جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی رمضان المبارک میں مساعی
اللہ تعالیٰ کے بے حد فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو دیگر جماعتوں کی طرح رمضان المبارک ۲۰۲۶ء میں عبادات، دعاؤں، ذکر الٰہی، دروس القرآن، دروس حدیث اور نماز تراویح کی توفیق ملتی رہی۔ اس ماہ مبارک کی نمایاں سرگرمیاں درج ذیل ہیں:
ملک بھر میں نماز فجر کے بعد درس حدیث کا باقاعدہ انتظام کیا جاتا رہا، جبکہ مساجد، نماز سینٹرز اور گھروں میں بھی باجماعت نماز فجر و درس حدیث کا اہتمام ہوا۔ نماز عصر کے بعد دروس القرآن منعقد ہوتے رہے جن میں حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی تفاسیر، خصوصاً تفسیر کبیر، سے استفادہ کیا گیا اور جہاں معلّمین متعین تھے وہاں بنگلہ ترجمۃ القرآن سے دروس دیے گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ۱۲۶؍مقامات پر دروس القرآن ہوئے جن سے تقریباً ۳۵۰۰؍مرد و خواتین مستفید ہوئے۔
افطاری کے انتظامات بھی کیے جاتے رہے۔ نماز تراویح کا وسیع انتظام کیا گیا۔ مساجد، نماز سینٹرز اور گھروں میں بھی باجماعت تراویح ادا کی جاتی رہی۔ ۱۰؍مقامات پر ختم تراویح ہوا جبکہ مجموعی طور پر ۲۲۵؍مقامات پر تراویح کا انتظام کیا گیا۔
آخری عشرہ میں اعتکاف اور مختلف جماعتوں میں اجتماعی دعاؤں کا اہتمام ہوا۔
عیدالفطر نہایت جوش و جذبہ سے منائی گئی، مساجد میں وقار عمل ہوئے اور بعض جماعتوں میں نماز عید کے بعد سیویاں و دیگر کھانوں کا انتظام اور شالشیڑی سمیت چند جماعتوں میں غیر احمدی احباب اور غرباء کو کھانا کھلانے کے پروگرام بھی ہوئے۔موصولہ رپورٹ کے مطابق ۱۵۱؍مقامات پر نماز عیدالفطر ادا کی گئی جس میں ۱۴؍ہزار سے زائد مرد و خواتین نے شرکت کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭




