مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام دوسری تبلیغی ورکشاپ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کے شعبہ تبلیغ کو مورخہ ۱۲؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز اتوار اس سال کی دوسری تبلیغی ورکشاپ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام کا آغاز نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد ۲؍بجے مسجد نور میں ہوا۔ اس پروگرام میں ۲۸؍خدام نے شرکت کی۔
تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم زیرک اعجاز صاحب مہتمم تبلیغ نے ورکشاپ کے دن بھر کے پروگرام کی تفصیل پیش کی جس کے ساتھ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
اس مرتبہ مکرم منصور کلارک صاحب مبلغ سلسلہ یوکے کے ساتھ انٹرویو انداز میں ایک آن لائن نشست منعقد ہوئی جس میں تبلیغ کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی اور خصوصاً تبلیغ کے حوالہ سے سوشل میڈیا کا کردار اور استعمال کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور آخر پر خدام کے ساتھ سوال و جواب کی ایک نشست بھی ہوئی۔
پروگرام کے اگلے حصے میں ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں خصوصیت کے ساتھ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی سکینڈے نیوین ممالک میں تبلیغ کے حوالہ سے راہنمائی شامل تھی۔ اس کے بعد خدام کا تبلیغی علم بڑھانے کے ليے ایک کاہوٹ کوئز(Kahoot Quiz) بھی منعقد ہوا۔
ورکشاپ کا اختتام مکرم شاہد کاہلوں صاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ فن لینڈ کے اختتامی کلمات اور اجتماعی دعا سے ہوا۔ اس کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے دوران شرکاء کو غیر رسمی گفتگو اور دن بھر کی سیکھ کو دہرانے کا موقع ملا۔
(رپورٹ:طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)