گھانا میں نیشنل واقفین نو و واقفات نو اجتماع ۲۰۲۶ء کا انعقاد
عزیزم یاسر احمد طاہر متعلم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۳تا ۵؍اپریل ۲۰۲۶ء کو گھانا کا نیشنل واقفین نو اور واقفات نو اجتماع بعنوان ’’اطاعت میں سب سے آگے (Foremost in Obedience)‘‘،تعلیم الاسلام احمدیہ سینئر ہائی سکول کماسی میں منعقد ہوا۔ ملک بھر سے شامل ہونے والے افراد کی کل تعداد قریباً ۱۲۰۰؍تھی جبکہ واقفین نو اور واقفات نو کی تعداد ۸۳۴؍رہی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع کا پہلا دن: اجتماع کا باقاعدہ آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ اور نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی سے ہوا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد شاملین اجتماع کے ليے کھیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ مغرب و عشاء کی نماز کے بعد ڈسکشن اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کا موضوع ’’اپنے وقف کو نبھانے کا وقت آ گیا ہے‘‘ تھا۔ اس پروگرام میں صدرمجلس خدام الاحمدیہ گھانا مکرم احمد کوبینا بینیارکو (Ahmed Kobina Benyarko)صاحب اور نیشنل کوآرڈینیٹر وقف نو مکرم مولوی حافظ محمد ثانی صاحب نے واقفین نو کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی اور ہدایات دیں کہ واقفین نو کیسے شعبہ جات اختیار کرسکتے ہیں اور مختلف شعبوں سے منسلک رہتے ہوئے جماعت کے ساتھ پختہ تعلق کیسے قائم رکھیں۔ بعد ازاں شاملین کو سوالات کے ذریعہ گفتگو میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا۔
دوسرا دن:نماز تہجد و فجر اور درس سے دن کا آغاز ہوا۔ ناشتے کے بعد شام ساڑھے چھ بجے تک مختلف انتظامات کے تحت واقفین اور واقفات کے علمی اور ورزشی مقابلاجات ہوئے۔ درمیان میں نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کا وقفہ تھا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، قصیدہ، اذان، حفظ نماز اور کوئز شامل تھے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال اور والی بال وغیرہ شامل تھے۔ دوسرے روز بھی نماز مغرب و عشاء کے بعد’’اطاعت گزار کا کردار‘‘ کے موضوع پر ڈسکشن اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ اس ڈسکشن میں والدین کی اطاعت کے موضوع پر بات کی گئی اور حاضرین کو سوالات کا موقع ملا۔

تیسرا دن:نماز تہجدو فجر اور درس سے دن کا آغاز ہوا۔ ناشتے کے بعد ۹؍بجے اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ مکرم معلم فرید کومسن (Fareed Koomson)صاحب نے تلاوت قرآن کریم پیش کی جس کے بعد سنٹرل ریجن کے واقفین نو نے خوش الحانی کے ساتھ حضرت مسیح موعود ؑکا عربی قصیدہ یا عین فیض اللّٰہ و العرفان پڑھا۔ جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے طالب علم عزیزم طاہر ھولاش نے اردو نظم پیش کی۔ بعد ازاں مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے واقفین اور واقفات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تیسرے روز کے ڈسکشن پروگرام کا عنوان ’’اطاعت گھر سے شروع ہوتی ہے‘‘ تھا۔ اس پروگرام میں مکرم محمد کُوےصاحب، مکرم شمس الدین بواٹینگ صاحب اور مکرم فراز یاسین ربّانی صاحب (مبلغین سلسلہ) نے ’’والدین کی اطاعت‘‘ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی جس کے بعد حاضرین کو سوالات پیش کرنے کا موقع بھی دیا گیا۔ اس کے بعد مکرم حافظ لبید عبد اللہ صاحب استاد جامعۃ المبشرین گھانا نے قرآن کریم کی آیت وَبِذٰلِکَ اُمِرۡتُ وَاَنَا اَوَّلُ الۡمُسۡلِمِیۡنَ (الانعام:۱۶۴) کے عنوان پر تقریر پیش کی۔ آخر میں نیشنل کوآرڈینیٹر صاحب نے اختتامی تقریر کی، اسی طرح ریجنل مشنری کماسی مکرم نعمت اللہ طائر صاحب نے اختتامی ریمارکس دیے اور دعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:احمد طاہر مرزا ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: فلپائن میں جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد



