سیرت اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ اسی طرح مکرم ربیب احمد مرزا صاحب مبلغ سلسلہ نے انگریزی زبان میں ’’حضرت مصلح موعودؓ کا عشق الٰہی‘‘ کے موضوع پر نہایت مؤثر تقریر کی۔ پروگرام کے دوران مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب نے بھی کلام محمود میں سے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام پیش کیا۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں حضرت مصلح موعودؓ کی پیشگوئی کی عظمت اور اس کے شاندار ظہور پر روشنی ڈالی اور آپؓ کی بے مثال علمی، روحانی اور تنظیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ حضرت مصلح موعودؓ کی زندگی جماعت احمدیہ کے افراد کے ليے ایک روشن نمونہ ہے۔ آپ نے حاضرین کو نصیحت کی کہ وہ حضرت مصلح موعودؓ کی تعلیمات اور نمونہ کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی خدمت، خلافت سے وابستگی اور جماعتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ امیر صاحب نے دعا سے اس خوبصورت اور کامیاب پروگرام کا اختتام کروایا۔ یہ پروگرام نہایت روحانی ماحول میں منعقد ہوا اور حاضرین نے بھرپور توجہ اور دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت مصلح موعودؓ کی تعلیمات اور آپؓ کے قائم کردہ اعلیٰ نمونوں کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے تحت ریویو میٹنگ کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button