اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواستہائے دعا
٭…درثمین احمد صاحب جرمنی سے دعا کی درخواست کرتی ہیں کہ خاکسار کے والد محترم چودھری ظہور احمد طاہر صاحب آف اسلام آباد پاکستان جو جرمنی وزٹ پہ آئے ہوئے ہیں، ان کی طبیعت چند روز سے خراب تھی۔ چند دنوں سے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پھیپھڑوں میں پانی پڑگیا ہے، اس ليے سانس لینے میں دشواری محسوس ہورہی ہے۔
٭…مرتضیٰ ظفر صاحب دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے ملک گل محمد صاحب آج کل کافی علیل ہیں اور شدید کمزوری کی وجہ سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ موصوف نہایت مخلص، نیک اور جماعت سے محبت کرنے والے انسان ہیں۔
٭…مریم عرفان صاحبہ آف جماعت ہالینڈ تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کا بھتیجا عزیزم مسرور احمد ابن تنویر احمد صاحب آف جماعت برمنگھم، یوکے کو کچھ عرصہ قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے باعث وہ شدید علیل ہے۔ صحت دن بدن کمزور ہوتی جا رہی ہے۔
احباب جماعت کی خدمت میں جملہ مریضان کی صحت اور کامل شفایابی کے ليے دعا کی درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور بیماری کے تمام بداثرات سے محفوظ رکھے۔ آمین
سانحہ ارتحال
مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بہنوئی فرمان احمد ناصر صاحب آف دارالعلوم شرقی ربوہ چند ہفتے بیما ررہنے کے بعد مورخہ ۵؍مئی ۲۰۲۶ء کو طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
آپ اسماعیلہ ضلع گجرات میں۱۹۵۸ء پیدا ہوئے اور والدین کی اکلوتی نرینہ اولاد تھے۔ بوقت وفات آپ کی عمر ۶۸؍سال تھی۔ آپ نے ۱۹۷۴ء میں ایک خواب کی بنا پر احمدیت قبول کی اور خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔ خاندان کے بے انتہاء دباؤ اور مخالفت کے باوجود تادم آخر جرأت اور وفا کے ساتھ احمدیت پر قائم رہے۔ آپ نے اپنی نوکری کا سارا عرصہ کراچی میں گزارا اورریٹائرمنٹ کے بعد ۲۰۱۸ء میں فیملی کے ساتھ ربوہ منتقل ہوگئے۔
مرحوم پنجوقتہ نمازیں باجماعت مسجد میں پابندی سے ادا کرتے۔ مالی قربانی کی ہر تحریک میں حصہ لیتے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو دو بیٹیوں اور ایک بیٹے سے نوازا۔ تینوں بچے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کا بیٹا عزیزم فارس احمد حافظ قرآن ہے۔
ہماری بہن امۃ المتین صاحبہ نے شادی سے پہلے اور شادی کے بعد بھی خود کو قرآن مجید کی خدمت کے ليے وقف کیے رکھا۔ بہت شوق سے بے شمار ممبرات لجنہ اماءاللہ اور بچیوں کو قرآن مجید ناظرہ اور باترجمہ پڑھایا اور اب بھی پڑھا رہی ہیں۔ گھر میں مسلسل قرآن کلاسز اور لجنہ کے متعدد پروگرام منعقد ہوتے رہتے۔ اس کارخیر میں اُن کے مرحوم شوہر کا تعاون ہمیشہ حاصل رہتا۔
مرحوم صلہ رحمی کرنے والے، نرم خو، دیانت دار اور دوسروں کا خیال رکھنے والے تھے۔ ہمیشہ دھیمے انداز میں بات کرتےاور بلاوجہ گفتگوکرنے سے گریز کرتے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ آپ کی نماز جنازہ کےبعد بہشتی مقبرہ نصیر آباد میں تدفین عمل میں آئی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
اعلانات نکاح
نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش یہ اعلانات نکاح بھیجتے ہیں:
۱۔ ریاض محمد سیف اللہ صاحب ولد مرحوم محمد غریب اللہ نواز (کاکس بازار، چٹاگانگ) کے ساتھ سعدیہ صدیقہ صاحبہ بنت مکرم محی الدین احمد صاحب (ضلع پنچ گڑھ، جماعت احمد نگر) کا اعلان نکاح مورخہ ۲۷؍مارچ ۲۰۲۶ء کو دارالتبلیغ بخشی بازار میں مبلغ پانچ لاکھ ٹکہ حق مہر پر ہوا۔ مکرم شیخ مستفیض الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ نے نکاح پڑھایا۔
۲۔ معروف بن حفیظ صاحب ولد محمد حفیظ الرحمٰن صاحب کے ساتھ امۃ الباسط صاحبہ بنت مرحوم عبدالجلیل صاحب کا اعلان نکاح مبلغ تین لاکھ پچاس ہزار بنگلہ دیشی ٹکہ حق مہر پر طے پایا۔ مورخہ ۱۷؍اپریل ۲۰۲۶ء کو دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ میں شیخ مستفیض الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ نے نکاح پڑھایا۔
اللہ تعالیٰ ان ہر دو نکا ح کو با برکت و کامیاب کرے۔ آمین
اعلان ولادت
صفدر نذیر جاوید گولیکی صاحب واقف زندگی سیکرٹری تبلیغ سینٹ کیتھرین، کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل سے ہماری بیٹی عنبریںصفدرصاحبہ (واقفہ نو) اہلیہ عزیزم عبدالناصر جمال (واقف نو) آف فن لینڈ کو شادی کے دس سال بعد ۲۲؍مئی بروز جمعۃالمبارک جڑواں بچوں سے نوازا ہے۔الحمدللہ، بیٹا طہٰ ناصر اور بیٹی نیمل فرزانہ دونوں وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔
نوزائیدہ بچے شیخ عبدالسلام صاحب مرحوم کے پوتا اور پوتی اور چودھری نذر محمد نذیر صاحب مرحوم کے پڑپوتا اور پڑپوتی ہیں، نیز حضرت مولوی محمد حیات صاحبؓ آف دھیرکے کلاں ضلع گجرات صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی نسل سے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچوں کو صحت و سلامتی والی عمریں عطا فرمائے، نیک، صالح نیز دین کے خادم اور خلافت احمدیہ کے فدائی بنائے۔ آمین
٭…٭…٭




