افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گنی بساؤ کی رمضان المبارک میں مساعی

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں اصلاح نفس، تعلیم وتدریس کے کاموں کے ساتھ ساتھ محتاج اور مستحق افراد کی معاونت پر مشتمل مختلف مساعی کی توفیق ملی۔

٭… درس القرآن: ملک بھر کی تمام جماعتوں میں روزانہ بعد از نماز ظہر ایک پارہ تلاوت کیا گیا جس میں ہر جماعت کے مقامی احباب شریک ہوئے۔ اس پارے کی تفسیر میں حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات بیان کیے گئے تاکہ قرآن کریم کے احکامات پر غور اور عمل کیا جا سکے۔ اجتماعی قرآن کے دور کے علاوہ بہت سے احباب نے گھر میں انفرادی دور بھی کیا۔

٭… درس حدیث: بعد از نماز عصر تمام احباب کے لیے درس حدیث کا اہتمام یقینی بنایا گیا تاکہ حدیث و سنت رسولؐ کے مطابق احباب جماعت کی تربیت ہو سکے۔

٭…درس ملفوظات: بعد از نماز عصر ملفوظات حضرت مسیح موعودؑ کا درس بھی جاری رہا جس سے سامعین امام الزمانؑ کے بابرکت اقوال سے مستفید ہوتے رہے۔

٭… نماز تراویح: انفرادی تہجد کے علاوہ جماعتی سطح پر اجتماعی نماز تراویح کا باقاعدہ اہتمام کیا گیا۔

٭… سوال و جواب: رمضان المبارک کی مناسبت سے سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ اس کے علاوہ رمضان کریم سے قبل رمضان کیلنڈرز تیار کیے گئے جو ملک بھر میں تقسیم ہوئے۔

٭… ریڈیو پروگرام:اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دوران ماہ۱۶؍ریڈیو پروگرامز کا انعقاد ہوا جس کے ذریعے رمضان کی اہمیت و برکات سے تقریباً آٹھ لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔

٭… راشن کی تقسیم: جماعت احمدیہ گنی بساؤ اور ادارہ جات IAAAE و ہیومینٹی فرسٹ کی مدد سے رمضان المبارک میں ملک بھر میں مختلف مقامات پر راشن کی تقسیم کی گئی اور بعض افراد کی مالی معاونت بھی کی گئی۔ اس سلسلہ میں تقریباً ۱۸؍ہزار کلو چاول، ۳؍ہزار کلو چینی، ایک ہزار لیٹر کوکنگ آئل بطور راشن ملک بھر کے ۶۱۷۴؍مستحقین میں تقسیم کیے گئے۔ علاوہ ازیں عید الفطر کے موقع پر غرباء اور یتامیٰ میں تحائف تقسیم کيے گے۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ ہمیں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی بجاآوری کی توفیق عطا فرمائے اور رمضان المبارک میں کی گئی تمام عبادات و قربانیوں کو قبولیت عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ٹورانٹو ویسٹ، کینیڈا میں تقریب آمین کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button