تازہ ترین: ۷۶ویں جلسہ سالانہ امریکہ کا پہلا روز

(رپورٹ: نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
پہلا دن: جمعہ، ۳ جولائی ۲۰۲۶ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۷۶واں جلسہ سالانہ امریکہ ۲۰۲۶ء مورخہ ۳ تا ۵؍جولائی ۲۰۲۶ء Greater Richmond Convention Center میں منعقد ہورہا ہے۔
رجسٹریشن اور آمد: مورخہ ۳؍جولائی بروز جمعہ صبح تقریباً ۹ بجے رجسٹریشن کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہوا۔ امریکہ بھر سے احباب جماعت ہوائی اور زمینی سفر کے ذریعہ جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے تشریف لائے۔ شعبہ ضیافت کی طرف سے صبح سات بجے سے ہی ڈائننگ ہال میں ناشتہ کا انتظام کر دیا گیا تھا۔
اسی طرح صبح تقریباً ۸ بجے بیسیوں خدام ٹریفک ڈیوٹی کے لیے جلسہ گاہ کے باہر سڑک پر متعین کر دیے گئے، جوشدید گرمی کے باوجود نہایت اخلاص اور بے نفسی کے ساتھ خدمت میں مصروف رہے۔ جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر خوش دلی سے مہمانان کرام کا استقبال کرنے والے کارکنان رضاکارانہ خدمت کا نہایت خوبصورت منظر پیش کر تے رہے۔
بعد ازاں، دوپہر کا کھانا ٹھیک ۱۲ بجے احباب کے لیے پیش کر دیا گیا۔ کھانے کے بعد تمام احباب نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جلسہ گاہ میں تشریف لے گئے۔

نماز جمعہ: حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ جلسہ گاہ میں صبح آٹھ بجے براہ راست سنا گیا۔ نیز نماز جمعہ سے قبل بھی یہ حضور انور کا خطبہ دوبارہ احباب کو سنایا گیا۔
پہلی اذان ایک بج کر پینتالیس منٹ پر دی گئی، جس کے بعد دوپہر ۲ بجے مولانا اظہر حنیف صاحب، مشنری انچارج جماعت احمدیہ امریکہ نے خطبہ جمعہ دیا۔ آپ نے اپنے خطبہ میں سورۃ النصر کی تفسیر بیان کرتے ہوئے استغفار کے مضمون پر روشنی ڈالی۔ نماز جمعہ کے بعد نماز عصر بھی ادا کی گئی۔ نمازوں کے بعد تقریباً سوا دو بجے بعض شاملین نے دوپہر کا کھانا کھایا۔
پرچم کشائی: جلسہ سالانہ کا باضابطہ آغاز دوپہر سوا چار بجے پرچم کشائی کی پُروقار تقریب سے ہوا۔ کنونشن سینٹر کے داخلی حصہ میں پرچم کشائی کے لیے ایک مخصوص جگہ تیار کی گئی تھی۔ اس موقع پر مکرم و محترم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب، امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے لوائے احمدیت بلند کیا۔ مکرم مشنری انچارج صاحب امریکہ نے قومی پرچم بلند کیا، جبکہ مکرم حارث راجا صاحب صدر جماعت ورجینیا نارتھ نے ریاست ورجینیا کا پرچم بلند کیا۔ اس روح پرور موقع پر حاضرین نے نہایت عقیدت، وفا اور دلی جذبات کے ساتھ یہ منظر دیکھا اور پُرجوش انداز میں نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے۔

پہلا اجلاس: ٹھیک ساڑھے چار بجے جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب امریکہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جو مکرم سید لبیب جنود صاحب مربی سلسلہ نے پیش کی۔ اس کا ترجمہ مکرم بشیر اسد صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم بلال راجہ صاحب نے نظم پیش کی، جس کا ترجمہ مکرم مزمل جلال صاحب مربی سلسلہ ملواکی جماعت نے پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم و محترم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب، امیر جماعت احمدیہ امریکہ، نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر آپ نے حضرت امیر المؤمنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا شاملین جلسہ سالانہ امریکہ کے نام خصوصی پیغام انگریزی اور اردو میں پڑھ کر سنایا۔
پیغام پیش کرنے کے بعد محترم امیر صاحب نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ بعد ازاں آپ نے اجتماعی دعا کروائی۔

اس کے بعد محترم امیر صاحب نے اس اجلاس کے پہلے مقرر مکرم منصور قریشی صاحب کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ آپ نے ’’خدا کی طرف پہلا قدم: مادیت پرست دنیا میں بیعت کی پہلی شرط کو قائم رکھنا‘‘ کے موضوع پر نہایت مدلل تقریر کی۔ آپ نے شرک کی باریک اقسام کا ذکر کرتے ہوئے حقیقی توحید کے مفہوم کو واضح کیا۔
بعد ازاں مکرم صاحبزادہ عثمان لطیف صاحب نے ’’کامل نمونہ: ہر سانس میں توحید الٰہی کا عملی اظہار‘‘ کے عنوان پر نہایت مؤثر تقری کی۔ آپ نے آنحضرتﷺ کی سیرت مبارکہ، صبر، قربانی اور توحید کے عملی اظہار کے مختلف پہلوؤں کو نہایت پُراثر انداز میں بیان کیا۔

اس اجلاس کی تیسری اور آخری تقریر مکرم احسن محمود خان صاحب نے ’’ابتدائی اسلامی سلطنت کے زوال میں غیر قوموں سے شادیوں کا کردار: اپنے ایمان، خاندان اور مستقبل کی حفاظت‘‘ کے موضوع پر کی۔ آپ نے تاریخی حقائق کی روشنی میں نوجوانوں کو غیر از جماعت شادیوں کے دینی، خاندانی اور معاشرتی نقصانات سے نہایت احسن انداز میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں اجلاس کے اختتام پر چند ضروری اعلانات کیے گئے۔
بعد ازاں شام تقریباً سات بجے تمام احباب نے ڈائننگ ہال میں شام کا کھانا تناول کیا۔ جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا اختتام نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی پر ہوا، جو تقریباً پونے نو بجے مکرم سلمان طارق صاحب مربی سلسلہ ورجینیا ساؤتھ نے پڑھائیں۔

