جلسہ سالانہ یوکے۲۰۲۶ء کے بعض انتظامی شعبہ جات کا تعارف (قسط اول)
شعبہ ٹرانسپورٹ بیت الفتوح – خدمتِ خلق کا ایک مثالی نظام
جلسہ سالانہ برطانیہ کے انتظامات میں شعبہ ٹرانسپورٹ بیت الفتوح ایک نہایت اہم اور حساس شعبہ ہے، جو ہزاروں شاملین، مہمانوں، بزرگوں اور خواتین کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے دن رات خدمات انجام دیتا ہے۔ اس شعبہ کی نگرانی ناظم شعبہ ہٰذامکرم بشیر احمد طاہر صاحب گذشتہ چار سال سے کر رہے ہیں جبکہ نائب ناظم مکرم عاصم جمیل صاحب گذشتہ تین سال سے اس خدمت میں مصروف ہیں۔
جلسہ سالانہ کے موقع پر شعبہ ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں۱۶؍جولائی سے شروع ہو کر تقریباً۲؍اگست تک جاری رہتی ہیں۔ جلسہ کے بعد بھی شعبہ ٹرانسپورٹ کی مصروفیات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ایئرپورٹس اور مسجدمبارک کے لیے چھ شٹل سروسز فراہم کی جاتی ہیں تاکہ مہمانوں اور شاملین کو سہولت حاصل ہو۔ دورانِ جلسہ اور جلسہ سے قبل و بعد ٹرانسپورٹ کے وسیع انتظامات کیے جاتے ہیں۔ مسجد بیت الفتوح میں رہائش پذیر مہمانوں کومسجد مبارک اسلام آباد میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امامت میں پانچوں وقت نماز کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے کے ليے روزانہ وہاں پہنچایا جاتااور واپس لایا جاتا ہے۔
اس سال شعبہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایک نئی گیسٹ ایپ متعارف کروائی گئی جس کے ذریعے مہمان اپنی ٹرانسپورٹ قبل از وقت بُک کر سکتے ہیں۔ اس جدید نظام کے ذریعے گھر سے سفر کی منصوبہ بندی، بکنگ اور اپنی نشست مخصوص کرنے کی سہولت موجود ہے جس سے انتظامات مزید منظّم اور مؤثر ہو گئے ہیں۔ اس شعبہ کے ذریعہ ہر سال تقریباً تین تا چار ہزار انکوائریز موصول ہوتی ہیں جبکہ تقریباًدو ہزار مہمانان کو عملی طور پر ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ بزرگ، عمر رسیدہ افراد، خواتین اوربچوں کوسفری سہولت کے ليے ترجیح دی جاتی ہےتاکہ اُنہیں مسجد بیت الفتوح سے حدیقۃ المہدی یا مسجد مبارک اسلام آباد سفر کے ليے کسی قسم کی دُشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس شعبہ میں مجموعی طور پر ۳۵؍رضاکاران خدمات انجام دیتے ہیں جن میں۲۵؍ڈرائیورز جبکہ باقی دیگر انتظامی امور سنبھالنے والے کارکن شامل ہیں۔ اس شعبہ کے تحت تین شِفٹس میں کام کیا جاتا ہے۔ پہلی شفٹ صبح ڈھائی بجے، دوسری شفٹ صبح نو بجے اور تیسری شفٹ شام چار بجے شروع ہوجاتی ہے۔ ہر شفٹ میں۱۵؍کارکن ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے لیے مختلف اقسام کی گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض احباب اپنی ذاتی گاڑیاں بھی رضاکارانہ طور پر اس خدمت کے لیے پیش کرتے ہیں۔ تمام گاڑیوں اور ڈیوٹیوں کا مکمل ریکارڈ ایک ایپ کے ذریعہ مرتب رکھا جاتا ہے۔ یہ کارکنان بغیر کسی تھکن کے خوش دلی، محبت اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ ان کا مقصد صرف ٹرانسپورٹ فراہم کرنا نہیں بلکہ مہمانوں کے ساتھ حسنِ اخلاق، محبت اور خلوص کے ساتھ پیش آنا بھی ہے۔
مکرم ناظم صاحب شعبہ کہتے ہیں کہ شعبہ ٹرانسپورٹ کا خاص اصول یہ ہے کہ جس مہمان کے ساتھ جو وعدہ کیا جاتا ہے اُسے ہر صورت پورا کیا جاتا ہے اور یہ تمام انتظامات محض اللہ تعالیٰ کی خاص برکت اور فضل کے باعث ممکن ہوتا ہے۔ مکرم ناظم صاحب تمام مہمانانِ جلسہ سے دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ شعبہ ٹرانسپورٹ کے تمام کارکنان کو اخلاص، محبت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی مزید توفیق عطا فرمائے، اس شعبہ کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا کرے اور تمام خدمات کو اپنی رضا کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔
شعبہ اوورسیز مہمانان کے داخلہ (ایمز)کارڈز
جلسہ سالانہ برطانیہ کے انتظامات میں شعبہ داخلہ پاسز ایک نہایت اہم شعبہ ہے، جس کی ذمہ داری شاملینِ جلسہ کی شناخت، تصدیق اور بروقت داخلہ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ شعبہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ہزاروں افراد کے داخلہ کےنظام کو نہایت منظّم انداز میں چلاتا ہے۔ مکرم عابد خواجہ صاحب گذشتہ دس سال سے اس شعبہ کے ناظم کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جلسہ سالانہ کے انتظامات کے سلسلہ میں اس شعبہ کی سرگرمیاں جلسہ سے تقریباً دو ہفتے قبل شروع ہو جاتی ہیں اور جلسہ کے اختتام تک جاری رہتی ہیں۔
جلسہ سے دو ہفتے قبل سے لے کر اختتامِ جلسہ تک تمام مہمانان کو داخلہ پاسز کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جبکہ جلسہ کے تینوں ایام میں یہ شعبہ چوبیس گھنٹے خدمات انجام دیتا ہے۔ ہر سال اوسطاً تقریباً بیس ہزار کارڈز جاری کیے جاتے ہیں۔ رَش کے اوقات میں بھی کارکنان کی مناسب تعداد موجود رکھی جاتی ہے تاکہ شاملین کو انتظار یا کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک کارڈ کی تیاری اور پرنٹنگ میں صرف تین سے چار سیکنڈ کا وقت لگتا ہے۔ جلسہ گاہ میں مردوں اور خواتین کے لیے آٹھ آٹھ کاؤنٹرز قائم کیے جاتے ہیں۔
اس سال داخلہ پاسز کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے جدید طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے۔ سولہ ممالک سے احبابِ جماعت کا ریکارڈ پہلے ہی حاصل کر لیا جاتا ہے۔ جن احباب کے پاس مقامی AIMS کارڈ موجود ہوتا ہے وہ براہ راست حدیقۃ المہدی تشریف لے جا سکتے ہیں۔ جبکہ نئے کارڈ کے اجرا کے لیے ملکی دعوت نامے اور موجود فہرست کے مطابق پاسپورٹ یا شناختی معلومات کے ذریعے تصدیق کی جاتی ہے۔ اگر کسی مہمان کے پاس ملکی دعوت نامہ یا AIMS کارڈ موجود نہ ہو تو موقع پر ہی تقریباً نصف گھنٹے کے اندر ضروری تصدیق مکمل کرکے کارڈ جاری کر دیا جاتا ہے۔
جلسہ سے تقریباً چار ماہ قبل AIMS کارڈز کے ڈیزائن، متوقع تعداد، ڈیٹا اور دیگر انتظامات کی تیاری شروع کر دی جاتی ہے۔ امسال جلسہ گاہ میں QR کوڈ کے ذریعے کارڈز کی تصدیق اور ممبرانِ جماعت احمدیہ یوکے کے لیے AIMS کارڈ کو TAP کرکے جلسہ گاہ میں داخل ہونے کی سہولت کا نظام بھی آزمائشی طور پر استعمال کیا جائے گا۔
اس شعبہ کے تحت تین ٹیمیں خدمات انجام دیتی ہیں، جن میں مرد کارکنان کے ساتھ لجنہ اماء اللہ کی ٹیم بھی شامل ہے۔ مجموعی طور پر ۶۲؍مرد اور ۴۵؍لجنہ کارکنات اس اہم خدمت میں حصہ لیتے ہیں۔ اس شعبہ کے تحت چار شفٹس میں کام کیا جاتا ہے، جن میں ہر شفٹ تقریباً چھ گھنٹے پر مشتمل ہوتی ہے۔ ایک شفٹ میں آٹھ سے دس مرد کارکن جبکہ لجنہ کی جانب سے تقریباً گیارہ سے بارہ کارکنات اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی ہیں۔ شعبہ کے کارکنان روزانہ بریفنگ حاصل کرتے ہیں تاکہ تمام امور بہتر انداز میں سر انجام دیے جا سکیں۔ ان کا بنیادی اصول یہ ہے کہ ہر آنے والے شخص کے ساتھ محبت، خوش اخلاقی اور تعاون کا معاملہ کیا جائے اور کوئی بھی شخص ناراض ہو کر واپس نہ جائے۔ کارکنان حتی المقدور ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس شعبہ کے کارکنان تمام مہمانانِ جلسہ کے لیے محبت اور خلوص کے ساتھ خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں۔ وہ تمام شاملین سے دعا کی درخواست کرتے ہیں اور شعبہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ شعبہ جدید نظام، منظم منصوبہ بندی اور رضاکارانہ خدمت کے جذبے کے ساتھ جلسہ سالانہ برطانیہ کے کامیاب انعقاد میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
