فن لینڈ میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
مکرم بشارت الرحمٰن صاحب سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار مسجد نور، ہیلسنکی میں افطار سے قبل جلسہ یوم مصلح موعود منعقد ہوا۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و حدیث سے ہوا۔ پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ حاضرین کے سامنے پیش کیے گئے نیز حضرت مصلح موعودؓ کے منظوم کلام ’’بڑھتی رہے خدا کی محبت خدا کرے‘‘سے چند اشعار پیش کیے گئے۔
جلسہ میں شامل ایسے احباب و مہمانان کے لیے جو فنش زبان پر عبور رکھتے ہیں حضرت مصلح موعودؓ کے بچپن کے حالات و واقعات پر مشتمل ایک تقریر فنش زبان میں پیش کی گئی جسے حاضرین خصوصاً بچوں نے بڑی توجہ سے سنا۔
جلسہ کی مرکزی تقریر مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت کے موضوع پر کی۔ آخر پرمکرم عطاءالغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے احباب جماعت کو حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت کو اپنی عملی زندگیوں میں اپنانے کی طرف توجہ دلائی اور دعا کرائی جس کے ساتھ یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس کے بعد افطار کا اہتمام کیا گیا اور نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی۔ بعد ازاں حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا جبکہ دن کا اختتام نماز عشاء و تراویح کی باجماعت ادائیگی کے ساتھ ہوا۔
الحمدللہ، اس بابرکت جلسہ میں مجموعی طور پر ۱۲۲؍افراد نے شرکت کی۔ ہیلسنکی سے باہر کی جماعتیں بھی آن لائن جلسہ میں شامل ہوئیں۔
(رپورٹ:فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی مسجدبیت السلام، میلبرن میں افطار ڈنر کا کامیاب انعقاد




