افریقہ (رپورٹس)

ماہا جنگا ریجن، مڈغاسکر میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو ماہا جنگا ریجن میں امسال اپنی پہلی مسجداور مڈغاسکر میں ساتویں مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

۲۰۱۵ء میں جماعت احمدیہ نے ماہا جنگا ریجن میں مکرم مدثر احمد صاحب مبلغ سلسلہ کے ذریعہ باقاعدہ تبلیغی کوششوں کا آغاز کیا۔ لیکن بعض وجوہات کی بنا پر اس مشن کو ایک سال بعدبند کرکے ایک دوسرے ریجن میں منتقل کرنا پڑا اور تقریباً ۹؍سال کے عرصہ کے بعد ۱۸؍جنوری ۲۰۲۴ء میں جماعت احمدیہ نے دوبارہ مکرم عطاء الوحید صاحب مبلغ سلسلہ کے ذریعہ ماہا جنگا ریجن میں تبلیغی مشن کا آغاز کیا۔

ابتدائی طور پر یہاں کرایہ کا ایک گھرلے کر نماز سینٹربنایا گیا اور تبلیغ کا آغازکیا گیا جس کے نتیجہ میں ایک سال کے اندر چند بیعتوں کا حصول ممکن ہوا۔ ان ابتدائی بیعتوں کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں مسجد کے لیے زمین کی خریداری اور تعمیر کے حوالے سے دعائیہ خط لکھا گیا اور ۱۶؍جون ۲۰۲۵ء کو ۲۰۰؍مربع میٹر پر مشتمل ایک قطعہ زمین خریدا گیا۔ بعد ازاں مرکز سے منظوری حاصل ہونے کے بعد دعاؤں، صدقات اور ایک بکرے کی قربانی کے ساتھ اس ریجن میں تعینات مبلغ سلسلہ مکرم عطاء الوحید طاہر صاحب اور لوکل مشنری مکرم بوتسی محمد صاحب نے چند احباب جماعت کے ساتھ اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس مسجد کی تعمیر ماہاجنگا شہر سے ۴؍کلومیٹر کی مسافت پر موجود ایک گاؤں سوتے ما میں ہوئی اور مکرم مبلغ سلسلہ صاحب نے ذاتی نگرانی اور توجہ سے مسجد کی تعمیر کاکام مکمل کروایا اور ماہ دسمبر ۲۰۲۵ء میں مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی۔ اس مسجد کا کل رقبہ ۲۰۰؍مربع میٹر ہے جبکہ مسقف حصہ ۶۰؍مربع میٹر پر مشتمل ہے اور مجموعی طور پر تقریباً ۱۲۰؍نمازیوں کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ یہ مسجد دو منزلوں پر مشتمل ہے۔ نچلی منزل میں مردوں کے لیے ایک وسیع ہال تعمیرکیا گیا ہے جبکہ بالائی منزل عورتوں کے لیے مختص ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسجد کے بالائی حصے میں لوکل مشنری صاحب کی رہائش کا بھی انتظام کیا گیا ہے، یوں مسجد کے ساتھ ایک مشن ہاؤس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

مسجد کا باضابطہ افتتاح ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو کیا گیا۔ اس موقع پر مرکز کی نمائندگی کرتے ہوئے خاکسار (نیشنل صدرومبلغ انچارج مڈغاسکر) کی قیادت میں چار رکنی وفد نے شرکت کی جس میں صدر مجلس انصاراللہ مکرم ملک بشیر احمد صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم شکیل الرحمٰن صاحب اور لوکل مبلغ سلسلہ مکرم عبدالرحمٰن صاحب شامل تھے۔

افتتاحی پروگرام میں لوکل جماعت کے ممبران کے علاوہ لوکل چیف، حکومتی آفسر نیز مختلف طبقات اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مہمانان کرام اور معززین نے بھی شرکت کی۔ ان تمام معزز مہمانان نے جماعت کی دینی اور معاشرتی خدمات کو سراہا۔

افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز ۱۰؍بجے تلاوت قرآن کریم اور اس کے مقامی مالا گا سی زبان کے ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں مکرم بوتسی صاحب لوکل مبلغ سلسلہ نے تشریف لانے والے مہمانان اور مرکزی وفد کا تعارف کروایا اور ماہا جنگا ریجن میں جماعت احمدیہ کے مختصر تعارف اور تاریخ پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مکرم عبدالرحمٰن صاحب لوکل مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ لجنہ اماء اللہ کی جانب سے ایک قصیدہ مع ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ پھر ماہا جنگا ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم عطاء الوحید طاہر صاحب نے ’’مسجد کی اہمیت اور جماعت کی تبلیغی کوششوں‘‘ کے موضوع پر لوکل زبان میں تقریر کی۔

بعد ازاں لوکل گورنمنٹ افسران اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانان کو اپنے تاثرات پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ اس موقع پر ماہاجنگا شہر کی مسجد توحید کے امام صاحب نے بھی مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی دینی او ر انسانی خدمات کو سراہا۔

آخر میں خاکسار نے اپنی تقریر میں تمام آنے والے مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور احباب جماعت کو نماز باجماعت کی اہمیت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مسجد کو آباد رکھنے کے حوالے سے چند نصائح کیں۔ اس کے بعد خاکسار نے حکومتی عہدیداران کے ساتھ فیتہ کاٹ کر اس مسجد کا باقاعدہ رسمی افتتاح کروایا اور اجتماعی دعا کروائی جس کے بعد تمام حاضرین اور مہمانان کرام کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔ اس بابرکت تقریب میں تقریباً ۲۰۰؍افراد نے شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو جماعت احمدیہ کے لیے ترقیات کا پیش خیمہ بنائے اور اس گاؤں کے باسیوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ بنادے جو کہ ان لوگوں کی تعلیم و تربیت، محبت اور اخلاص میں اضافہ کا موجب ہو۔ آمین

(رپورٹ:مجیب احمد۔ نیشنل صدر و مبلغ انچارج مڈغاسکر)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے انتالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button