سپورٹس بلیٹن
فٹ بال : ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کےراؤنڈآف ۱۶؍میں کامیابی کے بعد مراکش، فرانس، ناروے، انگلینڈ، سپین، بیلجیم، ارجنٹینااورسوئٹزرلینڈنے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ مراکش نے کینیڈاکے خلاف صفرکےمقابلہ میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔فرانس نے کانٹے دار مقابلہ میں پیراگوئے کو ۱۔صفرسے مات دی۔Earlin Haalandکے دو گولز کی بدولت ناروے نے پانچ بارکی عالمی چیمپئن برازیلین ٹیم کا اس ورلڈکپ میں سفرتمام کرتے ہوئے پہلی مرتبہ کوارٹرفائنل میں رسائی حاصل کی۔اس شکست کے بعد برازیل کے معروف کھلاڑی Neymarنے انٹرنیشنل فٹ بال کو خیربادکہہ دیا۔انہوں نے ۲۰۱۴ءسے۲۰۲۶ء تک عالمی کپ میں اپنے ملک کے لیے ۹؍گول کیے جبکہ مجموعی طورپر نیمارجونیئر نےبرازیل کی ۱۳۰؍میچزمیں نمائندگی کرتے ہوئے ۸۰؍گول کیے۔
راؤنڈ آف ۱۶ میں انگلینڈنے سخت مقابلے کے بعد مشترکہ میزبان میکسیکوکو۲؍کے مقابلہ میں ۳؍گول سے ہرایا۔ اسی طرح بیلجیم نے میزبان امریکہ کو۴۔۱؍سے پچھاڑ کر ٹورنامنٹ سے باہرکردیا۔سپین نے پرتگال کو ایک صفر سے شکست دی جس کے بعد کرسٹیانورونالڈوکا ۲۰۰۶ء سے ۲۰۲۶ء تک کا فیفا ورلڈ کپ میں سفر، بغیر ٹائیٹل جیتے اختتام پذیر ہوا۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ۴۱؍سالہ Ronaldoانٹرنیشنل فٹ با ل میں اپنے وطن کی دوبارہ نمائندگی کریں گے یا نہیں۔ ارجنٹینانےمصرکے خلاف دوگول کے خسارے میں جانے کے بعد میچ کے آخری لمحات میں یکے بعددیگرے تین گول کرکے سنسنی خیزمقابلہ کے بعد حیران کن فتح حاصل کی۔لیونل میسی میچ میں پنلٹی ضائع کرنے کے باوجود ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے، وہ اب تک اس ورلڈکپ میں سب سے زیادہ آٹھ گول کرچکے ہیں۔ راؤنڈآف ۱۶؍کے آخری مقابلہ میں سوئٹزرلینڈنے کولمبیاکوپنلٹی شوٹس پر۴۔۳؍سے شکست دی۔
کرکٹ: ویمنزٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ۲۰۲۶ء آسٹریلیا نے جیت لیا۔یوں اب تک ہونے والے دس ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں سے سات بارآسٹریلوی ٹیم فتحیاب ہوئی۔ لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈمیں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں میزبان انگلینڈکوسات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مقررہ بیس اوورزمیں انگلینڈنے چاروکٹوں کے نقصان پر ۱۵۰؍رنز بنائے۔آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف تین وکٹیں کھوکر بآسانی حاصل کیا۔فاتح ٹیم کی Beth Mooneyنے ۶۴؍ رنز بنائے اور فائنل کی پلیئرآف دی میچ قرارپائیں۔ اسی طرح ورلڈکپ میں ۲۳۸؍رنز بناکر Beth Mooneyٹورنامنٹ کی بھی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈحاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیزکوآٹھ وکٹوں جبکہ انگلینڈنے جنوبی افریقہ کو ۴۰؍رنز سے شکست دی تھی۔
ہاکی:ایف آئی ایچ پرولیگ سیزن ۲۰۲۵۔۲۰۲۶ء میں بیلجیم کی ٹیم فاتح رہی۔ فیلڈ ہاکی کی عالمی درجہ بندی پر پہلے نمبر پر موجود بیلجیم نے پروہاکی سیزن میں ۱۶؍میں سے ۱۳؍میچز میں کامیابی حاصل کی اور ۴۲؍پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس فتح کے ساتھ بیلجیم نے لاس اینجلس اولمپکس ۲۰۲۸ء کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔ انگلینڈ ۳۵؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا ۳۰؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبرپر رہی۔بھارتی ہاکی ٹیم نے چارکامیابیوں کے ساتھ آٹھویں پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم تمام میچز ہارکرپروہاکی لیگ سے تنزلی کے بعد آئندہ سیزن میں نیشنز کپ میں حصہ لے گی۔
فارمولا وَن ریسنگ:برٹش گراں پری فیراری کے Charles Leclerc نے جیت لی۔انہوں نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ ۲۷؍منٹ اور ۱۱؍سیکنڈ میں پورا کیا۔ مرسیڈیز کے برطانوی ڈرائیور George Russell نے دوسری جبکہ فیراری کے برطانوی ڈرائیورLewis Hamiltonنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قبل ازیں آسٹرین گراں پری میں George Russell فاتح رہے تھے۔رواں سیزن میں ڈرائیورز کی دوڑ میں۱۷۹؍پوائنٹس کےساتھ اٹلی کےKimi Antonelli بدستورسب سےآگےہیں۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭




