جماعت احمدیہ نائیجیریا کی اٹھہترویں نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو مورخہ ۱۶؍مئی ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ اپنی ۷۸ویں نیشنل مجلس شوریٰ جماعت کے ہیڈکوارٹرز کی مسجد بیت الطاہر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
امسال شوریٰ میں ملک بھر سے منتخب نمائندگان، نیشنل مجلس عاملہ کے اراکین، مبلغین کرام اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ۶۵۲؍افراد نے شرکت کی۔ جبکہ ۱۱؍افراد بطور زائرین شامل ہوئے۔

شوریٰ کے نمائندگان ملک بھر سے جمعہ کے دن ہیڈکوارٹرز میں جمع ہوگئے تاکہ اجلاس میں بروقت شامل ہو سکیں۔
مجلس شوریٰ کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز صبح دس بجےمکرم الحاجی عبد العزیز الاتویے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں شوریٰ کی اہمیت اور اس کے مقاصد کو اجاگر کیا۔ اس کے بعدگذشتہ سال جماعت احمدیہ نائیجیریا پر ہونے والے اللہ تعالیٰ کے فضلوں میں سے چند ایک کا ذکر کیا۔
مجلس شوریٰ کی ۷۷ویں نشست کی کارروائی مکرم جنرل سیکرٹری صاحب نے پڑھ کر سنائی۔ جولائی ۲۰۲۵ء سے اپریل ۲۰۲۶ء تک کی سالانہ جماعتی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔
امسال مجلس شوریٰ سےقبل جو تجاویز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو بھجوائی تھیں، پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ان میں سے ۳؍تجاویز کو مجلس شوریٰ میں شامل کر کے ان پر غور کر کے سفارشات پیش کرنےکاارشاد فرمایا اور ۲؍پر ارشاد فرمایا کے ان پر عمل درآمد کیا جائے۔ تجاویز پر دوران اجلاس سیر حاصل بحث کی گئی اور ایک تجویز کے لیے ایک سب کمیٹی قائم کی گئی۔ نماز ظہر و عصر اورکھانے کے وقفے کے بعد سب کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
سہ پہر ساڑھے چار بجے دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد سیکرٹری مال نے سال ۲۰۲۶ء – ۲۰۲۷ء کا مالی بجٹ پیش کیا۔ اس کے بعد سب کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی اور ممبران شوریٰ نے اس پر اپنی آراء پیش کیں۔ تمام سفارشات کو متفقہ طور پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں منظوری کے لیے بھجوانے پر اتفاق کیا گیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
اگلے دن نماز تہجد اور فجر کی نماز کے بعد مکرم امیر نے اختتامی تقریر کی، دعا کروائی اور سب کو الوادع کیا۔ بعدازاں تمام قافلے واپس روانہ ہوئے اور بخیریت اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ الحمدللہ
(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: برکینا فاسو کے ریجن بوبو جلاسو میں تقریبات آمین کا بابرکت انعقاد




