جماعت احمدیہ کیمرون کے بارہویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کا بابرکت انعقاد
٭… جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ارسال کردہ خصوصی پیغام مختلف لوکل زبانوں میں پیش کیا گیا
٭… ۱۰؍ریجنز کی ۸۹؍جماعتوں سے ۲۷۸۹؍احباب کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کیمرون کو اپنا بارہواں جلسہ سالانہ کیمرون ویسٹ ریجن کے شہر فمبان (Foumban) کے تاریخی سکول Lycee Classique Du Foumban میں مورخہ ۱۴و۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
مورخہ ۱۳؍فروری کو کیمرون کی جماعتوں میں باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی۔ اسی روز مختلف جماعتوں سے احباب جماعت نے سفر شروع کیا اور کیمرون کی مختلف جماعتوں میں پانچ دنبے بطور صدقہ ذبح کیے گئے۔

ایک ماہ قبل لوکل ایڈمنسٹریٹر(D.O) صاحب اور ميئر کے آفس سے اجازت لی گئی اور مکرم بالا ابراہیم بابا صاحب افسر جلسہ سالانہ کی نگرانی میں تمام ناظمین نے کام شروع کردیا۔ کھانے پینے کی چیزیں خریدنے، پانی، بجلی، پنڈال اورکرسیوں کوکرایہ پرلینے کے انتظامات کیے گئے۔
رہائش کا اچھا انتظام تھا۔ سکول کے ۸؍کمروں کے علاوہ قریب ہی چند مکان کرایہ پر بھی لیے گئے تاکہ مہمانوں کورہنے کی آسانی ہو اور جلسہ گاہ میں آنے جانے میں بھی مشکل نہ ہو۔
فمبان شہر کی مشہورجگہوں پر جلسہ سالانہ کے بینرز لگائے گئے۔ شہراورقریب کے دیہاتوں میں جلسہ سالانہ کے پوسٹرز ایک ہفتہ قبل لگائے گئے۔

پہلا اجلاس: مورخہ ۱۴؍فروری صبح ۱۰؍بجے جلسہ سالانہ شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرم بالا ابراہیم بابا صاحب صدر جماعت احمدیہ کیمرون نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مکرم شیخ منصور جویا صاحب نے پیش کی اور نظم مکرم معلم یوسف سندو صاحب نے پڑھی۔ صدر اجلاس ے حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال کردہ خصوصی پیغام انگریزی میں پڑھ کر سنایا جبکہ اس کا فرنچ ترجمہ مکرم غمروآدمو صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ کیمرون نے، فُلبے زبان میں ترجمہ مکرم معلم یوسف سندو صاحب نے اور بامو زبان میں ترجمہ مکرم معلم ابوبکرآدمو صاحب نے پیش کیا۔
بعدہٗ مکرم انیق احمد صاحب نے ’’حقوق اللہ اورحقوق العباد حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں‘‘ اور مکرم ظفراللہ مصطفیٰ صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’نبی کریم ﷺ-پُرامن معاشرہ کے قیام کے لیے بہترین نمونہ‘‘کےموضوعات پر تقاریر کیں۔ اس کے ساتھ ہی پہلے اجلاس کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی اور نماز ظہر و عصر اور کھانے کے لیے وقفہ ہوا۔
دوسرا اجلاس: جلسہ سالانہ کیمرون کا دوسراا جلاس بعد از دوپہر۴؍بجے شروع ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت خاکسار (مبلغ انچارج کیمرون) نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ مکرم معلم آدموموسیٰ صاحب نے پیش کیا۔ قصیدہ مکرم معلم ابوبکرعلی صاحب نے پڑھا۔ مکرم معلم عبدالہادی صاحب نے انگریزی زبان میں ’’پیشگوئی مصلح موعود کی اہمیت اور اس کا پورا ہونا‘‘ کے موضوع پر تقرریر کی جس کا بعد میں لوکل زبانوں فُلبے اور باموں میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ مکرم معلم سلیمان احمدوعیسیٰ صاحب نے ’’اولاد کی بہترین تربیت-والدین کی اہم ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر فرنچ زبان میں تقریر کی۔

نماز مغرب و عشاء کے بعد مکرم معلم ابراہیم تیجانی صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تبلیغ کے متعلق زرّیں ہدایات کو وضاحت کے ساتھ سامعین کرام کے سامنے پیش کیا۔ اس کے بعد رات کے کھانے کا وقفہ ہوا۔
رات ۹؍بجے مجلس سوال و جواب کا انعقاد ہوا جو رات ۱۱؍بجے تک جاری رہی۔ اس مجلس میں مکرم انیق احمد صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم ظفراللہ مصطفیٰ صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم معلم عبدالہادی صاحب اور مکرم معلم ابوبکر آدمو صاحب نے سوالوں کے جواب دیے۔ ساتھ ساتھ لوکل زبانوں میں ترجمہ بھی ہوتا رہا۔ سامعین کرام نے بہت دلچسپی سے سوالوں کے جواب سنے اوراطمینان کا اظہار کیا۔
دوسرا دن: دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم عبدالعزیزسانگوصاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے خطبہ جمعہ کا خلاصہ فرنچ اورانگریزی زبانوں میں سنایا۔ اس کے بعد احباب کرام آرام کے لیے چلے گئے اورناشتہ کے لیے وقفہ ہوا۔
تیسرا اجلاس:مورخہ ۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری اجلاس کی کارروائی صبح ۹؍بجے شروع ہوئی۔ اجلاس کی صدارت مکرم بالا ابراہیم بابا صاحب صدر جماعت کیمرون نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حافظ محمد زکریا صاحب نے پیش کی۔ بعد میں ترجمہ فرنچ زبان میں کیا گیا۔ نظم مکرم محمود سعید صاحب نے پڑھی۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’شرائط بیعت پرعمل ہی سچے مسلمان کی طرز زندگی ہے‘‘ از خاکسار (مبلغ انچارج)، ’’امام مہدیؑ کی آمد-اسلام کےایک زندہ مذہب ہونے کی نشانی‘‘ از مکرم ابوبکر آدمو صاحب معلّم جماعت اور ’’خلافت احمدیہ کی براعظم افریقہ کے لیے خدمات‘‘ از مکرم عمروآدمو صاحب جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری ہیومینٹی فرسٹ کیمرون۔
مہمانوں کے تاثرات: جلسہ سالانہ کیمرون کے آخر پر مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا جو درج ذیل ہیں:فمبان کے چیف امام مکرم پرنس اسمائیل صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے جماعت احمدیہ، کیمرون میں آئی ہے پیارومحبت کی تبلیغ کررہی ہے، امن کا پرچار کررہی ہے جس کی بہت ضرورت ہے۔ اسی طرح جماعت بنی نوع انسان کی خدمت کر رہی ہے۔ ایسی خدمت کوئی مذہب نہیں کررہا۔ ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چل کرلوگوں کی خدمت کرنی چاہیے۔
لامیڈوآف گاؤنڈیرے (Ngaoundere) کے نمائندہ مکرم پرنس ھَمدَما دَلَائِلُوْا (Prince Hamdamadalailou) نے کہا کہ کچھ زیادہ عرصہ نہیں ہوا کہ جماعت نے ہمارے علاقہ میں کام شروع کیا ہے۔ گاؤنڈیرے شہرمیں خوبصورت مسجد تعمیرکی ہے اورانسانیت کی خدمت شروع کر دی ہے۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ جماعت پراُمن ماحول کے لیے کوشش کر رہی ہے اورکوئی دوسرا ایسی کوشش نہیں کررہا۔
لامیڈو آف مروہ کے نمائندہ مکرم حَمَدُوصدیق (Hamadu Siddiq) صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہمیں اس بابرکت موقع پر مدعو کیا گیا۔ میں نے جلسہ کی تقاریرسنی ہیں۔ یہاں پر لوگوں کے لیے بہت کچھ سیکھنے کےلیے ہے۔ امید ہے کہ سامعین نے اس سے استفادہ کیا ہوگا۔ پیارومحبت اور امن کی بہترین اسلامی تعلیم کا یہاں آکرعلم ہوا۔
انتظامات:جلسہ سالانہ کے انتظامات مکرم بالا ابراہیم بابا صاحب افسر جلسہ سالانہ اور مکرم اسحاق صاحب نائب افسر کی نگرانی میں مکمل ہوئے۔ خدام الاحمدیہ نے جلسہ گاہ اور سٹیج کی تیاری و سجاوٹ کا کام احسن رنگ میں انجام دیا۔ کتابوں کی نمائش، میڈیکل فرسٹ ایڈ، سیکیورٹی اور مستورات کے لیے کارروائی سننے و دیکھنے کے انتظامات بھی کیے گئے۔ کھانا پکانے کی ذمہ داری لجنہ اماءاللہ نے عمدگی سے نبھائی جبکہ تقسیم طعام کا انتظام مکرم معلّم سلیمان احمدو صاحب اور ان کے معاونین نے سنبھالا۔
کیمرون جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء کو۲۴؍میڈیا ہاؤسز نے کوریج دی۔ ۱۰؍ٹی وی چینلز میں نیشنل ٹی وی ( CRTV)، کیمرون ٹی وی بھی شامل ہے۔ ۹؍ریڈیو سٹیشنز، ۳؍اخبارات اور ۲؍آن لائن میڈیا والے بھی موجود تھے۔ ان سب نے جلسہ سالانہ کی خبریں نشر کیں اورپرنٹ بھی ہوئیں۔ ٹی وی پر جلسہ سالانہ کے پروگراموں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں۔
کیمرون کے ۱۰؍ریجنز کی ۸۹؍جماعتوں کے نمائندگان نے جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء میں شرکت کی۔ شمالی کیمرون کے مروہ کے علاقہ سے بعض احباب ۱۸۰۰؍کلومیٹر سے زائد کا سفر طے کرکے جلسہ سالانہ میں شریک ہوئے۔
امسال جلسہ سالانہ میں خدا تعالیٰ کے فضل سے ۲۷۸۹؍احباب نے شرکت کی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:عبدالخالق نیّر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ کیمرون ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ کیمرون
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا بارھواں جلسہ سالانہ ۱۴و۱۵؍فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو ہر کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین بے شمار برکتوں کے وارث بنیں۔
آپ کو یہ بات ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہیے کہ اگرچہ جلسہ سالانہ میں شرکت ہمیں روحانی ترقی کا ایک موقع فراہم کرتی ہے لیکن اس کا حقیقی مقصد عبادت کا ماحول بنانا ہے۔ جلسہ سالانہ کے اس بابرکت نظام کے ذریعہ جسے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے الٰہی ہدایت کے تحت قائم فرمایا، ایک ایسا مقدس ماحول پیدا ہوتا ہے جو مومنین کو اپنے خالق اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کی طرف لے جاتا ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لیے قومیں طیارکی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔‘‘ (اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۱، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم مسلسل پیشگوئی کا رنگ رکھنے والے ان الفاظ کو پورا ہوتے دیکھ رہے ہیں کہ دنیا بھر کے ممالک بشمول کیمرون میں باقاعدگی سے جلسے منعقد ہو رہے ہیں اور قومیں در قومیں اس میں شامل ہوتی چلی جارہی ہیں۔
لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ جلسے کی برکات کے صرف وہی لوگ وارث ہوں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ساتھ کیے گئے بیعت کے عہد پر ثابت قدم رہیں گے۔ جو لوگ اپنی اخلاقی اصلاح اور روحانی ترقی پر توجہ نہیں دیتے وہ اس کی برکات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ آپؑ کے ماننے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کریں اور تہجد کی ادائیگی کے لیے بھی کوشش کریں۔ انہیں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم پر مسلسل درود بھیجتے رہنا چاہیے، اپنے گناہوں کی مغفرت مانگنی چاہیے اور استغفار کا مستقل ورد کرنا چاہیے۔ انہیں اپنے دلوں کی گہرائیوں سے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو یاد کرنا چاہیے اور اس کی حمد و ثنا کو اپنے روزمرہ کا معمول بنانا چاہیے۔
مزید برآں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں یہ تعلیم دی کہ تقویٰ یعنی راستبازی کو اختیار کرنا اور اپنے اندر اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کرنا نہایت ضروری ہے۔
آج کی دنیا میں نئے ذرائع اور ٹیکنالوجیز مسلسل بڑھ رہی ہیں جو لوگوں کو اخلاق سے دور اور بےحیائی و فحاشی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ مثلاً انٹرنیٹ، ٹیلی ویژن اور میڈیا سب کے سب برائی کے دروازے ہیں جو جوان اور بوڑھے سب کو بگاڑنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ اس لیے احمدیوں کو ہر قسم کی بے حیائی، فحاشی، ناانصافی، بے ایمانی، بد نظمی اور سرکشی سے بچنے کی ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہیے۔ احمدیوں کو اپنے آپ کو اپنی دنیاوی خواہشات کے تابع نہیں ہونے دینا چاہیے بلکہ انہیں اپنے نفس پر قابو رکھنا چاہیے۔
یقیناً ایسے منفی اثرات سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ کر ہی ہم اپنی بیعت کے عہد کی ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں ادا کر سکتے ہیں۔ اس لیے یہ لازمی ہے کہ ہر احمدی باقاعدگی سے استغفار کرے اور اللہ تعالیٰ کے حضور اس کی مدد، رحمت اور ہر قسم کی برائی سے پناہ کی التجا کرے۔
میں آپ کو خلافتِ احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت یاد دلاتا ہوں جو بے شمار برکات کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہیے اور ہمیشہ وفادار رہنا چاہیے۔ میں ہر احمدی کو نصیحت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کثرت سے دیکھیں اور اپنی دینی سمجھ اور علم میں اضافہ کریں۔ بالخصوص آپ کو میرے خطبات جمعہ اور دیگر مواقع پر دیے گئے خطابات کو باقاعدگی سے سننا چاہیے۔
سب سے اہم بات یہ کہ ہمیں اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا کے ہر کونے تک پھیلانے کا فریضہ سونپا گیا ہے۔ لہٰذا آپ کو کیمرون کے تمام باشندوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کے لیے سوچ بچار کرکے پُر حکمت اور جامع پروگرامز ترتیب دینے چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں، میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے جلسہ سے بہت زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے ، نیز آپ کے ایمان کو مضبوط کرے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں تقویٰ، نیک عمل اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کی طرف ایک حقیقی تبدیلی لائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر رحم کرے۔
مزید پڑھیں: ماہا جنگا ریجن، مڈغاسکر میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کا افتتاح




