سویڈن کے یوک موک میلہ میں تین روزہ تبلیغی سٹال

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لولیو، سویڈن کو سویڈش لاپ لینڈ کے شہر یوک موک میں منعقد ہونے والے سالانہ ثقافتی میلہ و بازار میں تین روزہ تبلیغی سٹال قائم کرنے کی توفیق ملی۔ یہ میلہ ہر سال فروری کے پہلے ہفتے میں آرکٹک سرکل سے تقریباً ۱۴؍کلومیٹر شمال میں منعقد ہوتا ہے اور اپنی ۴۰۰؍سالہ قدیم روایت کے باعث خاص اہمیت کا حامل ہے۔ انتہائی سرد موسم جہاں درجہ حرارت منفی ۳۱؍ڈگری سیلسیس کے باوجود اس میلے میں تین دنوں کے دوران تقریباً ۴۰؍ہزار افراد شریک ہوئے۔
جماعت احمدیہ لولیو جو اس مقام سے تقریباً ۲۰۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے کو انتظامیہ کی اجازت سے تیسری مرتبہ ’Ask A Muslim‘ تبلیغی سٹال لگانے کا موقع ملا۔ مکرم کاشف محمود صاحب سیکرٹری تبلیغ اور مکرم نایاب احمد ظافر صاحب صدر جماعت کے مشورے سے خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے درخواست بھجوائی جبکہ دیگر انتظامات بھی احسن طریق پر مکمل کیے گئے۔ جماعتی ٹریلر پر حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر اور نمایاں الفاظ میں ’’مسیح آچکا ہے‘‘ کا پیغام آویزاں کیا گیا تھا۔
تبلیغی سرگرمیاں: میلے کے تینوں دن احباب جماعت نے شدید سردی کے باوجود مستعدی سے ڈیوٹی انجام دی۔ آخری روز ۴؍خدام اور ۲؍اطفال نے بھی شرکت کی۔ مہمانوں کی تواضع گرم کافی سے کی جاتی رہی۔ اسی دوران بچے اور بڑے حضرت مسیح موعودؑ کے پیغام پر مشتمل پوسٹرز لے کر بازار میں گھومتے رہے جس سے لوگوں کی خاص توجہ مبذول ہوئی۔ متعدد افراد نے حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور جماعت احمدیہ کا تعارف حاصل کیا۔ یہ پورے میلے میں واحد مسلم سٹال تھا جس پر لوگوں نے جماعت کی موجودگی کو سراہا اور اسے نہایت اہم قرار دیا۔

لٹریچر کی تقسیم: کثیر تعداد میں افراد نے جماعتی لٹریچر میں دلچسپی ظاہر کی۔ بالخصوص ’Life of Muhammadﷺ‘، ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ اور ’محمدﷺ-عورتوں کو آزادی دلانے والے‘ نمایاں طور پر تقسیم ہوئیں۔
سوشل میڈیا و تاثرات: سٹال کے حوالے سے مقامی فیس بُک گروپس نیز جماعتی و ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں جنہیں بہت پذیرائی ملی۔ ایک خاتون Leila Aissat نے اپنے تبصرہ میں لکھا کہ مختصر ملاقات کے باوجود جماعت کے افراد کا اخلاق نہایت متاثر کن تھا اور مارکیٹ میں ان کی موجودگی خوش آئند تھی۔
اہم ملاقاتیں: امسال سویڈن میں انتخابات کے باعث مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان بھی میلے میں موجود تھے۔ ملک کی سابقہ صدر صاحبہ اور دیگر سیاستدانوں سے ملاقات کرنے اور انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کرنے کا بھی موقع ملا۔ الحمدللہ

انتظامی معاونت: مکرم جاہد احمد صاحب سیکرٹری سمعی بصری نے ایم ٹی اے کے لیے ویڈیوز تیار کیں جبکہ سیکرٹری صاحب ضیافت نے قیام کے دوران کھانے کا انتظام کیا۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید اخلاص کے ساتھ اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری کوششوں میں برکت ڈالے۔ آمین




