مجلس انصاراللہ ناروے کے زیر انتظام سالانہ سپورٹس ڈے
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ناروے کو اپنا سالانہ سپورٹس ڈے مورخہ ۲۸؍مارچ ۲۰۲۶ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تقریباً دو ماہ قبل پروگرام کے ليے تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔ پروگرام کے ناظم مکرم رائے طارق احمد صاحب مقرر ہوئے۔ پروگرام کے انعقاد کے ليے اوسلو سے باہر Tærudalen Hall کرایہ پر لیا گیا۔ اس سال کھیلوں میں کرکٹ اور بیڈمنٹن کو شامل کیا گیا تھا۔

پروگرام صبح ساڑھے آٹھ بجے صدر مجلس انصاراللہ مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ صدر صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں انصاراللہ کو اپنی صحت پر توجہ دینے اور اسی مناسبت سے ایسے پروگرام مستقل بنیادوں پر تشکیل دینے کی افادیت بتائی جو کہ صحت کو قائم رکھنے کے ليے ضروری ہیں تاکہ پھر احباب اپنی عبادات بھی مستعد ہو کر ادا کر سکیں۔ اس کے بعد آپ نے دعا کرائی اور باقاعدہ مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔

پہلے کرکٹ کے میچز ہوئے۔ تمام میچز میں انصار کی طرف سے بھرپور حصہ لیا گیا اور خوبصورت کھیل دیکھنے کا موقع ملا۔ ایک بجے ظہرانہ اور نماز ظہر و عصر کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد بیڈمنٹن کے میچز کا آغاز ہوا۔ امسال بیڈمنٹن کے تین معیار رکھے گئے تھے۔ مجموعی طور پر تقریباً ۲۸؍انصار نے بیڈمنٹن میں حصہ لیا۔
چھ بجے یہ ٹورنامنٹ ختم ہوا اور تمام انصار مسجد کے ليے روانہ ہوئے جہاں پر ضیافت کا انتظام کیا گیا تھا۔ کھانے کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں پوزیشن حاصل کرنے والی تمام ٹیموں میں مکرم صدر مجلس نے انعامات تقسیم کیے۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: رانامبشرمحمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ ناروے)
٭…٭…٭




