افریقہ (رپورٹس)

لائبیریا کی نمبا کاؤنٹی میں دو نئی مساجد بیت المؤ من اور بیت الہادی کا بابرکت افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لائبیریا کونمبا (Nimba)کاؤنٹی میں دو نئی مساجد بیت الہادی اور بیت المؤ من کی تعمیر کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

مسجد بیت الہادی

اول الذکر مسجد بیت الہادی، یاؤ ٹیآپلے (Yao Tiaplay) میں واقع ہے جس کا کاؤنٹی کے صدر مقام گانٹا (Ganta) سے فاصلہ قریباً ۷۵؍کلومیٹر ہے۔ جون ۲۰۱۹ءمیں اس جگہ جماعت کا پیغام پہنچا۔ یہاں ممبران جماعت کی تعداد ۳۴؍افراد پر مشتمل ہے۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد ۶؍اپریل۲۰۲۵ء کو رکھا گیاتھا جبکہ تین ماہ کے مختصر عرصے میں اس کی تعمیر مکمل ہوئی۔

مؤخرالذکر مسجد بیت المؤ من، یوں بوٹواو (Nyor Butuo) میں تعمیرکی گئی ہے جو کاؤنٹی کے صدر مقام سےقریباً ۹۰؍کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ اس جگہ جماعت کا نفوذ جون۲۰۲۵ءمیں ہوا۔ اس وقت یہاں ۳۲؍افراد جماعت کے ساتھ منسلک ہیں۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد۵؍دسمبر۲۰۲۵ء کو رکھا گیا اور صرف دو ماہ کی مدت میں پایۂ تکمیل کو پہنچی۔

مسجد بیت المؤ من

ان دونوں جگہوں پر جماعت کا پیغام مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ سلسلہ کاؤنٹی ہذا کے ذریعہ پہنچا اور انہی کی زیر نگرانی ان مساجد کی تعمیر کا عمل مکمل ہوا۔ دونوں مساجد کا مسقف حصہ ۷۵۰؍مربع فٹ پر مشتمل ہے جس میں بیک وقت۱۳۰؍افرادکے نمازادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ یہ مساجد نہ صرف مقامی احمدیوں بلکہ گرد و نواح کے رہائشیوں کے لیے بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کا مرکز ہوں گی۔

مورخہ ۱۳؍فروری ۲۰۲۶ء بروزجمعۃالمبارک مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت ان مساجد کے افتتاح کی باقاعدہ الگ الگ تقریبات منعقد کی گئیں۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مقامی معزز احباب کو اپنے تاثرات بیان کرنے کا وقت دیا گیا۔ جماعت احمدیہ کے تعارف کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں مساجد کے حقیقی حسن، عبادات کی روح اور اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو نمازوں کی پابندی اور مساجد کو آباد رکھنے کی تلقین کی۔ دعا کے بعد فیتہ کاٹ کر مساجد کا رسمی افتتاح بھی کیا گیا۔

ہر دوتقریبات افتتاح میں مجموعی طور پر ۱۵۰؍افراد نے شرکت کی جن میں جماعتی وفد کے علاوہ مقامی معززین بشمول ٹاؤن چیف، یوتھ چیئرمین، ویمن چیئرپرسن، دیگر گاؤں کے راہنماؤں اور ایک مقامی پادری بھی شامل تھے۔

اللہ تعالیٰ ان مساجد کو مہبط الانوار بنائے اور ہمیشہ ذکر الٰہی سے معمور رکھے۔ آمین

(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ کی نیشنل تعلیم و تربیت کلاس ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button