جماعت گولیکائو ریجن اومے، آئیوری کوسٹ میں مسجد قمر کا افتتاح

مکرم مبشراحمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن اومے، آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ریجن اومے (Oumé)کے گاؤں گولیکائو (Goulikao)میں مورخہ ۱۴؍فروری ۲۰۲۶ء کو مسجد قمر کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس گاؤں میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۰۶ء میں ہوا۔ تعمیر مسجد سے قبل صدر صاحب مقامی جماعت نے اپنے گھر سے ملحقہ ایک کمرہ نماز باجماعت کی ادائیگی کے ليے دیا ہوا تھا جس میں لمبے عرصے سے احباب جماعت پنجوقتہ نماز باجماعت اور نماز جمعہ ادا کر رہے تھے۔ کچھ سال قبل صدر صاحب نے معلم ہاؤس سے ملحقہ ایک قطعہ زمین جماعت کو پیش کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۹؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو اس جگہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور جنوری ۲۰۲۵ء کو اس مسجد کا کام مکمل ہوا۔ مورخہ ۱۴؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ اس مسجد کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس افتتاحی تقریب کے لیے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے سیکرٹری نومبائعین، سیکرٹری وقف نو، مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ و دیگر کے ہمراہ شرکت کی۔ وفدکی آمد پر استقبال مکرم صدر صاحب جماعت و دیگر احمدی احباب نے کیا۔
افتتاحی تقریب کے آغاز پر مکرم امیر صاحب نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی جس کے معاً بعد افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم وفرانسیسی ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مقامی صدر صاحب نے مقامی روایات کے مطابق حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ مقامی گورنر کے نمائندے اور گاؤں کے چیف نے بھی اپنی تقاریر میں جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس مسجد کی تعمیر کو گاؤں اور اسلام کی ترقی کا ذریعہ قرار دیا۔ اسی طرح مختلف مقامی چرچز سے تشریف لائے عیسائی پادریوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور جماعت احمدیہ کے اس گاؤں میں مسجد کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیا جس کے بعد مکرم جیارا دمبیا صاحب معلم سلسلہ نے تقریر کی اور جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر مکرم امیرومبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں مساجد کی آبادکاری، تعمیر مساجد کی اہمیت اورمساجد کے ذریعہ پیارو محبت کی تعلیم کے فروغ کا ذکر کیا نیز مکرم امیر صاحب نے حاضرین اور بالخصوص گاؤں کے چیف و عیسائی وفد کو جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ تقریر کے اختتام پر امیر صاحب نے دعا کرائی اور مہمانوں و حاضرین کے ساتھ گروپ فوٹوز ہوئیں۔ اسی طرح گاؤں کے چیف اور دیگر معزز مہمانان کرام کو مکرم امیر صاحب نے جماعتی کیلنڈرز برائے سال ۲۰۲۶ء پیش کیے جس کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی اور بعدازاں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔
اس بابرکت تقریب میں تقریباً ۳۵۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ یہ مسجد ۹۶؍مربع میٹر پر مشتمل ہے اور اس میں ۲۰۰؍سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس مسجد کی تعمیرکی نگرانی کی سعادت خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ)کو حاصل ہوئی۔ جبکہ اس مسجد کی تعمیر کے اخراجات مکرم عدنان احمد انصر صاحب مع فیملی مقیم یوکے نے ادا کيے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو اسلام احمدیت کے پھیلنے کا ذریعہ بنائے نیز احباب جماعت کو تعمیر مسجد کی اصل روح کے ساتھ اسے آباد رکھنے کی توفیق بھی عطا کرتا جائے۔ آمین
(رپورٹ:عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




