امریکہ (رپورٹس)

نیشنل مجلس شوریٰ و نیشنل سالانہ اجتماعات لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کینیڈا

نیشنل مجلس شوریٰ لجنہ اماء اللہ کینیڈا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی سالانہ مجلس شوریٰ مورخہ ۲۸؍اگست ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوئی۔ کینیڈا کے ۱۹؍ریجنز سے ۳۶۱؍ممبرات نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سننے سے ہوا جس کے بعد تلاوت قرآن کریم اور لجنہ کے عہد کے ساتھ شوریٰ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ بعدازاں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا مکرمہ نادیہ محمود صاحبہ نے افتتاحی تقریر میں شوریٰ، تقویٰ اور باہمی مشاورت کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ سیکرٹری شوریٰ مکرمہ منصورہ رؤوف صاحبہ نے گذشتہ سال کی شوریٰ کی رپورٹ پیش کی، جبکہ منظور شدہ تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹس نیشنل سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری امور طالبات نے پیش کیں۔

نماز جمعہ و عصر کے بعد سب کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ اس دوران دیگر ۲۷۱؍نمائندگان کے لیے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے عطا کردہ فقہی مسائل کے جواب، مصنوعی ذہانت اور اس کے درست استعمال اور ’’غم اور صدمے کے لمحات میں کیسے مدد کی جائے‘‘ کے موضوعات پر پریزینٹیشنز پیش کی گئیں۔

سب کمیٹیوں کی رپورٹس اور ان پر سیر حاصل بحث کے بعد مجلس شوریٰ دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

نیشنل سالانہ اجتماعات

لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کینیڈا

اسی طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ کینیڈا کا نیشنل سالانہ اجتماع مورخہ ۲۹و ۳۰؍اگست ۲۰۲۶ء کو بیت الاسلام میں منعقد ہوا جس میں ۶؍ہزار ۲۳۶؍لجنہ و ناصرات نے شرکت کی۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت لجنہ و ناصرات کینیڈا کے نام خصوصی پیغامات ارسال فرمائے جو اجتماع کے موقع پر پڑھ کر سنائے گئے۔

صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے اپنی تقریر میں اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ سے محبت ہمارے تمام مسائل کی کنجی ہے۔

اجتماع کے موقع پر لجنہ کینیڈا کی نئی ویب سائٹ، ’’لجنہ سلیبس ایپ‘‘ اور واٹس ایپ چینلز متعارف کروائے گئے۔ ان ذرائع کے ذریعے ممبرات کو تنظیمی معلومات، آئندہ پروگراموں، شعبہ جات، تقاریر کے مواد اور اعلانات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں اجتماع کی ایپ کا ابتدائی نمونہ بھی استعمال کیا گیا۔

علمی مقابلہ جات کے علاوہ ’’غم اور صدمے کے لمحات میں کیسے مدد کی جائے‘‘ اور ’’احمدیت قبول کرنے والی خواتین کے سفر اور تجربات‘‘ کے موضوعات پر پینل ڈسکشنز منعقد ہوئیں۔ ان کے ذریعے شرکاء کو مختلف ممبرات کے ذاتی تجربات اور پیش آنے والے چیلنجز سے آگاہی حاصل ہوئی۔

حضرت صاحبزادی امۃ الجمیل بیگم صاحبہ، جو حضرت مسیح موعودؑ کی پوتی اور حضرت مصلح موعودؓ کی بیٹی تھیں اور ۲۰۱۷ء سے نیشنل مجلس عاملہ کینیڈا کی اعزازی ممبر تھیں، مورخہ ۱۹؍فروری ۲۰۲۶ء کو وفات پاگئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ امسال ان کی دو صاحبزادیوں نے ان کی نصائح پیش کیں جن میں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کی اہمیت بیان کی گئی۔

’’مدرز میٹنگ‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پریزینٹیشن میں والدین کو مذہب اور ایمان کی روشنی میں سکول کے ہیلتھ نصاب سے متعلق بچوں کی راہنمائی کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ سیمینار مارکی میں تبلیغ، میت کو غسل دینے کے طریق، نظام وصیت، مصنوعی ذہانت، بزرگوں کی نگہداشت و حقوق، خصوصی ضروریات والے بچوں کی نگہداشت اور فٹنس کے موضوعات پر ورکشاپس منعقد ہوئیں۔ لجنہ کینیڈا کی بزنس وومن آف دی ایئر اور آرٹ کے مقابلہ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

اجتماع کے دوران راک کلائمبنگ، ایکس تھروئنگ، فن زون اور بازار میں کھانے، کپڑوں اور جیولری کے سٹالز سے بھی شرکاء نے استفادہ کیا۔

ناصرات کے ہر عمر کے گروپ کے لیے مختلف ورکشاپس منعقد ہوئیں۔ ’’سپ اینڈ چیٹ‘‘ میں ناصرات نے منتظمات کے ساتھ پروگراموں کو بہتر بنانے کے حوالے سے گفتگو کی۔ نماز کی ورکشاپ اور ’’میں کون ہوں؟‘‘ کے عنوان سے ورکشاپس کے ذریعے بچیوں میں اعتماد پیدا کرنے اور ان کی مسلم شناخت کو مضبوط کرنے پر توجہ دی گئی۔

اس سال ناصرات کے اجتماع کا ایک خاص پہلو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ناصرات کینیڈا کے نام خصوصی پیغام تھا، جو پرنٹ کرکے ہر ناصرہ کو دیے جانے والے سووینئر ڈراسٹرنگ بیگ میں رکھا گیا۔ بیگ میں خصوصی نوٹ بک، قلم اور چاکلیٹ بھی شامل تھیں۔ ناصرات کے اجتماع کا موضوع ’’اللہ تعالیٰ سے محبت‘‘ تھا جس کا مقصد بچیوں میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ ذاتی تعلق کو مزید مضبوط کرنا تھا۔

ناصرات اور طالبات کے لیے بون فائر نائٹ بھی منعقد ہوئی جس میں انہوں نے آگ کے گرد بیٹھ کر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کے ایمان افروز واقعات بیان کیے۔

(رپورٹ:امۃ السلام ملک۔ معاونہ صدر لجنہ اماء اللہ کینیڈا)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ کینیڈا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

ممبرات لجنہ اماءاللہ کینیڈا،

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ کینیڈا ۲۹و۳۰؍اگست کو ’’اللہ کی محبت‘‘ کے مرکزی موضوع پر اپنا نیشنل اجتماع منعقد کر رہی ہے۔

لجنہ اماء اللہ کی ممبرات ہونے کے ناطے، آپ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ خواتین کی حیثیت سے آپ کا معاشرے میں ایک اہم کردار ہے۔ ایک عورت کا بنیادی کردار اس کے گھر سے شروع ہوتا ہے۔ آپ کو اس دائرہ کار میں اپنے بلند مقام کا احساس کرنا چاہیے۔ آنے والی نسلوں کو معاشرے کی برائیوں سے بچا کر اور انہیں اعلیٰ اخلاقی تربیت دے کر، آپ اس کے نتیجہ میں اپنی آنے والی نسلوں اور اپنی قوم کی بھی ضامن بن سکتی ہیں۔ آپ کو اپنے بچوں کی دنیوی تعلیم اور تربیت کو پروان چڑھانا چاہیے۔ انہیں اعلیٰ اسلامی اخلاق سکھائیں اور ان کے روحانی معیار کو بلند کریں۔ اپنے بچوں میں ان تمام خصوصیات کو پیدا کرنے کے لیے، آپ کو خود پہلے ان کے سامنے ایک نیک نمونہ پیش کرنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کے بیان کردہ طریقوں کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھال کر، آپ کو مثالی عبادتِ الٰہی اور نیک اعمال کی بلند مثالیں پیش کرنی ہوں گی۔ تبھی آپ احمدی خواتین کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کو حقیقی معنوں میں نبھا سکتی ہیں اور اپنے بچوں کی اخلاقی اور روحانی تربیت کے حوالے سے اپنے فرائض کو پورا کر سکتی ہیں۔

حقیقی کامیابی اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے میں مضمر ہے، اخلاص کے ساتھ نمازیں ادا کرنے کے ذریعے نیز اپنی زندگیوں کو اس کے احکامات کے مطابق ڈھالنے کے ذریعے۔ اس کے ساتھ ساتھ، خلافت سے وفا اور وابستگی جماعت کے لیے اتحاد، حفاظت اور مسلسل راہنمائی کا ذریعہ بنتی ہے۔ لہذا، خلافت سے مضبوطی سے وابستہ رہیں اور اپنے بچوں میں بھی یہی محبت اور عقیدت پیدا کریں، تاکہ آپ سب مل کر نیکی پر ثابت قدم رہیں اور اچھے اعمال کی طرف کوشش کرتے رہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے نیشنل اجتماع ناصرات الاحمدیہ کینیڈا ۲۰۲۶ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

ممبرات ناصرات الاحمدیہ کینیڈا،

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ، ناصرات الاحمدیہ کینیڈا کا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد ہو رہا ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر شامل ہونے والی کے لیے بے شمار برکات کا ذریعہ بنائے اور آپ سب کو اس کی کارروائی سے دائمی روحانی اور اخلاقی فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

آپ کے اجتماع کا مرکزی موضوع ’’اللہ کی محبت‘‘ ہے۔ اس موضوع کی روشنی میں، میں آپ سب کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کو کم عمری سے ہی اللہ تعالیٰ کی محبت میں بڑھنے اور اس پر اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ درحقیقت آپ کی زندگیوں کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کے ساتھ قریبی تعلق پیدا کرنا اور صالح مومن بننا ہے۔ آپ جتنا زیادہ اللہ سے محبت کریں گی، اتنا ہی اس کے احکامات کی اطاعت کرنے اور اپنی زندگی کو اس طریقے سے گزارنے کی خواہش کریں گی جو اسے پسند ہو۔

اسلام کی تعلیمات پر حقیقتاً عمل کرنے اور اپنے ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ باقاعدگی سے قرآن پاک کی تلاوت کریں، اس کے معانی کو سمجھنے اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کے لیے پوری کوشش کریں۔ اچھی عادتیں پیدا کرنے کا یہ بہترین وقت ہے جو بڑی ہونے پر بھی آپ کے ساتھ رہیں گی۔ ہر روز اپنی نمازیں باقاعدگی سے پڑھنے، قرآن پاک کی تلاوت کرنے اور اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنے کی عادت بنائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ آپ کو ہمیشہ خلافت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور خلیفۃ المسیح کی راہنمائی اور ہدایات کو غور سے سننا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے کہ ہم خلافت کے تحت متحد ہیں۔ لہذا خلافت سے مضبوطی سے وابستہ رہیں اور ہمیشہ اس کی راہنمائی پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کو جماعت کے ساتھ جڑے رہنے، اپنے ایمان کو مضبوط کرنے اور بہتر مسلمان بننے میں مدد ملے گی۔

اس کے ساتھ ہی آپ کو ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ سے محبت کرنے کا مطلب اس کی مخلوق کے ساتھ اچھے اخلاق اور مہربانی کا رویہ رکھنا ہے۔ سچ بولیں، اپنے والدین اور بڑوں کا احترام کریں، اپنے دوستوں اور ہم جماعتوں کے ساتھ مہربانی سے پیش آئیں اور ان لوگوں کا خیال رکھیں جو آپ سے چھوٹے ہیں۔

اگر آپ چھوٹی عمر سے ہی یہ خوبیاں پیدا کر لیں گی، تو آپ نہ صرف خود کو سنواریں گی بلکہ معاشرے میں بھی ایک مثبت تبدیلی لائیں گی۔ جہاں بھی آپ جائیں، شفقت، امن اور بھلائی پھیلانے کے لیے اپنے علم، اپنی صلاحیتوں اور اپنی قابلیتوں کا استعمال کریں۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔ وہ آپ سب کو اپنے ساتھ سچی اور دائمی محبت پیدا کرنے اور سلسلہ احمدیہ کے روشن نمونے بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

مزید پڑھیں: مجلس اطفال الاحمدیہ نائیجیریا کے ریجنل اجتماعات ۲۰۲۶ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button