مقامبری، سیرالیون میں احمدیہ مسجد کا بابرکت افتتاح
ولید احمد صاحب مبلغ سلسلہ مشاکا، سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار کو مشاکا ٹاؤن سے تین کلومیٹر دور ہائی وے پرواقع مقامبری (Makambri) جماعت کی مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے اور تعمیر کروانے کی توفیق ملی۔ مورخہ ۴؍نومبر ۲۰۲۵ء کو سنگ بنیاد ایک سادہ تقریب میں رکھا گیا۔ مسجد کی تکمیل اپریل۲۰۲۶ء میں ہوئی۔ اس مسجد کی تعمیر کا مکمل خرچ مکرم اسد اللہ خالد صاحب مقیم سڈنی، آسٹریلیا نے اٹھایا۔ فجزا ہ اللہ خیراً

مسجد کی تکمیل کے بعد مورخہ ۳؍مئی ۲۰۲۶ء کو افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج سیرالیون تھے۔ آپ نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا تعارف پیش ہوا۔ اس کے بعد غیر احمدی ائمہ اور دیگر مہمانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سارے مہمانوں نے مسجد کی تعمیر پرخوشی کا اظہار کیا۔ چیفڈم سپیکرکا کہنا تھا کہ جماعت احمدیہ بہت اچھا کام کر رہی ہے جنہوں نے بہت سی مساجد بنوائیں ہیں اور آج بھی ایک خوبصورت مسجد کا افتتاح ہے جو ہم سب کے ليے اعزاز کی بات ہے۔ اسی طرح علاقہ کے پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ جماعت احمدیہ نے امن اور پیار کے ليے علاقہ میں بہت کام کیا ہے۔ سیکشن چیف کا کہنا تھا کہ جماعت احمدیہ نے اس گاؤں میں مسجد بنوا کر ہمارے بھائی چارے، پیار و محبت کو مضبوط کیا ہے۔
مکرم مبلغ انچارج صاحب نے مسجد کی ظاہری خوبصورتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کی اصل خوبصورتی نمازیوں سے ہوتی ہے۔ مسجد تعلیم و تربیت کا بہترین ذریعہ ہے، نیز آپ نے جماعتی چندہ شرح کے مطابق ادا کرنے کی تاکید کی۔

تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔
اس تقریب میں بیس غیر ازجماعت ائمہ نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ چیفڈم انسپکٹر، سیکشن چیف، علاقہ کے پولیس انسپکٹر، سیکشن چیف امام، ٹاؤن چیفس اور ۳۱۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ ۹۰؍غیر از جماعت احباب بھی موجود تھے۔ اس طرح شاملین کی کُل تعداد چار صد کے قریب تھی۔ آخر میں سب مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: لٹویا میں جلسہ یوم خلافت کا بابرکت انعقاد




