آسٹریلیا (رپورٹس)

براعظم آسٹریلیا میں جلسہ یوم ہائے مصلح موعود کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی مختلف جماعتوں میں یوم مصلح موعود کی مناسبت سے جلسے منعقد ہوئے جن کی تفصیل ہدیہ قارئین ہیں۔

پرتھ، ویسٹرن آسٹریلیا: ۲۱؍فروری ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ پرتھ نے مسجد ناصر میں جلسہ یوم مصلح موعود زیر صدارت مکرم انجم قیصرانی صاحب صدر جماعت پرتھ منعقد کیا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم جہانگیر خان صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ اردو میں جبکہ مکرم قاسم احمد صاحب نے انگریزی میں پڑھے۔ مکرم زوہیر احمد صاحب نے ’حضرت مصلح موعودؓ کا علمی مقام‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد ایم ٹی اے نے حضرت مصلح موعود ؓکی زندگی پر ایک دستاویزی فلم پیش کی جس کے بعد ایک کوئز پروگرام ہوا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب نے کتب حضرت مصلح موعودؓ پڑھنے کی اہمیت پر تقریر کی۔

اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم ودود جنود صاحب مبلغ سلسلہ نے ’اس کا آنا خدا کا آنا ہے‘ کے موضوع پر کی۔ الحمدللہ، ۱۳۰؍افراد جماعت نے اس جلسہ میں شرکت کی۔

میلبرن، وکٹوریہ: ۲۲؍فروری بروز اتوار میلبرن کی تین جماعتوں، لانگ وارن، کلائیڈ اور بیرک کا مشترکہ جلسہ مسجد بیت السلام لانگ وارن میلبرن میں مکرم مبشر احمد خالد صاحب صدر جماعت بیرک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم بشارت استاد صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کے اردو جبکہ مکرم ذیشان قادر خان صاحب نے انگریزی الفاظ پڑھ کر سنائے۔ مکرم عثمان ارشد صاحب نے ’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘ کے موضوع پر اردو میں تقریر کی۔ ایم ٹی اے کی ٹیم نے ’وہ علوم ظاہری و باطنی سے پر کیا جائے گا‘ کے موضوع پر ایک ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی۔ مکرم ربیع احمد صاحب نے ’حضرت مصلح موعودؓ کے علمی کارنامے‘ کے عنوان پر انگریزی میں تقریر کی۔ مکرم مصور الٰہی صاحب مبلغ سلسلہ نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی۔ تقریباً ۴۰۰؍افراد جماعت اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ الحمدللہ

جماعت میلبرن ایسٹ:۲؍مارچ بروز سوموار جماعت احمدیہ میلبرن ایسٹ کا جلسہ یوم مصلح موعود مکرم تقی الدین صاحب صدر جماعت کی صدارت میں دارالبرکات میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم ادریس سلطان صاحب نے پیشگوئی کے الفاظ اردو میں جبکہ عزیزم سلطان احمد نے انگریزی میں پڑھ کر سنائے۔ مکرم سعود احمد صاحب نے سیرت حضرت مصلح موعودؓ پہ اردو میں تقریر کی۔ مکرم عاطف احمد زاہد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’حضرت مصلح موعودؓ کی قائم کردہ ذیلی تنظیموں کے قیام کی اہمیت‘ کے بارہ میں تقریر کی۔ مکرم صدر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔

احباب جماعت نے مل کر روزہ افطار کیا اور نماز مغرب کے بعد سب احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ ۱۲۰؍افراد جماعت نے اس جلسہ میں شرکت کی۔

جماعت ہائے احمدیہ ساؤتھ آسٹریلیا:یکم مارچ ۲۰۲۶ء بروز اتوار شام ۶ بجے مسجد محمود ایڈیلیڈ میں جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ساؤتھ، ایڈیلیڈ ویسٹ اور الڈنگہ نے مشترکہ طور پر جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا۔ یہ جلسہ مکرم کامران مبشر صاحب مبلغ سلسلہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ اردو میں مکرم خلیل احمد صاحب نے جبکہ مکرم مصلح چانڈیو صاحب نے انگریزی میں پڑھ کر سنائے۔ مکرم محمود قادر صاحب نے ’وہ دل کا حلیم ہو گا‘ کے موضوع پر اردو میں تقریر کی۔ اسی طرح مکرم منیب جنود صاحب نے انگریزی میں ’حضرت مصلح موعودؓ کی تبلیغ کے ليے مساعی‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ ایک نظم کے بعد مکرم سدید احمد باجوہ صاحب مبلغ سلسلہ نے اردو میں ’علوم ظاہری و باطنی سے پُر-حضرت مصلح موعودؓ‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ مکرم کامران مبشر صاحب مبلغ سلسلہ نے اختتامی تقریر کی اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

اس کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں افطاری اور کھانا پیش کیا گیا۔ ۵۰۰؍افراد جماعت نے اس جلسہ میں شرکت کی۔ الحمدللہ

جماعت احمدیہ کوئینزلینڈ: ۲۲؍فروری بروز اتوار مسجد بیت المسرور، برزبن میں جماعت لوگن ایسٹ، لوگن ویسٹ اور جماعت گولڈکوسٹ نے مشترکہ طور پر جلسہ یوم مصلح موعود کا اہتمام کیا۔ یہ جلسہ مکرم محمد عطائے ربی ہادی صاحب مبلغ سلسلہ کی صدارت میں بعد از نماز عصر منعقد ہوا۔

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ مکرم عفان محمود صاحب نے انگریزی میں ’پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر: ہستی باری تعالیٰ کا اک نشان‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ ایم ٹی اے نے پیشگوئی کے اردو اور انگریزی الفاظ کی ویڈیو پیش کی اور اس کے علاوہ حضرت مصلح موعودؓ کے کچھ ویڈیو کلپس بھی احباب جماعت کو دکھائے گئے۔ مکرم نبیل احمد صاحب نے ’حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت قرآن‘ کے عنوان پر اردو میں تقریر کی۔ مربی صاحب نے اختتامی تقریر اور دعا کروائی۔ اس کے بعد احباب جماعت نے مل کر روزہ افطار کیا اور نمازمغرب اور عشا ادا کی گئیں۔ نماز کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

۳۸۴؍افراد جماعت بشمول ممبرات لجنہ اور بچوں نے اس جلسہ میں شرکت کی۔ الحمدللہ

سڈنی:۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء بروز اتوار صبح گیارہ بجے مسجد بیت الہدیٰ، سڈنی میں مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی زیر صدارت جلسہ مصلح موعود کا انعقاد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی کلمات میں یوم مصلح موعود کی غرض وغایت اور پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر بیان کیا۔ مکرم وقار احمد ناصر صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ اردو میں جبکہ مکرم عمیر شمس صاحب نے انگریزی میں پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد ایک بچی عزیزہ قدسیہ شرما نے ’حضرت مصلح موعودؓ کا پاکیزہ بچپن‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’مجلس اطفال الاحمدیہ-حضرت مصلح موعودؓ کی قائم کردہ ایک عظیم تنظیم برائے اطفال‘‘ از عزیزم کظیم احمد پراچہ، ’’مصلح موعود کی عظیم الشان پیشگوئی کی حقیقی تکمیل‘‘ از مکرم عطاء الرحمٰن مقبول صاحب، ’’وہ علوم ظاہری و باطنی سے پر کیا جائے گا‘‘ از مکرم ڈاکٹر تنویر عارف صاحب، ایک نظم کے بعد ’’سیرت حضرت مصلح موعودؓ‘‘ از مکرم قمرالزماں صاحب مبلغ سلسلہ اور ’’حضرت مصلح موعودؓ کے کارنامے‘‘ از مکرم رستگار چوہان صاحب مبلغ سلسلہ۔ بعد ازاں ایک اور نظم پیش کی گئی جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں حضرت مصلح موعودؓ کی زندگی کے بارے میں مختلف روایات بیان کیں۔ دعا کے ساتھ اس جلسہ کا اختتام ہوا اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اس جلسہ میں ۵۸۵؍افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: ثاقب محمود عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سویڈن کے یوک موک میلہ میں تین روزہ تبلیغی سٹال

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button