اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
اعلانات ولادت
٭… سید محمود احمد شاہ صاحب کارکن دفتر پی ایس، اسلام آباد، یوکے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل اور احسان سے شاہد نصیر چودھری صاحب اور عائشہ سید صاحبہ آف کیلگری، کینیڈا کو دو بیٹوں کے بعد ۳۱؍مارچ۲۰۲۶ء کو بیٹی سے نوازا ہے جس کا نام ’زہر ہ نور‘ تجویز ہوا ہے۔ عزیزہ، سیداقبال احمد ناصر صاحب آف پیس ولیج کی نواسی اور چودھری نصیر احمد صاحب بُندہ مرحوم کی پوتی ہے۔
٭… اطہر احمد صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے خاکسار کو مورخہ ۱۲؍فروری ۲۰۲۶ء بروز جمعرات جڑواں بیٹیوں کی رحمت سے نوازا ہے۔ دونوں بیٹیوں کا نام بالترتیب ’شبرہ اطہر‘ اور ’عشاء اطہر‘تجویز کیا گیا ہے۔ پہلی بیٹی کا نام مکرم مرزا محمدالدین ناز صاحب مرحوم سابق صدر ،صدر انجمن احمدیہ کی اہلیہ نے رکھا ہے جبکہ دوسری بیٹی کا نام خاکسار کی ہمشیرہ نے رکھا ہے۔
بچیوں کے دادا کا نام ریٹائرڈ صوبیدار میجر مظفر احمد مرحوم جبکہ نانا کا نام مبشر احمد صاحب مرحوم ہے۔ بچیوں کے دادا و نانا مکرم محمدالدین ناز صاحب کے بھانجے تھے۔ دونوں بیٹیاں وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ بچیوں کی پیدائش ربوہ میں ہوئی ہے۔ خاکسار کی اس سے قبل بھی تین بیٹیاں ہیں۔ الحمدللہ
٭… نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۳۰؍مارچ ۲۰۲۶ء کو مہدی حسن اکاش صاحب آف برہمن باڑیہ حال مقیم راجشاہی جماعت اور ساجیہ نورین صاحبہ کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت نو مولود کو تحریک وقف نو کی بابرکت سکیم میں شامل فرمایا ہے۔ نومولود کا نام ’شائستہ حسن‘رکھا گیا ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچوں کوصحت والی لمبی عمریں عطا کرے اور انہیں دین کا خدمت گزار اور اپنے والدین کے لیے قرۃ العین بنائے۔ آمین
نمایاں کامیابی
مسعود احمد طاہر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ ماہ اپریل میں افریقہ میں پہلی بار اطفال کے مابین حسن قراءت کا مقابلہ ہوا۔ یہ مقابلہ آن لائن ہوا۔ جس میں افریقہ کے کئی ممالک نے حصہ لیا۔ اس مقابلہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کے ریجن بانجل/کومبو کے ایک طفل عزیزم زید بایو نے افریقہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ الحمدللہ
موصوف جماعت کے قائم کردہ سکول مسرور احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول کے پرنسپل ابراہیم بایو صاحب کا بیٹا ہے۔
اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزم اور جماعت احمدیہ گیمبیا کے ليے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ آمین
سانحہ ہائے ارتحال
نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش درج ذیل سانحہ ہائے ارتحال بھیجتے ہیں:
٭… شمس الدین صاحب ولد گیاس الدین صاحب مرحوم جماعت فاتولا، نریان گنج، ۳؍مارچ کو Brain Stroke کا شکار ہو کر ۵۹؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون
مرحوم کی نماز جنازہ دارالتبلیغ، بخشی بازار میں شاہ محمد نورالامین صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی۔ اسدائیر نریان گنج کے حکومتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔
مرحوم بہت مہمان نواز اور دوسروں کی مدد کرنے والی شخصیت کے مالک تھے۔ قائد مجلس خدام الاحمدیہ، زعیم اعلیٰ مجلس انصاراللہ، جماعت کے جنرل سیکرٹری سمیت مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پاتے رہے۔
٭… مورخہ ۱۳؍مارچ بروز جمعۃ المبارک مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ مرحوم حافظ محمد سکندر علی صاحب معلم وقف جدید، حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ۶۵؍سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحومہ کی نماز جنازہ اسی روز بعد از نماز عشاء ادا کی گئی جس کی امامت مکرم امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے کروائی۔ اگلے روز۱۴؍مارچ کی صبح کٹیادی جماعت میں آبائی قبرستان میں تدفین سے قبل شیخ شریف احمد افراد صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی۔
مرحومہ پیدائشی احمدی اور موصیہ بھی تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ مرحومہ کے چھوٹے بیٹے زاہد علی صاحب بطور نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش خدمت کی توفیق پارہے ہیں اور اس سے قبل صدر کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پا چکے ہیں۔
مرحومہ پنجوقتہ نماز اور نماز تہجد کی پابند، خوش اخلاق اور ہنس مکھ تھیں۔ باقاعدگی سے قرآن مجید کی تلاوت کیا کرتی تھیں اور مالی قربانی میں پیش پیش رہتی تھیں۔ خود بھی جماعتی پروگراموں میں باقاعدہ شرکت کرتی تھیں اور بچوں کو بھی شرکت کی تلقین کرتی تھیں۔ لجنہ اماء اللہ میرپور کی عاملہ کی ممبر بھی رہ چکی ہیں۔
٭… نصیر سرکار صاحب ولد مرحوم یعقوب علی سرکار صاحب، جماعت کدھرو، ضلع برہمن باڑیہ ۴؍اپریل کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ۶۶؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم کی نماز جنازہ دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ میں ادا کی گئی جس کی امامت شاہ محمد نور الامین صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت نو مبائعین نے کی۔ دوسری نماز جنازہ آپ کے آبائی گاؤں کدھرو، برہمن باڑیہ میں شیخ شریف احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی۔
مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ مرحوم کدھرو برہمن باڑیہ جماعت کے دو مرتبہ صدر رہے۔ اس کے علاوہ مختلف عہدوں پر جماعت کی خدمت کی توفیق پاتے رہے۔
مرحوم نہایت ملنسار تھے۔ گاؤں میں غیر احمدیوں کے ساتھ بھی آپ کے خوشگوار تعلقات تھے۔ ضرورت مندوں کی مالی امداد کرتے تھے اور متعدد افراد کو نوکری دلوانے میں بھی معاونت کی۔ ہمیشہ لوگوں سے حسن سلوک سے پیش آتے تھے، اسی وجہ سے غیر از جماعت احباب میں بھی مرحوم کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
٭… شمس النہار صاحبہ زوجہ مرحوم منور الدین چودھری صاحب ۱۱؍اپریل ۲۰۲۶ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے سے ۹۰؍سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحومہ کی نماز جنازہ دارالتبلیغ بخشی بازار میں ادا کی گئی۔ شاہ محمد نور الامین صاحب مبلغ سلسلہ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ ۱۲؍اپریل کو آپ کے آبائی گاؤں دیب گرام، ضلع برہمن باڑیہ میں تدفین عمل میں آئی جس سے قبل شمس الہدیٰ صاحب معلم وقف جدید نے نماز جنازہ پڑھائی۔
مرحومہ بیعت کر کے احمدیت میں داخل ہوئی تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔
اللہ تعالیٰ ان تمام مرحومین کے ساتھ مغفرت اور رحمت کا سلوک فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق بخشے۔ آمین



