گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی جماعت مانساکونکومیں جلسہ یوم خلافت کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی جماعت مانساکونکو کی مسجد میں مورخہ ۲۲؍مئی ۲۰۲۶ء بروز جمعہ جلسہ یوم خلافت کا انعقاد ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

جلسہ سے ایک ہفتہ قبل خلافت کوئز پروگرام کے ليے خلافت سے متعلقہ سوالات کا نصاب تیار کیا گیا اور خدام، اطفال اور ناصرات میں تقسیم کیا گیا۔ روزانہ کی بنیاد پر دینی معلومات کی کلاسز میں ان سوالات کی تیاری کروائی گئی۔ جلسہ سے ایک دن قبل بعد ازنماز عصر مذکورہ بالا خلافت کوئز کا مقابلہ خدام اور اطفال میں کروایا گیا۔ کوئز مقابلہ کے بعد تمام شاملین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے۔ اس کے بعد خدام و اطفال کے مابین دوستانہ فٹ بال میچ کروایا گیا۔
جلسہ یوم خلافت کی کارروائی بروز جمعہ بعد نماز جمعہ شروع ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث رسول ﷺ اور عہد خلافت سے ہوا۔ بعدازاں خاکسار نے ’’برکات خلافت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

اس کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں مہمان خصوصی نے خلافت کوئز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام اور اطفال اور فٹ بال ٹیموں میں انعامات تقسیم کيے۔ آخر پرمہمان خصوصی مکرم آنسومانا ساینگ صاحب نے اختتامی دعاکروائی اور یوں یہ بابرکت جلسہ اپنے اختتام کوپہنچا۔ جلسہ کے بعد گروپ فوٹو ہوا۔ اس کے بعد احباب کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ جلسہ کی کل حاضری ۶۴؍رہی۔ الحمدللہ
اس جلسہ کے موقع پر ایک نمائش بھی لگائی گئی تھی جس میں قرآن کریم کے مقامی زبانوں میں تراجم، خلافت سے متعلقہ اور خلفائے کرام کی تحریر کردہ چند کتب اور تصویری شکل میں برکات خلافت کو دکھایا گیا تھا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو خلافت کا حقیقی مطیع و فرمانبردار بنائے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ماہا جنگا ریجن، مڈغاسکر میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کا افتتاح




