جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے انتالیسویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد
٭… ملکی سطح پر انتخابات کے باعث جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا انعقاد ۱۰تا۱۲؍اپریل ۲۰۲۶ءکو مہدی آباد، آبیدجان میں کیا گیا
٭… جلسہ سالانہ میں گھانا، نائیجر اور بینن کے امراء کی بطور مہمانان خصوصی شرکت ٭… امسال جلسہ میں ۶؍ممالک کی نمائندگی کے ساتھ کل حاضری ۳۵۰۸؍افراد پر مشتمل رہی
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ ہر سال ماہ دسمبر میں جلسہ سالانہ کا انعقاد کرتی ہے۔ تاہم ۲۰۲۵ء میں ملکی قانون ساز انتخابات کے باعث دسمبر میں جلسہ منعقد نہ ہو سکا، اس لیے اسے موخر کر کے مورخہ ۱۰تا ۱۲؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار جماعتی مقام مہدی آباد میں منعقد کیا گیا۔ اس سال جلسہ کا مرکزی موضوع تھا: “تضادات اور تقسیم کے اس موجودہ دور میں دائمی امن کی آواز – اسلام”۔

جلسہ کی تیاری کے لیے مکرم کریم جوارا صاحب افسر جلسہ سالانہ نے متعدد میٹنگز منعقد کیں جن میں اہم انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ جلسہ کے تعارف اور تشہیر کے لیے لیفلیٹس اور اشتہاری مواد تیار کر کے مختلف علاقوں میں بھجوایا گیا تاکہ احباب کو جلسہ کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے اور ان میں شرکت کا شوق پیدا ہو۔
جلسہ سے ایک ہفتہ قبل تیاریوں کا آغاز ہوا جس دوران مختلف ریجنز سے آنے والے خدام اور معلمین نے وقار عمل کے ذریعے جلسہ گاہ کی صفائی کی۔ مستقل پوڈیم (Podium) تعمیر کیا گیا جبکہ مہمانان کی رہائش، پارکنگ، لجنہ کی رہائش اور دیگر انتظامات کے لیے ٹینٹس لگائے گئے۔ کچن، کھانے کی تقسیم، بازار،مفت میڈیکل کیمپ اور مختلف نمائشوں کے لیے علیحدہ علیحدہ انتظامات کیے گئے۔ داخلی راستے پر استقبالیہ، حاضری ڈیسک اور بازار بھی قائم کیا گیا۔
مورخہ ۹؍اپریل بروز جمعرات سے مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد شروع ہو گئی۔ شعبہ حاضری نے کام کا آغاز کیا اور نمازوں کی ادائیگی جلسہ گاہ میں شروع ہو گئی۔ آنے والے مہمانوں کی تواضع کا بھی باقاعدہ انتظام کیا جاتا رہا۔
جلسہ سالانہ کا پہلا دن: جلسہ کے پہلے دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کی مکرم تراؤرے ابوبکر صاحب صدر جماعت بواکے شہر نے امامت کروائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم عبدالرحمٰن وتراصاحب معلم سلسلہ نے درس بعنوان’’ماحولیاتی تحفظ، مومن کا اخلاقی اور مذہبی فریضہ‘‘ دیا جس کے بعد آٹھ بجے کے قریب ناشتہ پیش کیا گیا جس کے ساتھ ساتھ جلسہ کی تیاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔
ہیومینٹی فرسٹ کے ہسپتال ’’مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر‘‘ کا دورہ:حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ سے قبل مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ کے ہمراہ معزز مہمانان کرام (امرائے کرام گھانا، نائیجر، بینن و دیگر وفود) نے مہدی آباد میں ہیومینٹی فرسٹ کے شعبہ ہیلتھ کیئر کے زیرِ تعمیر ہسپتال کا دورہ کیا جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
اس موقع پر مکرم وقاص احمد ظفر صاحب انجینئر ہیومینٹی فرسٹ نے مہمانان کو ہسپتال کا تفصیلی تعارفی دورہ کروایا اور مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کیا۔ بعد ازاں ہسپتال کے میٹنگ روم میں مہمانان کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ دورہ کے اختتام پر تمام شاملین کی ہسپتال کے داخلی راستہ پر یادگاری تصاویر بھی لی گئیں۔

اس دورہ کے اختتام پر دوپہر ۱۲؍بجے شاملین جلسہ نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ فرنچ و انگلش ترجمہ کے ساتھ سنا جس کے فوراً بعد مکرم محمد بن صالح صاحب امیر و مبلغ انچارج گھانا نے مقامی خطبہ دیا اور نماز جمعہ پڑھائی جس کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔
شام پانچ بجے کے قریب جلسہ کے افتتاحی اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کے ليے مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے مع مہمانان خصوصی تشریف لا کر آئیوری کوسٹ کا جھنڈا جبکہ مکرم امیر صاحب گھانا نے لوائے احمدیت بلند کیا اور دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے کی۔ مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم شاہد احمد مسعود صاحب نے نظم پڑھی اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے اپنی افتتاحی تقریر میں جلسہ کی اہمیت اور شرکت کی برکات بیان کیں۔ اس تقریر کا ساتھ ساتھ مقامی زبان جولا(Djouala) میں ترجمہ بھی کیا جاتا رہا۔ پھر مکرم امیر صاحب گھانا نے ’’خلافت احمدیہ، اللہ کی رسی‘‘ کے عنوان سے انگلش زبان میں تقریر کی۔ تقاریر کا ساتھ ساتھ جولا زبان میں ترجمہ بھی کیا جاتا رہا۔ جبکہ اس کے اختتام پر اس تقریر کا فرانسیسی زبان میں خلاصہ بھی پیش کیا گیا۔ اس تقریر کے ساتھ ہی افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا اور چند اعلانات کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئی۔
نماز وں کی ادائیگی کے معاً بعد شاملین جلسہ کی دلچسپی کے ليے میڈیکل کے حوالے سے پروگرام بعنوان ’’ہیضہ‘‘ مکرم ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب ماہر امراض معدہ وجگر نے پیش کیا۔ آپ نے ویڈیو کے ساتھ تمام شرکاء کو اس بیماری کی علامات اور علاج اور پرہیز سے آگاہ کیا۔ اس پروگرام کے اختتام پر عشائیہ پیش کیا گیا جس کے بعد جلسہ کے پہلے دن کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن: جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ مکرم سینا کولیبالی صاحب معلم سلسلہ نے نماز تہجد کی امامت کروائی اور نماز فجر کے بعد مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے ’’خواتین کا وقار اور خاندانی عزت، ایک متوازن معاشرہ کا ستون‘‘ کے عنوان سے درس دیا جس کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا۔
شاملین نے جلسہ کی تیاری کی اور نو بجے کے قریب جلسہ کے دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب جماعت گھانا ہوا۔ مکرم حافظ فوفانا سعید صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم وقار الحق صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی نظم پڑھی۔ نظم کے بعد مکرم احمد باپینا صاحب نے ’’جماعت احمدیہ کا تعارف‘‘ کے موضوع پر اور مکرم محمد لقمان (Mohamed Loukouman Adio Bissiriou) صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن نے ’’موجودہ تنازعاتی حالات میں اسلام امن کا راستہ‘‘ فرانسیسی زبان میں تقریر کی ۔ اس تقریر کے بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی ترقی کا سالانہ جائزہ پیش کیااور آئیوری کوسٹ میں جماعتی اور ہیومینٹی فرسٹ نیز IAAAE کی جانب سے جاری انسانیت کی خدمات کا تذکرہ بھی کیا جس کے بعد جلسہ میں شریک غیراز جماعت سیاسی و علاقائی مہمانان کرام نے اظہار خیال کرتے ہوئے جلسہ کے انعقاد کو سراہا۔ اس کے بعد مہمانان کرام کو جلسہ میں لگائی گئی نمائشوں کا تعارفی دورہ کروایا گیا۔ اس دوران جلسہ جاری رہا۔ مکرم جیالو احمد صاحب معلم سلسلہ کی تقریر بعنوان ’’تقویٰ اور تزکیہ نفس کی اہمیت‘‘ بزبان جولا کے ساتھ دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ اختتام ہوا اور شاملین جلسہ نے نمازوں کی تیاری شروع کر دی۔
منعقدہ نمائشوں نیز عطیہ خون کیمپ کا تعارف: امسال جلسہ کے دوران متعدد نمائشوں کا اہتمام کیا گیا جس کے ليے جلسہ گاہ کے دائیں جانب نمائشوں کی جگہ مخصوص کی گئی۔ مہمانان کرام کے اظہار خیال کے بعد مکرم امیر صاحب مع مہمانان کرام نمائشوں کے افتتاحی جائزہ کے ليے گئے جس میں سب سے اول جماعتی طور پر منعقدہ نمائش کا دورہ کیا۔ امسال جماعتی نمائش کا مرکزی موضوع ’’خلافت احمدیہ کی امن کی کاوشیں‘‘ تھا جس کے تحت دنیاوی حالات اور خلفائے کرام کی اس سلسلہ میں امن کی کوششوں کو تصویری شکل میں پیش کیا گیا اور قرآن کریم کے بھی کيے گئے تراجم آویزاں کيے گئے۔ اسی طرح امسال آئیوری کوسٹ میں تعمیر کی گئی جماعتی مساجد کو بھی تصویری صورت میں پیش کیا گیا۔ اس نمائش کے انعقاد کی نگرانی مکرم شاہد احمد مسعود صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ مکرم میتے بن کراموکو صاحب نے مہمانان کرام کو جماعتی نمائش کا تعارف پیش کیا جس کے اختتام پر مہانان کرام دوسری نمائش جو کہ خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے لگائی گئی تھی وہاں آئے۔ مہمانان کرام کو پانی اور چاکلیٹس کا تحفہ پیش کیا گیا جس کے بعد انہیں نمائش میں لگائے گئے بینرز کا تعارف انگریزی و فرنچ زبان میں مکرم سلا اسمائیل صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ نے پیش کیا جس میں خدام الاحمدیہ کے آغاز اور خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کا جائزہ پیش کیا گیا تھا۔ جبکہ خدام الاحمدیہ کی جانب سے تیار کی گئی مختلف اشیاء بھی رکھی گئی تھیں۔ امسال خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے پہلی مرتبہ جلسہ کے دوران اپنی علیحدہ نمائش کا انتظام خاکسار کی زیرنگرانی کیا تھا۔
اختتام پر مہدی آباد میں تعمیر ہونے والے ہیومینٹی فرسٹ ہسپتال کے تعارفی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں مہمانانِ کرام نے ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ کے سٹال کا دورہ کیا جہاں بینرز کے ذریعے انسانیت کی خدمت کے مختلف منصوبے پیش کیے گئے اور ہیومینٹی فرسٹ کی تیار کردہ بعض اشیاء بھی رکھی گئی تھیں۔
امسال پہلی مرتبہ شعبہ وصیت کا بھی سٹال لگایا گیا جہاں مکرم رافع تبسم احمد صاحب اور مکرم احتشام الحسن صاحب نے مہمانان کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں مہمانان عطیہ خون کیمپ میں گئے جہاں مرد و خواتین خون کے عطیات دے رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے دوران ۸۵؍مرد و خواتین نے خون کا عطیہ دیا۔ بعد ازاں مہمانان کرام ہال میں تشریف لے گئے جہاں ان کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ علاوہ ازیں لجنہ اماء اللہ کی نمائش، ہیومینٹی فرسٹ کا مفت میڈیکل کیمپ اور بازار میں کھانے پینے کے مختلف سٹالز بھی موجود تھے۔
نماز ظہر وعصر اور ظہرانہ پیش کے بعد سہ پہر ساڑھے تین بجے مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر کی زیرصدارت دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ مکرم عبدالسلام باری صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم اور فرنچ ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم اطہر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے نظم پڑھی۔ اس کے بعد مکرم زالے سیدی محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’آخری زمانہ کی علامات‘‘ کے موضوع پر اور مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے فرانسیسی زبان میں’’اخلاقی گراوٹ اور اس کا روحانی علاج‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ جس کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس اجلاس کے دوران مکرم امیر صاحب نے شاملین جلسہ سے علاقہ جات کے حساب سے ملاقاتیں بھی کیں اجلاس کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔
تقریب آمین اور مجلس سوال و جواب: نمازوں کے بعد مکرم امیر صاحب نائیجر کی صدارت میں تقریب آمین منعقد ہوئی۔ ابتدا میں دوران سال وفات پانے والے احباب جماعت کے نام دعا کی غرض سے پڑھ کر سنائے گئے۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے لڑکوں سے قرآن کریم سنا جبکہ لڑکیوں نے جلسہ گاہ مستورات سے قرآن کا کچھ حصہ سنایا۔ اختتام سے قبل جلسہ میں شامل ایک نوجوان دوست نے متاثر ہو کر احمدیت قبول کرنے کا اعلان بھی کیا۔ مکرم امیر صاحب نائیجر نے قرآن کریم کی اہمیت اجاگر کی اور دعا کروائی۔ امسال مجموعی طور پر ۱۱؍بچوں اور بچیوں کی تقریب آمین ہوئی۔
اس کے فوراً بعد مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ نے سوالات کے جواب دیے۔ اختتام پر شاملین جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور یوں جلسہ کے دوسرے دن کا اختتام ہوا۔
جلسہ کا تیسرا اور آخری دن: جلسہ کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز بھی حسب روایت باجماعت نماز تہجد کے ساتھ ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکر م احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’سکرینوں کے دور میں نوجوان نسل کی تربیت‘‘ کے عنوان سے فرانسیسی زبان میں درس دیا جس کا جولا زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا جس کے بعد شاملین جلسہ نے آخری اجلاس میں شمولیت کے ليے تیاری شروع کی اور ناشتہ کیا۔
اختتامی اجلاس کاآغاز مکرم امیر صاحب بینن کی زیر صدارت ہوا۔ مکرم بناؤ عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم و فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد مکرم آمو وترا صاحب معلم سلسلہ نے اردو نظم پڑھی اور اس کا فرانسیسی ترجمہ بھی پیش کیا۔ مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت نائیجر نے ’’عالمی تنازعات کے حل کے ليے خلافت احمدیہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر فرانسیسی زبان میں تقریر کی۔ بعدہٗ مکرم جیاکیساگا ہارون صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے شعبہ تبلیغ کے حوالے سےبعض گزارشات پیش کیں۔ مکرمہ مادام شکورہ صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ نے مختصر تقریر بزبان فرنچ کی۔ اس کے بعد مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب گھانا نے گھانا سے آئے وفد کا تعارف پیش کیا اور اس کے اختتام پر تبلیغی اور تربیتی حوالے سے شاملین جلسہ سے مخاطب انگریزی میں تقریر کی جس کا فرانسیسی ترجمہ ساتھ ساتھ پیش کیا گیا۔ اس تقریر کے اختتام پر جلسہ میں موجود بعض غیر از جماعت معزز مہمانان کرام نے مختصراً باری باری اظہار خیال کیا اور جماعت کی قیام امن کے لیے کاوشوں کو سراہا۔
تقریب تقسیم میڈلز برائے آمین و تعلیم: دوران سال علمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نیز ایک روز قبل منعقدہ تقریب آمین کےشاملین میں میڈلز تقسیم کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کے تحت سب سے قبل سکول، کالج اور یونیورسٹی میں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز اور اسلامی نماز کتاب بزبان فرانسیسی پیش کيے گئے۔ مکرم امیر صاحب نائیجر، مکرم امیر صاحب بینن نیز مکر م امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے تشریف لا کر انعامات تقسیم کیے۔ مکرم امیر صاحب گھانا نے آمین قرآن کے میڈلز تقسیم کيے۔ اسی طرح مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے گھانا، نائیجر و بینن کے امراء نیز برکینا فاسو کے امیر صاحب کے نمائندہ کو یادگاری شیلڈز پیش کیں جبکہ بینن کے امیر صاحب نے جماعت آئیوری کوسٹ کے ليے بطور تحفہ یادگاری شیلڈ مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ کو پیش کی۔ امسال CEPEیعنی پرائمری کے۶؍طلبہ، BEPC یعنی ہائی سکول کے ۴؍طلبہ اور BAC یعنی گریجوایشن کے۴؍طلبہ، مختلف ڈپلومہ کے ۲؍طلبہ جبکہ یونیورسٹی کی ایک طالبہ میں میڈل تقسیم کیا گیا جبکہ قرآن کریم مکمل کرنے والے ۵؍بچوں اور ۶؍بچیوں میں میڈلز تقسیم کيے گئے۔
میڈلز تقسیم کے فوراً بعد مکرم امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے جلسہ کی اختتامی تقریر کی جس میں شاملین جلسہ کو جلسہ کی برکات کو مستقل اپنے اندر قائم رکھنے کےساتھ دیگر نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ ہی جلسہ کے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ اور کارکنان و مبلغین کرام کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی گئیں جس کے بعد تمام شاملین کو ظہرانہ پیش کیا گیا اور خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے امراء کرام کو تحائف پیش کيے گئے۔ نیز شاملین جلسہ، جلسہ کی برکات کو سمیٹتے ہوئے اپنی اپنی منازل کی طرف واپس روانہ ہونا شروع ہوگئے۔
جلسہ حاضری نیز میڈیا رپورٹس:امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے آئیوری کوسٹ کے ۲۰؍ریجنز سے کل ۳۵۰۸؍افراد نے جلسہ میں شرکت کی جس میں گھانا، نائیجر، بینن اور برکینافاسو کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت معزز مہمانان کی حاضری ۳۰؍رہی۔ آئیوری کوسٹ کے ریجنز کی تفصیلی حاضری کچھ یوں ہے۔
جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل نیشنل چینل RTI 1 پر جلسہ کے انعقاد کے اعلان کی رپورٹ نشر ہوئی جبکہ چند اخبار جیسے Fraternite Matin, Le Patriote, AIP میں بھی جلسہ کے انعقاد کے اعلانات شائع ہوئے۔ جبکہ جلسہ کے انعقاد کے بعد جلسہ کی رپورٹس نیشنل چینل RTI1 اور چند ایک اخبارات مثلاًNotre voix, l’expression, AIP, Le Jour, Le Mandat, L’inter, Le matin, L’intelligentجیسے پرنٹڈ اور آن لائن اخبارات میں جلسہ کی تفصیلی رپورٹس شائع ہوئیں۔ جلسہ میں کئی ایک مقامی ریڈیو چینلز کے نمائندہ بھی شریک ہوئے جنہوں نے اپنے اپنے علاقہ جات میں ریڈیو پر جلسہ کے انعقاد کی رپورٹ شائع کی۔
جلسہ سالانہ کے اختتام پر کارکنان جلسہ نے جلسہ گاہ کی صفائی کے ساتھ ساتھ ٹینٹس اتارنے کے کام کا بھی فوری آغاز کر دیا اور جلسہ کے بعد چند روز کے اندر اندر جلسہ گاہ کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا۔
اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کو جلسہ کی برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا کرتا جائے نیز سب کارکنان جلسہ کو بہترین اجر سے نوازے اور آئندہ بھی اسی جذبہ خدمت کے تحت مہمانان جلسہ کی خدمت کرنے کی انہیں توفیق عطا کرتا جائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جاپان کی ۴۳ویں مجلس شوریٰ کا انعقاد




