نائیجیریا میں ریفریشرکورس برائے مبلغین کرام کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو ریفریشر کورس برائے مبلغین کرام مورخہ ۱۷تا۲۰؍مئی ۲۰۲۶ء کو بمقام نیشنل ہیڈکوارٹرز Ojokoro منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
مورخہ ۱۷؍مئی کو نماز عصر کے بعد ریفریشر کورس پروگرام کا باقاعدہ آغاز شام ساڑھے چار بجے تلاوت قرآن کریم سےہوا۔ بعد ازاں مکرم الحاجی عبدالعزیز الاتویے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے اپنی افتتاحی تقریر میں شرکاء کو ریفریشر کورس کے انعقاد کی اہمیت اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ دن کا پہلا لیکچر بھی امیر صاحب نے ’مبلغین اور معلّمین کی ذمہ داریاں‘ پر دیا۔

دوسرادن:دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم نسیم احمد بٹ صاحب مبلغ سلسلہ نے صدر انجمن احمدیہ اور اس کی نظارتوں کا تعارف کروایا۔ بعد ازاں مکرم رانا محمد اکرم صاحب نے تحریک جدید انجمن احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔
مکرم راجہ اطہر قدوس صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’دارالقضاء‘‘ کا تعارف، کام کی نوعیت اور کام کے دوران پیش آنے والے مسائل کو کس طرح کم کیا جاسکتا ہے، کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس لیکچر کے بعد مکرم عبدالرزاق اتوکی صاحب، مکرم سلیمان عبدالحکیم صاحب اور مکرم نبیل احمد اویےکولا صاحب نے ’تبلیغ کے ڈیجیٹل ذرائع‘ پر گفتگو کی اور بتایا کہ کس طرح سوشل میڈیا پر تبلیغ کرنی چاہیے۔ تینوں احباب کی گفتگو کا محور سوشل میڈیا کے حوالے سے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی حالیہ ہدایات تھیں۔ مکرم رانا عمر یحییٰ صاحب استاد جامعہ احمدیہ نے ’’تثلیث، کفارہ اور ابنیت‘‘ پر لیکچر دیا۔ بعدازاں نمازوں اور کھانے کا وقفہ تھا۔
نماز عصر کے بعد سیکرٹری رشتہ ناطہ صاحب نے اپنے شعبہ سے متعلق درپیش مسائل پر مبلغین کرام سے گفتگو کی۔ یہ اجلاس ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ الحمدللہ

تیسرا دن:تیسرے دن کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ دن کا پہلا لیکچر مکرم عبدالواسع عابد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’بنیادی مسائل کے جوابات‘‘ میں سے چند سوالات اور ان کے جواب جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ارشاد فرمائے ہیں ان کو مبلغین کے سامنے رکھا۔ ’’ٹیکس اور پینشن‘‘ کے موضوع پر مکرم مدثر آڈے فراتے صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے لیکچر دیا۔ بعدازں مبلغین نے ان سے مختلف سوالات کیے۔
مکرم طارق بلوچ صاحب مبلغ سلسلہ استاد جامعہ احمدیہ نے ’’حضرت عثمان بن عفانؓ اور حضرت حافظ مرزا ناصر احمد صاحبؒ کی سیرت‘‘ پر لیکچر دیا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے ’’وقف کے تقاضوں‘‘ پر لیکچر دیا اور حضرت خلیفةالمسیح الثانیؓ کی تقریر ’نصائح مبلغین‘ (انوارالعلوم جلد ۳)کا خلاصہ پیش کیا۔
نماز عصر کے بعد سے مغرب تک دن کا آخری پروگرام ’’General interactive session‘‘ منعقد ہوا جس میں مبلغین نے میدان عمل میں در پیش مسائل کا ذکر کیا اور اس کا حل پیش کیا۔
چوتھا دن:آخری دن کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ دو مبلغین کی ملاقاتوں کی ویڈیو دکھائی گئی۔ بعدازاں ڈاکٹر سمیع اللہ طاہر صاحب نے اپنے لیکچر میں بتایا کہ دل کی مختلف بیماریوں اور ہائی بلڈ پریشر سے بچنے کے لیے اپنی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ضروری ہیں۔ آپ نے اچھی اور متوازن خوراک، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کی اہمیت پر خاص زور دیا۔ نائیجیریا کے مختلف ریجنززمیں تبلیغ میں درپیش مشکلات پر تین مبلغین نے لیکچرز دیے۔ بعد ازاں تمام مبلغین نے اس بارہ میں اپنی اپنی آرا پیش کیں۔
نماز عصر کے بعد اس ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر مکرم امیر صاحب نائیجیریا بھی شریک ہوئے۔ یہ اجلاس interactive session تھا۔ لہٰذا اکثر مبلغین نے امیر صاحب سے سوالات کيے اور اپنی آرا پیش کیں۔ یہ اجلاس ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں یہ ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا۔
(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کے زیر اہتمام دوسری تبلیغی ورکشاپ




